امثال 1:23-18

امثال 1:23-18 URD

جب تُو حاکِم کے ساتھ کھانے بَیٹھے تو خُوب غَور کر کہ تیرے سامنے کَون ہے۔ اگر تُو کھاؤُ ہے تو اپنے گلے پر چُھری رکھ دے۔ اُس کے مزہ دار کھانوں کی تمنّا نہ کر کیونکہ وہ دغابازی کا کھانا ہے۔ مال دار ہونے کے لِئے پریشان نہ ہو۔ اپنی اِس دانِش مندی سے باز آ۔ کیا تُو اُس چِیز پر آنکھ لگائے گا جو ہے ہی نہیں؟ کیونکہ دَولت یقِیناً عُقاب کی طرح پر لگا کر آسمان کی طرف اُڑ جاتی ہے۔ تُو تنگ چشم کی روٹی نہ کھا اور اُس کے مزہ دار کھانوں کی تمنّا نہ کر کیونکہ جَیسے اُس کے دِل کے اندیشے ہیں وہ وَیسا ہی ہے۔ وہ تُجھ سے کہتا ہے کھا اور پی لیکن اُس کا دِل تیری طرف نہیں۔ جو نوالہ تُو نے کھایا ہے تُو اُسے اُگل دے گا اور تیری مِیٹھی باتیں بے سُود ہوں گی۔ اپنی باتیں احمق کو نہ سُنا کیونکہ وہ تیرے دانائی کے کلام کی تحِقیر کرے گا۔ قدِیم حدُود کو نہ سرکا اور یتیِموں کے کھیتوں میں دخل نہ کر۔ کیونکہ اُن کا رہائی بخشنے والا زبردست ہے۔ وہ خُود ہی تیرے خِلاف اُن کی وکالت کرے گا۔ تربِیّت پر دِل لگا اور عِلم کی باتیں سُن۔ لڑکے سے تادِیب کو دریغ نہ کر۔ اگر تُو اُسے چھڑی سے مارے گا تو وہ مَر نہ جائے گا۔ تُو اُسے چھڑی سے مارے گا اور اُس کی جان کو پاتال سے بچائے گا۔ اَے میرے بیٹے! اگر تُو دانا دِل ہے تو میرا دِل۔ ہاں میرا دِل خُوش ہو گا۔ اور جب تیرے لبوں سے سچّی باتیں نِکلیں گی تو میرا دِل شادمان ہو گا۔ تیرا دِل گُنہگاروں پر رشک نہ کرے بلکہ تُو دِن بھر خُداوند سے ڈرتا رہ۔ کیونکہ اجر یقِینی ہے اور تیری آس نہیں ٹُوٹے گی۔