اِستِثنا 2:8-16
اِستِثنا 2:8-16 UCV
اَور یاد رکھو کہ اُن چالیس سالوں مَیں یَاہوِہ تمہارے خُدا نے بیابان کی راہوں میں کِس طرح تمہاری رہنمائی کی تاکہ وہ تُمہیں حلیم بنا سکے، وہ تُمہیں آزماتے رہے تاکہ تمہارے دِل کی بات دریافت کر سکیں کہ تُم اُن کے اَحکام پر عَمل کروگے یا نہیں۔ یَاہوِہ نے تُمہیں حلیم کیا اَور بھُوکا بھی رہنے دیا اَور پھر تُمہیں منّا کھِلایا جِس سے نہ تُم اَور نہ تمہارے آباؤاَجداد واقف تھے تاکہ تُمہیں یہ سِکھائے کہ اِنسان صِرف روٹی ہی سے نہیں لیکن یَاہوِہ کے مُنہ سے نکلنے والے ہر کلام سے زندہ رہتاہے۔ اُن چالیس سالوں میں نہ تو تمہارے جِسم کے کپڑے پھٹے اَور نہ تمہارے پاؤں میں کبھی سُوجن آئی۔ لہٰذا اَپنے دِل میں یہ حقیقت اَچھّی طرح سے بیٹھا لو کہ جِس طرح ایک باپ اَپنے بیٹے کو تنبیہ کرتا ہے اُسی طرح یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں تنبیہ کرتے ہیں۔ اِس لیٔے تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کے اَحکام پر عَمل کرتے ہویٔے اُن کی راہوں پر چلتے ہویٔے اُن کا خوف ماننا۔ کیونکہ یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں ایک بہترین مُلک میں لے جا رہے ہیں جو قُدرتی نالوں اَور پانی کے دریاؤں اَور گہرے چشموں کا مُلک ہے جو وادیوں اَور پہاڑوں میں سے پھوٹ کر نکلتے ہیں۔ اِس مُلک میں گندُم، جَو، انگور، اَنجیر، انار، زَیتُون کا تیل اَور شہد بھی ہیں؛ ایک اَیسا مُلک جہاں روٹی کی قِلّت نہ ہوگی اَور تُم کسی چیز کے مُحتاج نہ ہوگے۔ وہ ایک اَیسا مُلک ہے جِس کی چٹّانوں میں لوح کے ذخیرے ہیں اَور وہاں کے پہاڑوں میں سے تُم تانبا کھود کر نکال سکوگے۔ جَب تُم کھا کر سَیر ہو جاؤ تو یَاہوِہ اَپنے خُدا کی تمجید کرنا کہ اُنہُوں نے تُمہیں بہترین مُلک عنایت کیا ہے۔ لہٰذا خبردار رہو کہیں اَیسا نہ ہو کہ یَاہوِہ اَپنے خُدا کو اَور اُن کے اَحکام، آئین اَور قوانین کو فراموش کر دو، جو آج مَیں تُمہیں دے رہا ہُوں۔ اَیسا نہ ہو کہ جَب تُم کھا کر سَیر ہو جاؤ اَور بہترین مکانات تعمیر کرکے اُن میں رہنے لگو، اَور جَب تمہارے مویشی اَور بھیڑ بکریوں کی تعداد زِیادہ ہو جائے اَور تمہارے پاس چاندی اَور سونے کی مقدار بڑھ جائے اَور تمہاری دولت میں اِضافہ ہو جائے، تَب تمہارے دِلوں میں غُرور کا آنا لازمی ہوگا اَور تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کو فراموش کر دوگے جو تُمہیں مِصر سے یعنی اُس غُلامی کی زندگی سے نکال لایٔے ہیں۔ اُنہُوں نے اُس وسیع اَور خوفناک بیابان میں سے تمہاری رہنمائی کی، جو ایک خشک اَور بے آب مُلک تھا جِس میں زہریلے سانپ اَور بِچھُّو تھے۔ وہاں یَاہوِہ نے تمہارے لیٔے ایک پتھریلی چٹّان میں سے پانی نکالا۔ یَاہوِہ نے بیابان میں تُمہیں کھانے کو منّا دیا جِس سے تمہارے آباؤاَجداد ناواقِف تھے تاکہ یَاہوِہ تُمہیں حلیم کرکے آزمائیں تاکہ آخِر میں تمہاری ہی خیر ہو۔

