صِیُّون میں نرسِنگا پُھونکو۔ میرے کوہِ مُقدّس پر سانس باندھ کر زور سے پُھونکو۔ مُلک کے تمام باشِندے تھرتھرائیں کیونکہ خُداوند کا روز چلا آتا ہے بلکہ آ پُہنچا ہے۔ اندھیرے اور تارِیکی کا روز۔ ابرِ سِیاہ اور ظُلمات کا روز ہے۔ ایک بڑی اور زبردست اُمّت جِس کی مانِند نہ کبھی ہُوئی اور نہ سالہایِ دراز تک اُس کے بعد ہو گی پہاڑوں پر صُبح صادِق کی طرح پَھیل جائے گی۔ گویا اُن کے آگے آگے آگ بھسم کرتی جاتی ہے اور اُن کے پِیچھے پِیچھے شُعلہ جلاتا جاتا ہے۔ اُن کے آگے زمِین باغِ عدؔن کی مانِند ہے اور اُن کے پِیچھے وِیران بیابان ہے۔ ہاں اُن سے کُچھ نہیں بچتا۔ اُن کی نمُود گھوڑوں کی سی ہے اور سواروں کی مانِند دَوڑتے ہیں۔ پہاڑوں کی چوٹِیوں پر رتھوں کے کھڑکھڑانے اور بُھوسے کو بھسم کرنے والے شُعلۂِ آتِش کے شور کی مانِند بُلند ہوتے ہیں۔ وہ جنگ کے لِئے صف بستہ زبردست قَوم کی مانِند ہیں۔ اُن کے رُوبرُو لوگ تھرتھراتے ہیں۔ سب چِہروں کا رنگ فق ہو جاتا ہے۔ وہ پہلوانوں کی طرح دَوڑتے اور جنگی مَردوں کی طرح دِیواروں پر چڑھ جاتے ہیں۔ سب اپنی اپنی راہ پر چلتے ہیں اور صف نہیں توڑتے۔ وہ ایک دُوسرے کو نہیں دھکیلتے۔ ہر ایک اپنی راہ پر چلا جاتا ہے۔ وہ جنگی ہتھیاروں سے گُذر جاتے ہیں اور بے ترتِیب نہیں ہوتے۔ وہ شہر میں کُود پڑتے اور دِیواروں اور گھروں پر چڑھ کر چوروں کی طرح کِھڑکیوں سے گُھس جاتے ہیں۔ اُن کے سامنے زمِین و آسمان کانپتے اور تھرتھراتے ہیں۔ سُورج اور چاند تارِیک اور سِتارے بے نُور ہو جاتے ہیں۔ اور خُداوند اپنے لشکر کے سامنے للکارتا ہے کیونکہ اُس کا لشکر بے شُمار ہے اور اُس کے حُکم کو انجام دینے والا زبردست ہے کیونکہ خُداوند کا روزِ عظِیم نِہایت خَوفناک ہے۔ کَون اُس کی برداشت کر سکتا ہے؟ لیکن خُداوند فرماتا ہے اب بھی پُورے دِل سے اور روزہ رکھ کر اور گِریہ و زاری و ماتم کرتے ہُوئے میری طرف رجُوع لاؤ۔ اور اپنے کپڑوں کو نہیں بلکہ دِلوں کو چاک کر کے خُداوند اپنے خُدا کی طرف مُتوجّہِ ہو کیونکہ وہ رحِیم و مِہربان قہر کرنے میں دِھیما اور شفقت میں غنی ہے اور عذاب نازِل کرنے سے باز رہتا ہے۔ کَون جانتا ہے کہ وہ باز رہے اور برکت باقی چھوڑے جو خُداوند تُمہارے خُدا کے لِئے نذر کی قُربانی اور تپاون ہو۔ صِیُّون میں نرسِنگا پُھونکو اور روزہ کے لِئے ایک دِن مُقدّس کرو۔ مُقدّس محفِل فراہم کرو۔ تُم لوگوں کو جمع کرو۔ جماعت کو مُقدّس کرو۔ بزُرگوں کو اِکٹّھا کرو۔ بچّوں اور شِیرخواروں کو بھی فراہم کرو۔ دُلہا اپنی کوٹھری سے اور دُلہن اپنے خلوت خانہ سے نِکل آئے۔ کاہِن یعنی خُداوند کے خادِم ڈیوڑھی اور قُربان گاہ کے درمِیان گِریہ و زاری کریں اور کہیں اَے خُداوند اپنے لوگوں پر رحم کر اور اپنی مِیراث کی تَوہِین نہ ہونے دے۔ اَیسا نہ ہو کہ دُوسری قَومیں اُن پر حُکُومت کریں۔ وہ اُمّتوں کے درمیان کیوں کہیں کہ اُن کا خُدا کہاں ہے؟
پڑھیں یُوایل 2
سنیں یُوایل 2
شئیر
مختلف ترجموں سے موازنہ: یُوایل 1:2-17
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos