ایُّوب 1:38-18

ایُّوب 1:38-18 URD

تب خُداوند نے ایُّوب کو بگولے میں سے یُوں جواب دیا:- یہ کَون ہے جو نادانی کی باتوں سے مصلحت پر پردہ ڈالتا ہے؟ مَرد کی مانِند اب اپنی کمر کس لے کیونکہ مَیں تُجھ سے سوال کرتا ہُوں اور تُو مُجھے بتا۔ تُو کہاں تھا جب مَیں نے زمِین کی بُنیاد ڈالی؟ تُو دانِش مند ہے تو بتا۔ کیا تُجھے معلُوم ہے کِس نے اُس کی ناپ ٹھہرائی؟ یا کِس نے اُس پر سُوت کھینچا؟ کِس چِیز پر اُس کی بُنیاد ڈالی گئی؟ یا کِس نے اُس کے کونے کا پتّھر بِٹھایا جب صُبح کے سِتارے مِل کر گاتے تھے اور خُدا کے سب بیٹے خُوشی سے للکارتے تھے؟ یا کِس نے سمُندر کو دروازوں سے بند کِیا جب وہ اَیسا پُھوٹ نِکلا گویا رَحِم سے۔ جب مَیں نے بادل کو اُس کا لِباس بنایا اور گہری تارِیکی کو اُس کا لپیٹنے کا کپڑا اور اُس کے لِئے حد ٹھہرائی اور بینڈے اور کِواڑ لگائے اور کہا یہاں تک تُو آنا پر آگے نہیں اور یہاں تیری بِپھرتی ہُوئی مَوجیں رُک جائیں گی؟ کیا تُو نے اپنی عُمر میں کبھی صُبح پر حُکمرانی کی اور کیا تُو نے فجر کو اُس کی جگہ بتائی تاکہ وہ زمِین کے کناروں پر قبضہ کرے اور شرِیر لوگ اُس میں سے جھاڑ دِئے جائیں؟ وہ اَیسے بدلتی ہے جَیسے مُہر کے نیچے چِکنی مِٹّی اور تمام چِیزیں کپڑے کی طرح نُمایاں ہو جاتی ہیں۔ اور شرِیروں سے اُن کی رَوشنی روک لی جاتی ہے اور بُلند بازُو توڑا جاتا ہے۔ کیا تُو سمُندر کے سوتوں میں داخِل ہُؤا ہے؟ یا گہراؤ کی تھاہ میں چلا ہے؟ کیا مَوت کے پھاٹک تُجھ پر ظاہِر کر دِئے گئے ہیں؟ یا تُو نے مَوت کے سایہ کے پھاٹکوں کو دیکھ لِیا ہے؟ کیا تُو نے زمِین کی چَوڑائی کو سمجھ لِیا ہے؟ اگر تُو یہ سب جانتا ہے تو بتا۔