پِھر خُداوند نے اپنے لوگوں سے فرمایا مَیں تُم کو اناج اور نئی مَے اور تیل عطا فرماؤُں گا اور تُم اُن سے سیر ہو گے اور مَیں پِھر تُم کو قَوموں میں رُسوا نہ کرُوں گا۔ اور شِمالی لشکر کو تُم سے دُور کرُوں گا اور اُسے خُشک بیابان میں ہانک دُوں گا۔ اُس کے اگلے مشرِقی سمُندر میں اور پِچھلے مغرِبی سمُندر میں ہوں گے۔ اُس سے بدبُو اُٹھے گی اور عفُونت پَھیلے گی کیونکہ اُس نے بڑی گُستاخی کی ہے۔ اَے زمِین ہِراسان نہ ہو۔ خُوشی اور شادمانی کر کیونکہ خُداوند نے بڑے بڑے کام کِئے ہیں۔ اَے دشتی جانورو ہِراسان نہ ہو کیونکہ بیابان کی چراگاہ سبز ہوتی ہے اور درخت اپنا پَھل لاتے ہیں۔ انجِیر اور تاک اپنی پُوری پَیداوار دیتے ہیں۔ پس اَے بنی صِیُّون خُوش ہو اور خُداوند اپنے خُدا میں شادمانی کرو کیونکہ وہ تُم کو پہلی برسات اِعتدال سے بخشے گا۔ وُہی تُمہارے لِئے بارِش یعنی پہلی اور پِچھلی برسات بر وقت بھیجے گا۔ یہاں تک کہ کھلِیہان گیہُوں سے بھر جائیں گے اور حَوض نئی مَے اور تیل سے لبریز ہوں گے۔ اور اُن برسوں کا حاصِل جو میری تُمہارے خِلاف بھیجی ہُوئی فَوجِ ملخ نِگل گئی اور کھا کر چٹ کر گئی تُم کو واپس دُوں گا۔ اور تُم خُوب کھاؤ گے اور سیر ہو گے اور خُداوند اپنے خُدا کے نام کی جِس نے تُم سے عجِیب سلُوک کِیا سِتایش کرو گے اور میرے لوگ ہرگِز شرمِندہ نہ ہوں گے۔ تب تُم جانو گے کہ مَیں اِسرائیل کے درمِیان ہُوں اور مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں اور کوئی دُوسرا نہیں اور میرے لوگ کبھی شرمِندہ نہ ہوں گے۔ اور اِس کے بعد مَیں ہر فردِ بشر پر اپنی رُوح نازِل کرُوں گا اور تُمہارے بیٹے بیٹِیاں نبُوّت کریں گے۔ تُمہارے بُوڑھے خواب اور جوان رویا دیکھیں گے۔ بلکہ مَیں اُن ایّام میں غُلاموں اور لَونڈیوں پر اپنی رُوح نازِل کرُوں گا۔ اور مَیں زمِین و آسمان میں عجائِب ظاہِر کرُوں گا یعنی خُون اور آگ اور دُھوئیں کے سُتُون۔ اِس سے پیشتر کہ خُداوند کا خَوفناک روزِ عظِیم آئے آفتاب تارِیک اور مہتاب خُون ہو جائے گا۔ اور جو کوئی خُداوند کا نام لے گا نجات پائے گا کیونکہ کوہِ صِیُّون اور یروشلیِم میں جَیسا خُداوند نے فرمایا ہے بچ نِکلنے والے ہوں گے اور باقی لوگوں میں وہ جِن کو خُداوند بُلاتا ہے۔
پڑھیں یُوایل 2
سنیں یُوایل 2
شئیر
مختلف ترجموں سے موازنہ: یُوایل 19:2-32
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos