اعمال 4:1-11
اعمال 4:1-11 UCV
ایک مرتبہ، جَب آپ اُن کے ساتھ کھانا کھا رہے تھے، تو یِسوعؔ نے اُنہیں یہ حُکم دیا: ”یروشلیمؔ سے باہر نہ جانا، اَور میرے باپ کے اُس وعدہ کے پُورا ہونے کا اِنتظار کرنا، جِس کا ذِکر تُم مُجھ سے سُن چُکے ہو۔ کیونکہ حضرت یُوحنّا تو پانی سے پاک غُسل دیتے تھے، لیکن تُم تھوڑے دِنوں کے بعد پاک رُوح سے پاک غُسل پاؤگے۔“ پس جَب وہ سَب ایک جگہ جمع تھے تو اُنہُوں نے یِسوعؔ المسیح سے پُوچھا، ”خُداوؔند! کیا آپ اِسی وقت اِسرائیل کو پھر سے اُس کی بادشاہی عطا کرنے والے ہیں؟“ یِسوعؔ المسیح نے اُن سے فرمایا، ”جِن وقتوں یا میِعادوں کو مُقرّر کرنے کا اِختیار صِرف آسمانی باپ کو ہے اُنہیں جاننا تمہارا کام نہیں۔ لیکن جَب پاک رُوح تُم پر نازل ہوگا تو تُم قُوّت پاؤگے؛ اَور تُم یروشلیمؔ، اَور تمام یہُودیؔہ اَور سامریہؔ میں بَلکہ زمین کی اِنتہا تک میرے گواہ ہوگے۔“ اِن باتوں کے بعد وہ اُن کے دیکھتے دیکھتے آسمان میں اُوپر اُٹھا لیٔے گیٔے۔ اَور بدلی نے یِسوعؔ المسیح کو اُن کی نظروں سے چھُپا لیا۔ جَب وہ ٹِکٹِکی باندھے یِسوعؔ المسیح کو آسمان کی طرف جاتے ہویٔے دیکھ رہے تھے، تو دیکھو دو مَرد سفید لباس میں اُن کے پاس آ کھڑے ہویٔے۔ اَور کہنے لگے، ”اَے گلِیلی مَردو، تُم کھڑے کھڑے آسمان کی طرف کیوں دیکھ رہے ہو؟ یہی یِسوعؔ جو تمہارے پاس سے آسمان پر اُٹھائے گیٔے ہیں، اِسی طرح پھر آئیں گے جِس طرح تُم لوگوں نے یِسوعؔ کو آسمان پر جاتے دیکھاہے۔“


