زبُور 57:119-72

زبُور 57:119-72 URD

(خیتھ) خُداوند میرا بخرہ ہے۔ مَیں نے کہا ہے مَیں تیری باتیں مانُوں گا۔ مَیں پُورے دِل سے تیرے کرم کا خواہاں ہُؤا۔ اپنے کلام کے مُطابِق مُجھ پر رحم کر۔ مَیں نے اپنی راہوں پر غَور کِیا اور تیری شہادتوں کی طرف اپنے قدم موڑے۔ مَیں نے تیرے فرمان ماننے میں جلدی کی اور دیر نہ لگائی۔ شرِیروں کی رسِّیوں نے مُجھے جکڑ لِیا۔ پر مَیں تیری شرِیعت کو نہ بُھولا۔ تیری صداقت کے احکام کے لِئے مَیں آدھی رات کو تیرا شُکر کرنے کو اُٹُھوں گا۔ مَیں اُن سب کا ساتھی ہُوں جو تُجھ سے ڈرتے ہیں اور اُن کا جو تیرے قوانِین کو مانتے ہیں۔ اَے خُداوند! زمِین تیری شفقت سے معمُور ہے۔ مُجھے اپنے آئین سِکھا۔ (طیتھ) اَے خُداوند! تُو نے اپنے کلام کے مُطابِق اپنے بندہ کے ساتھ بھلائی کی ہے۔ مُجھے صحیح اِمتیاز اور دانِش سِکھا کیونکہ مَیں تیرے فرمان پر اِیمان لایا ہُوں۔ مَیں مُصِیبت اُٹھانے سے پہلے گُمراہ تھا پر اب تیرے کلام کو مانتا ہُوں۔ تُو بھلا ہے اور بھلائی کرتا ہے۔ مُجھے اپنے آئین سِکھا۔ مغرُوروں نے مُجھ پر بُہتان باندھا ہے۔ مَیں پُورے دِل سے تیرے قوانِین کو مانُوں گا۔ اُن کے دِل چِکنائی سے فربہ ہو گئے لیکن مَیں تیری شرِیعت میں مسرُور ہُوں۔ اچھّا ہُؤا کہ مَیں نے مُصِیبت اُٹھائی تاکہ تیرے آئِین سِیکھ لُوں۔ تیرے مُنہ کی شرِیعت میرے لِئے سونے چاندی کے ہزاروں سِکّوں سے بہتر ہے۔