1 سلاطین 5
5
بیت المُقدّس کی تیّاریاں
1جَب شاہِ صُورؔ حِیرامؔ نے سُنا کہ شُلومونؔ اَپنے باپ داویؔد کی جگہ بطور بادشاہ مَسح کیا گیا ہے تو اُس نے شُلومونؔ کے پاس اَپنے ایلچی بھیجے کیونکہ داویؔد کے ساتھ اُس کے تعلّقات ہمیشہ دوستانہ رہے تھے۔ 2شُلومونؔ نے حِیرامؔ کے پاس یہ پیغام بھیجا،
3”تُمہیں مَعلُوم ہے کہ میرے باپ داویؔد کے خِلاف تمام قوموں نے چاروں طرف سے جنگ چھیڑ رکھّی تھی اَور جَب تک کہ یَاہوِہ نے اُن کے سارے دُشمنوں کو اُن کے پاؤں کے نیچے نہ کر دیا، تَب تک وہ یَاہوِہ اَپنے خُدا کے نام کی خاطِر ایک بیت المُقدّس تعمیر کرنے میں ناکامیاب ہی رہے تھے۔ 4مگر اَب یَاہوِہ میرے خُدا نے مُجھے چاروں طرف سے آرام بخشا ہے، اَب نہ تو کویٔی میرا مُخالف ہے اَور نہ کویٔی غضب۔ 5لہٰذا جَیسا کہ یَاہوِہ نے میرے باپ داویؔد سے فرمایا تھا، ’تمہارا بیٹا جسے مَیں تمہاری جگہ تمہارے تخت پر بِٹھاؤں گا، وُہی میرے نام کے جلال کی خاطِر بیت المُقدّس تعمیر کرائے گا۔ اِس لیٔے میرا اِرادہ ہے کہ یَاہوِہ اَپنے خُدا کے لیٔے میں ایک بیت المُقدّس تعمیر کراؤں۔‘
6”اِس لیٔے اَب تُم اَپنے خادِموں کو حُکم دو کہ وہ میرے لیٔے لبانونؔ سے دیودار کے درخت کاٹیں۔ میرے آدمی تمہارے آدمیوں کے ساتھ مِل کر کام کریں گے اَور جِتنی بھی اُجرت تُم مُقرّر کروگے مَیں تمہارے آدمیوں کو اَدا کروں گا۔ اَور تُم جانتے ہی ہو کہ ہم لوگوں میں کویٔی بھی اَیسا نہیں جو لکڑی کاٹنے میں صیدونیوں کی طرح ماہر ہو۔“
7جَب حِیرامؔ نے شُلومونؔ کا پیغام سُنا تو وہ بہت خُوش ہُوا اَور کہنے لگا، ”آج یَاہوِہ کی سِتائش ہو جِس نے اِس بڑی قوم پر حُکمرانی کے لیٔے داویؔد کو ایک عقلمند بیٹا بخشا ہے۔“
8تَب حِیرامؔ نے شُلومونؔ کو یہ پیغام بھیجا:
”تُم نے جو پیغام مُجھے بھیجا تھا وہ مُجھے مِل گیا ہے دیودار اَور صنوبر کی لکڑی مُہیّا کرنے کے لیٔے جو کچھ تُم چاہتے ہو میں وہ سَب کروں گا۔ 9میرے آدمی اُن لکڑیوں کو لبانونؔ سے کھینچ کر بڑے سمُندر (بحرِ رُوم) تک لے جایٔیں گے۔ پھر اُن کے بیڑے بندھوا دوں گا تاکہ وہ سمُندر کے راستے سے اُس جگہ پہُنچ جایٔیں جہاں تُم چاہتے ہو۔ وہاں اُن لکڑیوں کو کھُلوا کر الگ الگ کر دیا جائے گا۔ پھر تُم اُنہیں لے جا سکوگے اَور مَیں صِرف یہ چاہتا ہُوں کہ تُم میرے شاہی گھرانے کے لیٔے رسد مُہیّا کرتے رہو۔“
10اِس طرح حِیرامؔ نے شُلومونؔ کو جِتنی دیودار اَور صنوبر کی لکڑیاں چاہئے تھیں مُہیّا کر دیں۔ 11اَور شُلومونؔ نے حِیرامؔ کو اُس کے شاہی گھرانے کے لیٔے بیس ہزار کور#5:11 بیس ہزار کور تقریباً تین ہزار چھ سَو ٹن گیہُوں اَور بیس ہزار بَت#5:11 بیس ہزار بَت تقریباً چار لاکھ چالیس ہزار لیٹر زَیتُون کا تیل بطور رسد مُہیّا کرتا رہا۔ شُلومونؔ کی طرف سے حِیرامؔ کو یہ رسد سال بسال پہُنچتی رہی۔ 12اَور یَاہوِہ نے شُلومونؔ کو اَپنے وعدہ کے مُطابق حِکمت عطا کی، حِیرامؔ اَور شُلومونؔ کے درمیان دوستانہ تعلّقات قائِم رہے کیونکہ اُن دونوں نے باہمی صُلح کا عہد کیا ہُوا تھا۔
13بادشاہ شُلومونؔ نے تمام بنی اِسرائیل میں سے تیس ہزار مزدُور بیگار پر بھرتی کئے۔ 14اُن میں سے ہر ماہ دس ہزار کی ایک ٹولی لبانونؔ بھیجی جاتی تھی۔ اِس طرح ٹولی کے تمام افراد ایک مہینے لبانونؔ میں اَور دو مہینے اَپنے گھر پر گزارتے تھے۔ اَور ادُونِیرامؔ اُن بیگاروں کا نِگراں تھا۔ 15اَور شُلومونؔ کے پاس پہاڑوں میں ستّر ہزار حملہ آور اسّی ہزار سنگ تراش مَوجُود تھے۔ 16اِن سَب کے علاوہ شُلومونؔ کے تین ہزار تین سَو افسران بھی تھے جو سارے کام پر نِگرانی کرتے اَور کام کرنے والوں کو ہدایات دیتے تھے۔ 17بادشاہ کے حُکم پر اُنہُوں نے بڑے بڑے نفیس پتّھروں کو کھود نکالا، تاکہ اِنہیں تراش کر بیت المُقدّس کی بُنیاد کے واسطے اِستعمال کیا جا سکے۔ 18اِس طرح شُلومونؔ اَور حِیرامؔ کے صنعت کاروں اَور گبلیوں کے مزدُوروں نے مِل کر بیت المُقدّس کی تعمیر کرنے کے لیٔے لکڑی اَور پتّھروں کو کاٹا اَور تراش کر تیّار کر دیا۔
موجودہ انتخاب:
1 سلاطین 5: UCV
سرخی
شئیر
کاپی

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.