حزقی ایل 7
7
آخِری وقت آ چُکاہے
1یَاہوِہ کا کلام مُجھ پر نازل ہُوا: 2”اَے آدمؔ زاد، یَاہوِہ قادر مُلک اِسرائیل سے یُوں فرماتے ہیں:
” ’ختم ہُوا! مُلک کے چاروں کونوں پر
آخِری وقت آ چُکاہے!
3اَب تیرا آخِری وقت آ چُکاہے
اَور مَیں اَپنا قہر تُجھ پر برساؤں گا۔
مَیں تیرے چال چلن کے مُطابق تیرا اِنصاف کروں گا
اَور تُجھے تیرے تمام مکرُوہ کاموں کی سزا دُوں گا۔
4مَیں تُجھ پر رحم ہی کروں گا؛
نہ میری آنکھ تُجھ سے رعایت ہی کرےگی۔
مَیں تُمہیں تمہارے چال چلن کا اَور اُن مکرُوہ روِشوں کا
جو تُم میں رائج ہیں بدلہ دُوں گا۔
تَب تُم جان لوگے کہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔‘
5”یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں:
” ’آفت!
ایک نئی آفت آ رہی ہے۔
6آخِری وقت آ پہُنچا ہے!
آخِری وقت آ پہُنچا ہے!
وہ تُجھ پر آ گیا ہے۔
وہ آ چُکاہے!
7اَے مُلک میں بسنے والے۔
تیری شامت آ گئی۔
وقت آ چُکاہے۔ وہ دِن قریب ہے،
پہاڑو سے آواز آ رہی ہے، وہ خُوشی کی نہیں بَلکہ دہشت کی ہیں۔
8اَب مَیں اَپنا قہر تُجھ پر اُنڈیلنے کو ہُوں
اَور اَپنا غُصّہ تُجھ پر اُتاروں گا۔
مَیں تیرے چال چلن کے مُطابق تیرا اِنصاف کروں گا
اَور تیری تمام مکرُوہ روِشوں کی سزا دُوں گا۔
9مَیں تُجھ پر رحم ہی کروں گا؛
نہ میری آنکھ تُجھ سے رعایت کرےگی۔
مَیں تُمہیں تمہارے چال چلن کا اَور اُن مکرُوہ روِشوں کا
جو تُم مَیں رائج ہیں بدلہ دُوں گا۔
” ’تُم جان لوگے کہ سزا دینے والا جو ہے وہ مَیں یَاہوِہ ہی ہُوں۔
10” ’دیکھو، وہ دِن یہی ہے!
دیکھو، وہ آن پہُنچا!
شامت آ گئی۔
عصا مَیں کلیاں نکل آئیں۔
غُرور میں غُنچے کھِل گیٔے!
11تشدّد نے بڑھ کر شرارت کے لیٔے
ڈنڈے کا رُوپ لے لیا؛
لوگوں میں سے کویٔی نہ بچے گا،
نہ اِس ہُجوم میں سے کویٔی بچے گا۔
نہ دولت
اَور نہ ہی کویٔی اَور قیمتی شَے۔
12وقت آ پہُنچا ہے۔
وہ دِن قریب ہے۔
نہ تو خریدار خُوش ہو
نہ بیچنے والا رنجیدہ ہو
کیونکہ قہر تمام ہُجوم پر بَرس پڑا ہے۔
13جَب تک دونوں زندہ ہیں،
بیچنے والا اَپنی زمین واپس نہیں پا سَکتا
کیونکہ تمام ہُجوم سے متعلّق رُویا
پلٹائی نہیں جائے گی۔
اَپنے گُناہوں کی وجہ سے،
اُن میں سے کوئی بھی
اَپنی زندگی کو بچا نہ سکےگا۔
14” ’حالانکہ اُنہُوں نے نرسنگا پھُونکا
اَور ہر چیز تیّار کرلی
تَب بھی جنگ کے لیٔے کویٔی نہیں جائے گا
کیونکہ میرا قہر تمام ہُجوم پر ہے۔
15باہر تلوار ہے اَور اَندر وَبا اَور قحط؛
جو دیہات میں ہوں گے
وہ تلوار سے مَریں گے
اَورجو شہر میں ہوں گے
اُنہیں قحط اَور وَبا نگل لیں گے۔
16جو بچ کر بھاگ جایٔیں گے
وہ اَپنے اَپنے گُناہوں کے باعث
وادیوں کے کبُوتروں کی مانند
جو پہاڑوں پر ہوں
نالہ کریں گے۔
17ہر ہاتھ ڈھیلا پڑ جائے گا
اَور ہر گھُٹنا پانی کی مانند کمزور ہو جائے گا۔
18وہ ٹاٹ پہن لیں گے
اَور اُن پر خوف کا لباس پہنایا جائے گا۔
اُن کے چہرے شرمسار ہوں گے
اَور اُن کے سَر منڈوایاجائے گا۔
19” ’وہ اَپنی چاندی سڑکوں پر پھینک دیں گے
اَور اُن کا سونا ناپاک چیز ہوگا۔
یَاہوِہ کے غضب کے دِن
اُن کی چاندی اَور سونا
اُنہیں بچا نہ سکیں گے۔
نہ وہ اُن کی بھُوک مٹا سکیں گے
اَور نہ اُن کا پیٹ بھر سکیں گے
کیونکہ اِسی سے ٹھوکر کھا کر اُنہُوں نے گُناہ کیا۔
20اُنہیں اَپنے خُوبصورت زیورات پر فخر تھا
اَور اُنہیں وہ اَپنے مکرُوہ بُتوں
اَور بے جان شَبیہ بنانے میں اِستعمال کرتے تھے۔
اِس لیٔے میں اُنہیں اُن کے لیٔے ایک ناپاک چیز بنا دُوں گا۔
21میں وہ سَب مالِ غنیمت کے طور پر پردیسیوں کے
اَور لُوٹ کے مال کے طور پر دُنیا کے بدکاروں کے حوالہ کر دُوں گا
اَور وہ اُسے ناپاک کر دیں گے۔
22مَیں اُن سے اَپنا مُنہ پھیر لُوں گا
اَور وہ میرے متبرّک مقام کو ناپاک کر دیں گے،
اُس میں ڈاکُو گھُس آئیں گے
اَور اُسے ناپاک کر دیں گے۔
23” ’زنجیروں بنا
کیونکہ مُلک میں خُونریزی مچی ہُوئی ہے
اَور شہر تشدّد سے پُر ہے۔
24میں نہایت بدترین قوموں کو لے آؤں گا
جو اُن کے مکانات کے مالک بَن جایٔیں گے۔
میں طاقتوروں کا گھمنڈ ختم کر دُوں گا
اَور اُن کے مُقدّس مقامات ناپاک کر دئیے جایٔیں گے۔
25جَب دہشت آئے گی
تَب وہ اَمن ڈھونڈیں گے لیکن نہ پائیں گے۔
26آفت پر آفت آئے گی
اَور افواہ پر افواہ سُنایٔی دے گی۔
وہ نبی سے رُویا طلب کرنے کی کوشش کریں گے،
کاہِنؔ سے شَریعت کی تعلیم
اَور بُزرگوں سے مشورت جاتی رہے گی۔
27بادشاہ ماتم کرےگا،
حُکمراں پر مایوسی چھا جائے گی
اَور مُلک کے باشِندوں کے ہاتھ کانپنے لگیں گے۔
مَیں اُن کے چال چلن کے مُطابق اُن سے سلُوک کروں گا
اَور اُن کے اَپنے مِعیار کے مُطابق اُن کا اِنصاف کروں گا۔
” ’تَب وہ جان لیں گے کہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔‘ “
موجودہ انتخاب:
حزقی ایل 7: UCV
سرخی
کاپی
موازنہ
شئیر
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.