2 سلاطین 19
19
یروشلیمؔ کی مخلصی کی پیشین گوئی
1اَب جَب حِزقیاہؔ بادشاہ نے سُنا تو اَپنے کپڑے پھاڑے اَور ٹاٹ پہن کر یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں داخل ہُوا۔ 2اُس نے شاہی محل کے دیوان اِلیاقیؔم اَور شبناہؔ مُنشی اَور بڑے کاہِنوں کو ٹاٹ اوڑھ کر یَشعیاہ بِن آموصؔ نبی کے پاس بھیجا۔ 3اَور اُنہُوں نے جا کر یَشعیاہ نبی کو خبر دی، ”حِزقیاہؔ یُوں درخواست کرتے ہیں، آج کا دِن دُکھ، ملامت اَور رُسوائی کا دِن ہے کیونکہ دردِ حَمل کا وقت آ گیا ہے، لیکن ماؤں میں اُنہیں پیدا کرنے کی طاقت نہیں رہ گئی ہے۔ 4ممکن ہے فَوج کے سپہ سالار کی ساری باتیں یَاہوِہ آپ کے خُدا نے سُنی ہوں جسے اُس کے آقا شاہِ اشُور نے زندہ خُدا کی توہین کرنے کے لئے بھیجا تھا، اَور شاید یَاہوِہ آپ کے خُدا اُن باتوں کو سُن کر اُسے ملامت کریں۔ چنانچہ آپ مہربانی کرکے اُن زندہ بچے ہُوئے لوگوں کے واسطے دعا کرو۔“
5جَب حِزقیاہؔ بادشاہ کے خادِم یَشعیاہ نبی کے پاس پہُنچے۔ 6تَب یَشعیاہ نے اُن سے فرمایا، ”اَپنے آقا سے کہنا، ’یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں کہ تُم اُن باتوں کو سُن کر خوفزدہ نہ ہو جو شاہِ اشُور کے آدمیوں نے میری توہین کی غرض سے کہی ہیں۔ 7سُنو، میں اُس میں ایک اَیسی رُوح ڈال دُوں گا کہ وہ ایک افواہ سُنتے ہی اَپنے مُلک کو لَوٹ جائے گا اَور مَیں اُسے اُس کے مُلک میں ہی تلوار سے قتل کروا دوں گا۔‘ “
8جَب فَوجی سپہ سالار نے سُنا کہ شاہِ اشُور لاکیشؔ سے چلا گیا تو وہ لَوٹا اَور بادشاہ کو لِبناہؔ سے جنگ کرتے ہُوئے پایا۔
9پھر صینخربؔ کو اِطّلاع مِلی کہ کُوشؔ کا بادشاہ تِرہاقہؔ اُس سے جنگ کرنے کو نکل چُکاہے۔ لہٰذا اُس نے پھر حِزقیاہؔ کے پاس اَپنے قاصِدوں کو بھیجا اَور کہا: 10”شاہِ یہُودیؔہ حِزقیاہؔ سے کہنا کہ جِس خُدا پر تُم توکّل کرتے ہو، وہ تُمہیں یہ کہہ کر فریب نہ دے، ’وہ یروشلیمؔ کو شاہِ اشُور کے قبضہ میں نہ جانے دے گا۔‘ 11یقیناً تُم نے سُن لیا ہے کہ شاہانِ اشُور نے تمام ممالک کو کیسے تباہ کیا ہے۔ اِس لئے کیا تُم محفوظ رہ سکوگے؟ 12گُوزانؔ، حارانؔ اَور رصفؔ میں رہنے والی جِن قوموں کو اَور تِلاسارؔ میں رہنے والے بنی عدنؔ کو میرے آباؤاَجداد نے ہلاک کیا۔ کیا اُن کے معبُود اُنہیں بچا سکے؟ 13حماتؔ کا بادشاہ، ارفادؔ کا بادشاہ، لیئر کے بادشاہ کہاں ہیں، سِفروائِمؔ شہر کا بادشاہ اَور ہینعؔ اَور عِوّاہؔ کے بادشاہ کہاں گیٔے؟“
حِزقیاہؔ کی دعا
14حِزقیاہؔ نے قاصِدوں سے خط لیا اَور اُسے پڑھا۔ پھر وہ یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں گیا اَور اُسے یَاہوِہ کے حُضُور پھیلا دیا۔ 15اَور حِزقیاہؔ نے یَاہوِہ سے یُوں دعا کی: ”اَے قادرمُطلق یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا جو کروبیم کے درمیان تخت نشین ہیں، زمین کی تمام سلطنتوں کے اکیلے آپ ہی خُدا ہیں۔ آپ ہی آسمان اَور زمین کے خالق ہیں۔ 16اَے یَاہوِہ، اَپنے کان میری طرف لگا کر سُنیں، اَے یَاہوِہ، اَپنی آنکھیں کھولیں اَور دیکھیں، اَور زندہ خُدا کی توہین کرنے کے لیٔے جو پیغام صینخربؔ نے بھیجا ہے اُسے سُن لیں۔
17”اَے یَاہوِہ! یہ تو سچ ہے کہ اشُور کے بادشاہوں نے اُن قوموں کو اَور اُن کے مُلکوں کو تباہ کر دیا ہے۔ 18اُنہُوں نے اُن کے معبُودوں کو آگ میں جَلا کر نِیست و نابود کر دیا کیونکہ وہ خُدا نہ تھے بَلکہ محض لکڑی اَور پتّھر کے بُت تھے جنہیں اِنسانی ہاتھوں نے تراشا تھا۔ 19اَب اَے یَاہوِہ ہمارے خُدا! ہمیں اُس کے ہاتھ سے بچا لیں تاکہ رُوئے زمین کی تمام سلطنتیں جان لیں کہ یَاہوِہ، آپ ہی واحد خُدا ہیں۔“
یَشعیاہ کی صینخربؔ کے ہلاک ہونے کی پیشین گوئی
20تَب یَشعیاہ بِن آموصؔ نے حِزقیاہؔ کے پاس یہ پیغام بھیجا: ”یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا کا یہ فرمان ہے: چونکہ تُم نے شاہِ اشُور صینخربؔ کی بابت مجھ سے دعا کی ہے اُسے مَیں نے سُنا ہے۔“ 21اِس لیٔے یَاہوِہ نے اُس کے حق میں یُوں فرمایا:
” ’اَے صِیّونؔ کی کنواری بیٹی
تُجھے حقیر جان کر تیرا مذاق اُڑاتی ہے۔
یروشلیمؔ کی بیٹی
تیری شِکست کھا کر فرار ہوتی پیٹھ دیکھ کر اَپنا سَر ہلاتی ہے۔
22وہ کون ہے جِس کی تُونے توہین اَور تکفیر کی ہے؟
تُونے کس کے خِلاف اَپنی آواز بُلند کی
اَور تکبُّر سے اَپنی آنکھیں اُوپر اُٹھائیں؟
اِسرائیل کے قُدُّوس کے خِلاف!‘ “
23تُم نے اَپنے قاصِدوں کے ذریعہ
یَاہوِہ کی بےحُرمتی کی ہے۔
تُم نے ڈینگ ماری،
”میں اَپنے کثیر رتھوں کے ساتھ
پہاڑوں کی چوٹیوں پر،
بَلکہ لبانونؔ کی آخِری سرحدوں تک چڑھ آیا ہُوں۔
مَیں نے سَب سے اُونچے دیودار کے درخت کاٹ ڈالے ہیں،
اَور اُس کے عُمدہ صنوبر کو بھی۔
میں اُس کے نہایت ہی دُور دراز کے مقاموں میں داخل ہو چُکا ہُوں،
ہاں اُس کے گھنے جنگلوں میں بھی۔
24مَیں نے پردیسی مُلکوں میں کنوئیں کھودے ہیں
اَور وہاں کا پانی پیا ہے۔
اَور اَپنے پاؤں کے تلووں سے
مِصر کے تمام دریاؤں کو خشک کر ڈالا۔“
25” ’کیا تُم نے نہیں سُنا؟
بہت پہلے سے مَیں نے یہ ٹھانا تھا۔
اَور میرا یہ منصُوبہ قدیم ایّام سے تھا؛
اَب مَیں نے اُسی کو پُورا کیا،
جَب کہ تُم نے فصیلدار شہروں کو
کھنڈر بنا کر رکھ دیا۔
26اِسی وجہ سے اُن لوگوں کی طاقت چھین لی گئی،
اَور وہ دہشت زدہ اَور شرمسار ہو گئے،
وہ کھیتوں میں اُگے ہُوئے پَودوں کی مانند ہیں،
بالکُل نازک ہرے پَودوں کی طرح،
اَور چھتوں پر خُود اُگنے والی گھاس کی مانند،
جو بڑھنے سے پہلے ہی مُرجھا جاتی ہے۔
27” ’لیکن مَیں تمہاری مجلس
اَور آمدورفت کو جانتا ہُوں،
اَور میرے خِلاف تمہاری جھنجھلاہٹ کو بھی جانتا ہُوں۔
28چونکہ تُم مُجھ پر طیش میں آتے ہو
اَور تمہارا تکبُّر میرے کانوں تک پہُنچ گیا ہے،
اِس لیٔے مَیں اَپنی نکیل تمہاری ناک میں
اَور اَپنی لگام تمہارے مُنہ میں ڈالوں گا،
اَور جِس راستہ سے تُم آئے ہو،
مَیں تُمہیں اُسی راستہ سے واپس لَوٹا دوں گا۔‘
29”اَے حِزقیاہؔ تمہارے لیٔے یہ نِشان ہوگا،
”اِس سال تُم وُہی فصل کو کھاؤگے جو خُود بخُود اُگتی ہے:
اَور دُوسرے سال جو اُن میں سے اُگے گی
لیکن تیسرے سال تُم بیج بوؤگے اَور فصل کاٹوگے،
تاکستان لگاؤگے اَور اُن کا پھل کھاؤگے۔
30ایک بار پھر یہُوداہؔ کے گھرانے کے باقی بچے ہُوئے لوگ
پھر سے گہری جڑ پکڑیں گے اَور درخت اُوپر تک پھُولے اَور پھلیں گے۔
31کیونکہ یروشلیمؔ میں سے باقی بچے ہُوئے،
اَور کوہِ صِیّونؔ سے فرار ہُوئے لوگ ہی نکلیں گے۔“
”قادرمُطلق یَاہوِہ کی غیّوری یہ کر دِکھائے گی۔
32”چنانچہ شاہِ اشُور کی بابت یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں:
” ’وہ نہ تو اِس شہر میں داخل ہوگا،
اَور نہ ہی وہ یہاں کویٔی تیر چلانے پایٔےگا۔
وہ ڈھال لے کر اِس کے سامنے نہیں آئے گا
اَور نہ ہی اِس کے خِلاف گھیرا باندھنے کے لیٔے کوئی دمدمہ بنا سکےگا۔
33جِس راستے سے وہ آیا ہے، اُسی راستے سے واپس چلا جائے گا؛
وہ اِس شہر میں ہرگز داخل نہ ہو پایٔےگا۔
یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے۔
34کیونکہ مَیں اَپنے جلال کی خاطِر اَور اَپنے بندہ داویؔد کی خاطِر،
اِس شہر کی حِفاظت کروں گا اَور اِسے بچاؤں گا۔‘ “
35چنانچہ اُسی رات یَاہوِہ کے ایک فرشتہ نے اشُوریوں کی لشکرگاہ میں داخل ہوکر ایک لاکھ پچاسی ہزار فَوجیوں کو مار ڈالا اَور اگلی صُبح کو جَب لوگ اُٹھے تو دیکھا کہ وہاں صِرف لاشیں پڑی ہُوئی ہیں۔ 36لہٰذا شاہِ اشُور صینخربؔ چھوڑکر اَپنے مُلک لَوٹ گیا اَور نینوہؔ شہر میں رہنے لگا۔
37ایک دِن جَب وہ اَپنے معبُود نِسروکؔ کے مَندِر میں پرستش کر رہاتھا تو اُس کے بیٹے ادرمّلکؔ اَور شاریضرؔ نے اُسے تلوار سے قتل کرکے اراراطؔ کے مُلک کو فرار ہو گیٔے اَور اُس کی جگہ پر اُس کا بیٹا اسرحدّونؔ بادشاہ بنا۔
موجودہ انتخاب:
2 سلاطین 19: UCV
سرخی
کاپی
موازنہ
شئیر
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.