اعمال 23:2-41
اعمال 23:2-41 UCV
یہ شخص یِسوعؔ خُدا کے مُقرّرہ اِنتظام اَور علم سابق کے مُطابق پکڑوائے گیٔے؛ تو تُم نے، یِسوعؔ کو بےشَرع کے ہاتھوں، صلیب پر ٹنگوا کر مار ڈالا۔ لیکن خُدا نے یِسوعؔ کو موت کے، شِکنجہ سے چھُڑا کر زندہ کر دیا، کیونکہ یہ ناممکن تھا کہ وہ موت کے قبضہ میں رہتے۔“ کیونکہ حضرت داویؔد یِسوعؔ کے بارے میں فرماتے ہیں: ” ’مَیں خُداوؔند کو ہمیشہ اَپنے سامنے دیکھتا رہا۔ کیونکہ وہ میری داہنی طرف ہے، اِس لیٔے مُجھے جُنبش نہ ہوگی۔ چنانچہ میرا دِل خُوش ہے اَور میری زبان شادمان؛ بَلکہ میرا جِسم بھی اُمّید میں قائِم رہے گا، کیونکہ تُو مُجھے قبر میں چھوڑ نہیں دے گا، اَور نہ ہی اَپنے مُقدّس فرزند کے جِسم کے سَڑنے کی نَوبَت ہی نہ آنے دیں گے۔ تُونے مُجھے زندگی کی راہیں دِکھائیں؛ تُو اَپنے دیدار کی خُوشی سے مُجھے بھر دے گا۔‘ ”اَے بنی اِسرائیل، میں قوم کے بُزرگ داویؔد کے بارے میں تُم سے دِلیری کے ساتھ کہہ سَکتا ہُوں کہ وہ فوت ہویٔے دفن بھی ہویٔے، اَور اُن کی قبر آج بھی ہمارے درمیان مَوجُود ہے۔ لیکن وہ نبی تھے اَور جانتے تھے کہ خُدا نے اُن سے قَسم کھا کر وعدہ کیا ہے کہ اُن کی نَسل میں سے ایک شخص اُن کے تخت پر بیٹھے گا۔ آپ نے بطور پیشین گوئی، حُضُور المسیح کے مُردوں میں سے جی اُٹھنے کا ذِکر کیا، نہ تُو وہ اَپنے فرزند کو قبر میں چھوڑے گا اَور اُن کے جِسم کے سَڑنے کی نَوبَت ہی نہ آنے دیں گے۔ یِسوعؔ کو خُدا نے زندہ کیا اِس کے ہم سَب گواہ ہیں۔ یِسوعؔ خُدا کی داہنی طرف سربُلند ہویٔے، اَور باپ سے پاک رُوح حاصل کیا جِس کا وعدہ کیا گیا تھا۔ یہ اُسی رُوح کا نُزُول ہے جسے تُم دیکھتے اَور سُنتے ہو۔ کیونکہ داویؔد تو آسمان پر نہیں چڑھے پھر بھی وہ خُود فرماتے ہیں، ” ’خُداتعالیٰ نے میرے خُداوؔند سے فرمایا: ”میری داہنی طرف بیٹھو جَب تک کہ مَیں تمہارے دُشمنوں کو تمہارے پاؤں کے نیچے نہ کر دُوں۔“ ‘ ”اِس لیٔے اِسرائیل کا سارا گھرانہ یقین جان لے کہ خُدا نے اُسی یِسوعؔ کو جسے تُم نے صلیب پر مصلُوب کیا، خُداوؔند بھی ٹھہرایا اَور المسیح بھی۔“ یہ باتیں سُن کر اُن کے دِلوں پر چوٹ لگی، تَب اُنہُوں نے پطرس اَور دُوسرے رسولوں سے کہا، ”اَے بھائیو، ہم کیا کریں؟“ پطرس نے اُن سے جَواب دیا، ”تَوبہ کرو اَور تُم میں سے ہر ایک، اَپنے گُناہوں کی مُعافی کے لیٔے یِسوعؔ المسیح کے نام پر پاک غُسل لو۔ تو تُم پاک رُوح اِنعام میں پاؤگے۔ اِس لیٔے یہ وعدہ تُم سے اَور تمہاری اَولاد سے ہے اَور اُن سَب سے بھی ہے جو اُس سے دُور ہیں جنہیں خُداوؔند ہمارا خُدا اَپنے پاس بُلائے گا۔“ پطرس نے اَور بہت سِی باتوں سے خبردار کیا اَور اُنہیں نصیحت فرمائی، ”اَپنے آپ کو اِس گُمراہ قوم سے بچائے رکھو۔“ جنہوں نے پطرس کا پیغام قبُول کیا اُنہیں پاک غُسل دیا گیا، اَور اُس دِن تقریباً تین ہزار آدمیوں کے قریب اُن میں شامل ہو گئے۔

