خُروج 2:2-10

خُروج 2:2-10 UCV

اَور وہ حاملہ ہُوئی اَور اُس سے ایک بیٹا پیدا ہُوا۔ جَب اُس نے دیکھا کہ وہ ایک خُوبصورت بچّہ ہے، تو اُس نے تین مہینے تک اُسے چُھپائے رکھا۔ اَور جَب وہ آخِر اُسے زِیادہ دیر چھُپا نہ سکی، تو اُس نے اُس کے لیٔے سَرکنڈوں کا ایک ٹوکرا بنایا اَور اُس پر تارکول اَور رال کا پلستر کیا اَور پھر اُس بچّہ کو اُس میں رکھ کر دریائے نیل کے کنارے سَرکنڈوں میں رکھ آئی۔ اَور اُس کی بہن یہ دیکھنے کے لیٔے کہ اُس کے ساتھ کیا ہوتاہے، کُچھ دُور کھڑی رہی۔ فَرعوہؔ کی بیٹی دریائے نیل میں غُسل کرنے واسطے آئی اَور اُس کی لونڈی سہیلیاں دریا کے کنارے کنارے ٹہل رہی تھیں۔ فَرعوہؔ کی بیٹی نے سَرکنڈوں میں ٹوکرے کو دیکھ کر اَپنی ایک خادِمہ کو بھیجا کہ اُسے اُٹھا لایٔے۔ جَب اُس نے اُسے کھولا تو دیکھا کہ اُس میں بچّہ ہے۔ بچّہ رو رہاتھا اَور اُسے اُس پر رحم آیا اَور اُس نے کہا، ”یہ تو کویٔی عِبرانی بچّہ ہے۔“ تَب اُس بچّہ کی بہن نے فَرعوہؔ کی بیٹی سے پُوچھا، ”کیا میں جا کر کسی عِبرانی عورت کو لے آؤں جو آپ کے لیٔے اِس بچّہ کو دُودھ پِلایا کرے؟“ فَرعوہؔ کی بیٹی نے جَواب دیا، ”ہاں جاؤ!“ اَور وہ لڑکی جا کر اُس بچّہ کی ماں کو بُلا لائی۔ تَب فَرعوہؔ کی بیٹی نے اُس سے کہا، ”اِس بچّہ کو لے جا اَور میرے لیٔے دُودھ پِلا اَور مَیں تُمہیں تمہاری اُجرت دیا کروں گی۔“ لہٰذا وہ عورت اُس بچّہ کو لے جا کر دُودھ پِلانے لگی۔ اَور جَب وہ بچّہ کچھ بڑا ہو گیا تو وہ اُسے فَرعوہؔ کی بیٹی کے پاس لے گئی اَور وہ اُس کا بیٹا بَن گیا اَور اُس نے اُس کا نام یہ کہتے ہویٔے مَوشہ رکھا، ”مَیں نے اُسے پانی سے نکالا۔“