امثال 1:22-15

امثال 1:22-15 URD

نیک نام بے قیاس خزانہ سے اور اِحسان سونے چاندی سے بِہتر ہے۔ امِیرو غرِیب ایک دُوسرے سے مِلتے ہیں۔ اُن سب کا خالِق خُداوند ہی ہے۔ ہوشیار بلا کو دیکھ کر چِھپ جاتا ہے لیکن نادان بڑھے چلے جاتے اور نُقصان اُٹھاتے ہیں۔ دَولت اور عِزّت و حیات خُداوند کے خَوف اور فروتنی کا اجر ہیں۔ کج رَوکی راہ میں کانٹے اور پھندے ہیں جو اپنی جان کی نِگہبانی کرتا ہے اُن سے دُور رہے گا۔ لڑکے کی اُس راہ میں تربِیّت کر جِس پر اُسے جانا ہے۔ وہ بُوڑھا ہو کر بھی اُس سے نہیں مُڑے گا۔ مال دار مِسکِین پر حُکمران ہوتا ہے اور قرض لینے والا قرض دینے والے کا نَوکر ہے۔ جو بدی بوتا ہے مُصیِبت کاٹے گا اور اُس کے قہر کی لاٹھی ٹُوٹ جائے گی۔ جو نیک نظر ہے برکت پائے گا کیونکہ وہ اپنی روٹی میں سے مِسکِینوں کو دیتا ہے۔ ٹھٹّھا کرنے والے کو نِکال دے تو فساد جاتا رہے گا۔ ہاں جھگڑا رگڑا اور رُسوائی دُور ہو جائیں گے۔ جو پاک دِلی کو چاہتا ہے اُس کے ہونٹوں میں لُطف ہے اور بادشاہ اُس کا دوست دار ہو گا۔ خُداوند کی آنکھیں عِلم کی حِفاظت کرتی ہیں۔ وہ دغابازوں کے کلام کو اُلٹ دیتا ہے۔ سُست آدمی کہتا ہے باہر شیر کھڑا ہے۔ مَیں گلیوں میں پھاڑا جاؤُں گا۔ بیگانہ عَورت کا مُنہ گہرا گڑھا ہے۔ اُس میں وہ گِرتا ہے جِس سے خُداوند کو نفرت ہے۔ حماقت لڑکے کے دِل سے وابستہ ہے لیکن تربِیّت کی چھڑی اُس کو اُس سے دُور کر دے گی۔