یشُوع 1:11-15

یشُوع 1:11-15 URD

جب حصُور کے بادشاہ یابِین نے یہ سُنا تو اُس نے مدون کے بادشاہ یُوباب اور سِمروؔن کے بادشاہ اور اکشاؔف کے بادشاہ کو۔ اور اُن بادشاہوں کو جو شِمال کی طرف کوہِستانی مُلک اور کِنّرت کے جنُوب کے مَیدان اور نشیب کی زمِین اور مغرِب کی طرف دور کی مُرتفع زمِین میں رہتے تھے۔ اور مشرِق اور مغرِب کے کنعانِؔیوں اور امورِیوں اور حتِّیوں اور فرزِّیوں اور کوہِستانی مُلک کے یبُوسیوں اور حوِیّوں کو جو حرمُوؔن کے نِیچے مِصفاہ کے مُلک میں رہتے تھے بُلوا بھیجا۔ تب وہ اور اُن کے ساتھ اُن کے لشکر یعنی ایک انبوہِ کثِیر جو تعداد میں سمُندر کے کنارے کی ریت کی مانِند تھا بُہت سے گھوڑوں اور رتھوں کو ساتھ لے کر نِکلے۔ اور یہ سب بادشاہ مِل کر آئے اور اُنہوں نے میرُوؔم کی جِھیل پر اِکٹّھے ڈیرے ڈالے تاکہ اِسرائیلِیوں سے لڑیں۔ تب خُداوند نے یشُوع سے کہا اُن سے نہ ڈر کیونکہ کل اِس وقت مَیں اُن سب کو اِسرائیلیوں کے سامنے مار کر ڈال دُوں گا۔ تُو اُن کے گھوڑوں کی کُونچیں کاٹ ڈالنا اور اُن کے رتھ آگ سے جلا دینا۔ چُنانچہ یشُوع اور سب جنگی مَرد اُس کے ساتھ میرُوؔم کی جِھیل پر ناگہان اُن کے مُقابلہ کو آئے اور اُن پر ٹُوٹ پڑے۔ اور خُداوند نے اُن کو اِسرائیلیوں کے قبضہ میں کر دِیا سو اُنہوں نے اُن کو مارا اور بڑے صَیدا اور مِسرفات المائِم اور مشرِق میں مِصفاہ کی وادی تک اُن کو رگیدا اور قتل کِیا یہاں تک کہ اُن میں سے ایک بھی باقی نہ چھوڑا۔ اور یشُوع نے خُداوند کے حُکم کے مُوافِق اُن سے کِیا کہ اُن کے گھوڑوں کی کُونچیں کاٹ ڈالِیں اور اُن کے رتھ آگ سے جلا دِئے۔ پِھر یشُوع اُسی وقت لَوٹا اور اُس نے حصُور کو سر کر کے اُس کے بادشاہ کو تلوار سے مارا کیونکہ اگلے وقت میں حصُور اُن سب سلطنتوں کا سردار تھا۔ اور اُنہوں نے اُن سب لوگوں کو جو وہاں تھے تہِ‌تیغ کر کے اُن کو بِالکُل ہلاک کر دِیا۔ وہاں کوئی مُتنِفّس باقی نہ رہا۔ پِھر اُس نے حصُور کو آگ سے جلا دِیا۔ اور یشُوؔع نے اُن بادشاہوں کے سب شہروں کو اور اُن شہروں کے سب بادشاہوں کو لے کر اور اُن کو تہِ‌تیغ کر کے بِالکُل ہلاک کر دِیا جَیسا خُداوند کے بندہ مُوسیٰ نے حُکم کِیا تھا۔ لیکن جو شہر اپنے ٹِیلوں پر بنے ہُوئے تھے اُن میں سے کِسی کو اِسرائیلیوں نے نہیں جلایا سِوا حصُور کے جِسے یشُوع نے پُھونک دِیا تھا۔ اور اُن شہروں کے تمام مالِ غنِیمت اور چَوپایوں کو بنی اِسرائیل نے اپنے واسطے لُوٹ میں لے لِیا لیکن ہر ایک آدمی کو تلوار کی دھار سے قتل کِیا یہاں تک کہ اُن کو نابُود کر دِیا اور ایک مُتنِفّس کو بھی باقی نہ چھوڑا۔ جَیسا خُداوند نے اپنے بندہ مُوسیٰ کو حُکم دِیا تھا وَیسا ہی مُوسیٰ نے یشُوع کو حُکم دِیا اور یشُوع نے وَیسا ہی کِیا اور جو جو حُکم خُداوند نے مُوسیٰ کو دِیا تھا اُن میں سے کِسی کو اُس نے بغَیر پُورا کِئے نہ چھوڑا۔