زبُور 10:78-22

زبُور 10:78-22 URD

اُنہوں نے خُدا کے عہد کو قائِم نہ رکھّا اور اُس کی شرِیعت پر چلنے سے اِنکار کِیا اور اُس کے کاموں کو اور اُس کے عجائِب کو جو اُس نے اُن کو دِکھائے تھے بُھول گئے۔ اُس نے مُلکِ مِصرؔ میں۔ ضُعن کے عِلاقہ میں اُن کے باپ دادا کے سامنے عجِیب و غرِیب کام کِئے۔ اُس نے سمُندر کے دو حِصّے کر کے اُن کو پار اُتارا اور پانی کو تُودہ کی طرح کھڑا کر دِیا۔ اُس نے دِن کو بادل سے اُن کی راہبری کی اور رات بھر آگ کی رَوشنی سے۔ اُس نے بیابان میں چٹانوں کو چِیرا اور اُن کو گویا بحر سے خُوب پِلایا۔ اُس نے چٹان میں سے ندِیاں جاری کِیں اور دریاؤں کی طرح پانی بہایا۔ تَو بھی وہ اُس کے خِلاف گُناہ کرتے ہی گئے اور بیابان میں حق تعالیٰ سے سرکشی کرتے رہے اور اُنہوں نے اپنی خواہش کے مُطابِق کھانا مانگ کر اپنے دِل میں خُدا کو آزمایا بلکہ وہ خُدا کے خِلاف بکنے لگے اور کہا کیا خُدا بیابان میں دسترخوان بِچھا سکتا ہے؟ دیکھو! اُس نے چٹان کو مارا تو پانی پُھوٹ نِکلا اور ندِیاں بہنے لگِیں۔ کیا وہ روٹی بھی دے سکتا ہے؟ کیا وہ اپنے لوگوں کے لِئے گوشت مُہیّا کر دے گا؟ پس خُداوند سُن کر غضب ناک ہُؤا اور یعقُوب کے خِلاف آگ بھڑک اُٹھی اور اِسرائیل پر قہر ٹُوٹ پڑا۔ اِس لِئے کہ وہ خُدا پر اِیمان نہ لائے اور اُس کی نجات پر بھروسا نہ کِیا۔