2 تِیمُتھِیُس 20:2-26

2 تِیمُتھِیُس 20:2-26 UCV

ایک دولتمند گھرانے میں نہ صِرف سونے چاندی کے برتن ہوتے ہیں، بَلکہ، لکڑی اَور مٹّی کے بھی ہوتے ہیں؛ بعض خاص، خاص مَوقعوں کے لیٔے اَور بعض روزانہ اِستعمال کے لیٔے۔ پس اگر کویٔی اَپنے آپ کو اِن بےہوُدہ باتوں سے پاک صَاف رکھےگا تو وہ مخصُوص برتن بنے گا، اَور اَپنے مالک کے لیٔے مفید اَور ہر نیک کام کے لیٔے تیّار ہوگا۔ جَوانی کی بُری خواہشوں سے بھاگ۔ اَورجو لوگ پاک دِل سے خُداوؔند سے دعا کرتے ہیں اُن کے ساتھ مِل کر راستبازی، ایمان، مَحَبّت اَور صُلح کا طالب ہو۔ بےوقُوفی اَور نادانی والی بحثوں سے الگ رہ کیونکہ تُو جانتا ہے کہ اِن سے جھگڑے پیدا ہوتے ہیں۔ اَور خُداوؔند کا خادِم فسادی نہ ہو بَلکہ وہ سَب کے ساتھ نرمی سے پیش آئے، اَور تعلیم دینے کے لائق ہو، اَور نااِنصافی کی حالات میں بھی صبر سے کام لے۔ اَپنے مُخالفوں کو حلیمی سے سمجھائے۔ ممکن ہے کہ خُدا اُنہیں تَوبہ کرنے کی تَوفیق دے اَور وہ حق کو پہچانیں، اَور ہوش میں آئیں اَور شیطان کے پھندے اَور قَید سے چھُوٹ جایٔیں تاکہ شیطان کی نہیں بَلکہ خُدا کی مرضی پُوری کرنے کے لیٔے تابع ہو جایٔیں۔