یہُوداہؔ 1
1
1حضرت یہُوداہؔ کی جانِب سے جو یِسوعؔ المسیح کا خادِم اَور حضرت یعقوب کے بھایٔی ہیں،
خُدا باپ کی طرف سے بُلائے ہویٔے لوگوں کے نام خط جِن سے خُدا نے مَحَبّت کی اَور یِسوعؔ المسیح کے لیٔے محفوظ رکھا ہے۔
2تُمہیں رحم، اِطمینان اَور مَحَبّت کثرت سے حاصل ہوتا رہے۔
گُناہ اَور بے دین لوگوں کا اَنجام
3عزیز دوستوں! جَب مَیں تُمہیں اُس نَجات کے بارے میں لکھنے کا بےحد مُشتاق تھا جِس میں ہم سَب شامل ہیں تو مَیں نے تُمہیں یہ نصیحت لِکھنا ضروُری سمجھا تاکہ تُم اُس ایمان کے لیٔے پُوری جدّوجہد کرو جو خُدا کے مُقدّسین کو ایک ہی بار ہمیشہ کے لیٔے سونپا گیا ہے۔ 4کیونکہ بعض لوگ چوری چھپے تمہارے درمیان بھی گھُس آئے ہیں جِن کی سزا کا بَیان قدیم زمانہ سے ہی کِتابِ مُقدّس میں درج کر دیا گیا تھا۔ یہ لوگ بے دین ہیں اَور ہمارے خُدا کے فضل کو اَپنی شہوت پرستی سے بدل ڈالتے ہیں اَور ہمارے واحد، خُود مُختار آقا یعنی خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کا اِنکار کرتے ہیں۔
5پس اگرچہ تُمہیں یہ سَب باتیں پہلے سے ہی مَعلُوم ہو چُکاہے، پھر بھی میں تُمہیں یاد دِلانا چاہتا ہُوں کہ خُداوؔند یِسوعؔ نے اَپنی قوم کو مُلک مِصر سے چھُڑایا لیکن بعد میں ایمان نہ لانے والوں کو ہلاک کر ڈالا۔ 6اَور جِن فرشتوں نے اَپنے اِختیار والے عہدہ کو قائِم نہ رکھا بَلکہ اَپنے مُقرّر خاص مقام کو چھوڑ دیا، اُنہیں خُدا نے اَزلی زنجیروں میں جکڑ کر عدالت کے دِن تک کے لیٔے جہنّم کی تاریکی میں قَید کر رکھا ہے۔ 7اَور اِسی طرح سدُومؔ اَور عمورہؔ اَور اُن کے آس پاس کے شہروں کے لوگ بھی اُن اِسرائیلیوں کی طرح جنسی بدفعلی کرنے لگے تھے، چنانچہ اَبدی آگ کی سزا پا کر ہمارے لیٔے باعث عِبرت ٹھہرے۔
8ٹھیک اُسی طرح یہ لوگ بھی اَپنے خوابوں کی طاقت میں مُبتلا ہوکر اُن کی طرح اَپنے جِسموں کو ناپاک کرتے ہیں، حُکومت کو ناچیز جانتے ہیں اَور آسمانی مخلُوق پر کُفر بکتے ہیں۔ 9لیکن مُقرّب فرشتہ مِیکاایلؔ نے بھی حضرت مَوشہ کی لاش کے بارے میں اِبلیس سے بحث کرتے وقت اُسے لَعن طَعن کرنے اَور مُلزم ٹھہرانے کی جُرأت نہ کی بَلکہ یہ کہا، ”خُداوؔند تُجھے ملامت کرے۔“ 10مگر یہ لوگ جِن باتوں کا علم بھی نہیں رکھتے، اُن پر بھی لعنت بھیجتے ہیں اَور جِن باتوں کو مِزاجی طور پر سمجھتے ہیں اُن میں اَپنے آپ کو بے عقل جانوروں کی مانند ہلاک کر دیتے ہیں۔
11اِن پر افسوس! کیونکہ یہ لوگ قائِنؔ کی راہ پر چلتے ہیں اَور اُنہُوں نے مالی فائدہ کی خاطِر بِلعاؔم کی سِی غلطی کی ہے اَور قورحؔ کی طرح مُخالفت کرکے ہلاک ہُوئے۔#1:11 گِن 16:1-35
12یہ لوگ تمہارے ساتھ مَحَبّت کی ضیافتوں#1:12 مَحَبّت کی ضیافتوں یعنی عِشائے ربّانی پر ایک داغ ہیں جِن کا ضمیر اُنہیں اِس میں شامل ہوتے وقت تھوڑا بھی مُجرم نہیں ٹھہراتا، یہ اَیسے چرواہے ہیں جو صِرف اَپنا ہی پیٹ بھرتے ہیں۔ یہ لوگ بے پانی کے اُن بادلوں کی طرح ہیں جنہیں ہَوا اُڑا لے جاتی ہے، یہ پَت جھڑ کے اَیسے درخت ہیں جو دو بار مَر چُکے ہیں کیونکہ یہ پھلدار نہیں ہیں اَور اَپنی جڑ سے اُکھڑے ہویٔے ہیں۔ 13یہ سمُندر کی پُرجوش لہریں ہیں جو اَپنی بے شرمی کا جھاگ اُچھالتی ہیں۔ یہ وہ آوارہ گرد سِتارے ہیں جِن کے لیٔے جہنّم کی سخت تاریکی کا مقام دائمی طور پر مُقرّر کر دیا گیا ہے۔
14حضرت حنوخؔ#1:14 حضرت حنوخؔ عربی زبان میں اِنہیں حضرت ادریس کہا جاتا ہے۔ نے بھی جو حضرت آدمؔ سے ساتویں پُشت میں تھے، اِن کے بارے میں نبُوّت کی تھی کہ، ”دیکھو، خُداوؔند اَپنے لاکھوں مُقدّسین کے ساتھ تشریف لا رہے ہیں 15تاکہ سَب لوگوں کا اِنصاف کریں اَور بےدینوں کو اُن کی سَب بدکردار حرکتوں کی خاطِر جو اُنہُوں نے بے دینی سے کیٔے ہیں، اَور اُن سَب بے دین گُنہگاروں کو جنہوں نے خُداوؔند کی مُخالفت میں کُفر بکا ہے اُنہیں مُجرم ٹھہرائے۔“ 16یہ لوگ ہمیشہ بُڑبُڑاتے رہتے شکایت کرتے اَور دُوسروں میں غلطیاں ڈھونڈتے رہتے ہیں۔ یہ اَپنی نَفسانی بدخواہشات کے مُطابق زندگی گزارتے ہیں اَور اَپنے مُنہ سے بڑی شیخی مارتے ہیں اَور اَپنے فائدہ کے لیٔے دُوسروں کی خُوشامد کرتے ہیں۔
صبر رکھنے کی ہدایت
17لیکن اَے عزیز دوستوں! ہمارے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کے رسولوں نے جِن باتوں کو پہلے ہی فرمایا تھا اُنہیں یاد رکھو۔ 18اُنہُوں نے تُم سے کہاتھا، ”آخِری دِنوں میں ٹھٹّھا کرنے والے ظاہر ہوں گے جو اَپنی بے دینی کی خواہشوں کے مُوافق چلیں گے۔“ 19یہی وہ لوگ ہیں جو تِفرقے ڈالتے ہیں۔ یہ نَفسانی لوگ ہیں جِن میں خُدا کی رُوح نہیں ہے۔
20مگر اَے عزیز دوستوں! تُم اَپنے پاک ترین ایمان میں ترقّی کرتے جاؤ، اَور پاک رُوح کی رہنمائی میں دعا کرتے رہو۔ 21اَپنے آپ کو خُدا کی مَحَبّت میں قائِم رکھو اَور اَبدی زندگی کے لیٔے ہمارے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کی رحمت کے مُنتظر رہو۔
22بعض جو شک میں مُبتلا ہیں، اُن پر رحم کرو۔ 23اَور باقی لوگوں کو جو گویا اُس اَبدی عذاب کی آگ میں ہیں اُنہیں جھپٹ کر نکال لو۔ رحم کرتے ہویٔے ہوشیار رہو، اَور اُس پوشاک سے بھی نفرت کرو جو اُن کے بدکار جِسم کے سبب سے داغ دار ہو گئی ہے۔
خُدا کی حَمد
24اَب جو تُمہیں ٹھوکر کھانے سے بچا سَکتا ہے اَور اَپنی پُر جلالی حُضُوری میں بڑی خُوشی کے ساتھ بے عیب بنا کر پیش کر سَکتا ہے۔ 25اُس واحد خُدا کا جو ہمارا مُنجّی ہے، ہمارے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کے وسیلہ سے جلال، قُدرت، سلطنت اَور اِختیار جَیسا اَزل سے ہے، اَب بھی ہو، اَور اَبد تک قائِم رہے۔ آمین۔
موجودہ انتخاب:
یہُوداہؔ 1: UCV
سرخی
شئیر
کاپی

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.