مِیکاہ 1:1-9

مِیکاہ 1:1-9 URD

سامرؔیہ اور یروشلیِم کی بابت خُداوند کا کلام جو شاہانِ یہُوداؔہ یُوتام و آخز و حِزقِیاہ کے ایاّم میں مِیکاؔہ مورشتی پر رویا میں نازِل ہُؤا۔:- اَے سب لوگو سُنو! اے زمِین اور اُس کی معمُوری کان لگاؤ! اور خُداوند خُدا ہاں خُداوند اپنے مُقدّس مَسکِن سے تُم پر گواہی دے۔ کیونکہ دیکھ خُداوند اپنے مسکن سے باہر آتا ہے اور نازِل ہو کر زمِین کے اُونچے مقاموں کو پایمال کرے گا۔ اور پہاڑ اُس کے نِیچے پِگھل جائیں گے اور وادِیاں پھٹ جائیں گی جَیسے موم آگ سے پِگھل جاتا اور پانی کراڑے پر سے بہہ جاتا ہے۔ یہ سب یعقُوب کی خطا اور اِسرائیل کے گھرانے کے گُناہ کا نتِیجہ ہے۔ یعقُوب کی خطا کیا ہے؟ کیا سامریہ نہیں؟ اور یہُوداؔہ کے اُونچے مقام کیا ہیں؟ کیا یروشلِیم نہیں؟ اِس لِئے مَیں سامریہ کو کھیت کے تُودے کی مانِند اور تاکِستان لگانے کی جگہ کی مانِند بناؤُں گا اور مَیں اُس کے پتّھروں کو وادی میں ڈُھلکاؤُں گا اور اُس کی بُنیاد اُکھاڑ دُوں گا۔ اور اُس کی سب کھودی ہُوئی مُورتیں چُور چُور کی جائیں گی اور جو کُچھ اُس نے اُجرت میں پایا آگ سے جلایا جائے گا اور مَیں اُس کے سب بُتوں کو توڑ ڈالُوں گا کیونکہ اُس نے یہ سب کُچھ کسبی کی اُجرت سے پَیدا کِیا ہے اور وہ پِھر کسبی کی اُجرت ہو جائے گا۔ اِس لِئے مَیں ماتم و نَوحہ کرُوں گا۔ مَیں ننگا اور برہنہ ہو کر پِھرُوں گا۔ مَیں گِیدڑوں کی طرح چِلاّؤُں گا اور شُتر مُرغوں کی مانِند غم کرُوں گا۔ کیونکہ اُس کا زخم لاعِلاج ہے۔ وہ یہُوداؔہ تک بھی آیا۔ وہ میرے لوگوں کے پھاٹک تک بلکہ یروشلیِم تک پُہنچا۔