زبُور 17:119-40

زبُور 17:119-40 URD

(گِیمل) اپنے بندہ پر اِحسان کر تاکہ مَیں جِیتا رہُوں اور تیرے کلام کو مانتا رہُوں۔ میری آنکھیں کھول دے تاکہ مَیں تیری شرِیعت کے عجائِب دیکھوں۔ مَیں زمِین پر مُسافِر ہُوں۔ اپنے فرمان مُجھ سے پوشِیدہ نہ رکھ۔ میرا دِل تیرے احکام کے اِشتیاق میں ہر وقت تڑپتا رہتا ہے۔ تُو نے اُن ملعُون مغرُوروں کو جِھڑک دِیا جو تیرے فرمان سے بھٹکتے رہتے ہیں۔ ملامت اور حقارت کو مُجھ سے دُور کر دے کیونکہ مَیں نے تیری شہادتیں مانی ہیں اُمرا بھی بَیٹھ کر میرے خِلاف باتیں کرتے رہے لیکن تیرا بندہ تیرے آئِین پر دِھیان لگائے رہا۔ تیری شہادتیں مُجھے مرغُوب اور میری مُشِیر ہیں۔ (دالتھ) میری جان خاک میں مِل گئی۔ تُو اپنے کلام کے مُطابِق مُجھے زِندہ کر۔ مَیں نے اپنی روِشوں کا اِظہار کِیا اور تُو نے مُجھے جواب دِیا۔ مُجھے اپنے آئِین کی تعلِیم دے۔ اپنے قوانِین کی راہ مُجھے سمجھا دے اور مَیں تیرے عجائِب پر دِھیان کرُوں گا۔ غم کے مارے میری جان گُھلی جاتی ہے۔ اپنے کلام کے مُطابِق مُجھے تقوِیت دے۔ جُھوٹ کی راہ سے مُجھے دُور رکھ اور مُجھے اپنی شرِیعت عِنایت فرما۔ مَیں نے وفاداری کی راہ اِختیار کی ہے۔ مَیں نے تیرے احکام اپنے سامنے رکھّے ہیں۔ مَیں تیری شہادتوں سے لِپٹا ہُؤا ہُوں۔ اَے خُداوند! مُجھے شرمِندہ نہ ہونے دے۔ جب تُو میرا حَوصلہ بڑھائے گا تو مَیں تیرے فرمان کی راہ میں دَوڑُوں گا۔ (ھے) اَے خُداوند! مُجھے اپنے آئِین کی راہ بتا اور مَیں آخِر تک اُس پر چلُوں گا۔ مُجھے فہم عطا کر اور مَیں تیری شرِیعت پر چلُوں گا۔ بلکہ مَیں پُورے دِل سے اُس کو مانُوں گا۔ مُجھے اپنے فرمان کی راہ پر چلا کیونکہ اِسی میں میری خُوشی ہے۔ میرے دِل کو اپنی شہادتوں کی طرف رجُوع دِلا نہ کہ لالچ کی طرف۔ میری آنکھوں کو بُطلان پر نظر کرنے سے باز رکھ اور مُجھے اپنی راہوں میں زِندہ کر۔ اپنے بندہ کے لِئے اپنا وہ قَول پُورا کر جِس سے تیرا خَوف پَیدا ہوتا ہے۔ میری ملامت کو جِس سے مَیں ڈرتا ہُوں دُور کر دے کیونکہ تیرے احکام بھلے ہیں۔ دیکھ! مَیں تیرے قوانِین کا مُشتاق رہا ہُوں۔ مُجھے اپنی صداقت سے زِندہ کر۔