یسعیاہ 1:49-13

یسعیاہ 1:49-13 URD

اَے جزِیرو میری سُنو! اَے اُمّتو جو دُور ہو کان لگاؤ! خُداوند نے مُجھے رَحِم ہی سے بُلایا۔ بطنِ مادر ہی سے اُس نے میرے نام کا ذِکر کِیا۔ اور اُس نے میرے مُنہ کو تیز تلوار کی مانِند بنایا اور مُجھ کو اپنے ہاتھ کے سایہ تلے چِھپایا اُس نے مُجھے تیرِ آب دار کِیا اور اپنے ترکش میں مُجھے چِھپا رکھّا۔ اور اُس نے مُجھ سے کہا تُو میرا خادِم ہے۔ تُجھ میں اَے اِسرائیل مَیں اپنا جلال ظاہِر کرُوں گا۔ تب مَیں نے کہا مَیں نے بے فائِدہ مشقّت اُٹھائی۔ مَیں نے اپنی قُوّت بے فائِدہ بطالت میں صَرف کی تَو بھی یقِیناً میرا حق خُداوند کے ساتھ اور میرا اجر میرے خُدا کے پاس ہے۔ چُونکہ مَیں خُداوند کی نظر میں جلِیلُ القدر ہُوں اور وہ میری توانائی ہے اِس لِئے وہ جِس نے مُجھے رَحِم ہی سے بنایا تاکہ اُس کا خادِم ہو کر یعقُوبؔ کو اُس کے پاس واپس لاؤُں اور اِسرائیل کو اُس کے پاس جمع کرُوں یُوں فرماتا ہے۔ ہاں خُداوند فرماتا ہے کہ یہ تو ہلکی سی بات ہے کہ تُو یعقُوبؔ کے قبائِل کو برپا کرنے اور محفُوظ اِسرائیلِیوں کو واپس لانے کے لِئے میرا خادِم ہو بلکہ مَیں تُجھ کو قَوموں کے لِئے نُور بناؤُں گا کہ تُجھ سے میری نجات زمِین کے کناروں تک پُہنچے۔ خُداوند اِسرائیل کا فِدیہ دینے والا اور اُس کا قُدُّوس اُس کو جِسے اِنسان حقِیر جانتا ہے اور جِس سے قَوم کو نفرت ہے اور جو حاکِموں کا چاکر ہے یُوں فرماتا ہے کہ بادشاہ دیکھیں گے اور اُٹھ کھڑے ہوں گے اور اُمرا سِجدہ کریں گے۔ خُداوند کے لِئے جو صادِقُ القَول اور اِسرائیل کا قُدُّوس ہے جِس نے تُجھے برگُزِیدہ کِیا ہے۔ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ مَیں نے قبُولِیّت کے وقت تیری سُنی اور نجات کے دِن تیری مدد کی اور مَیں تیری حِفاظت کرُوں گا اور لوگوں کے لِئے تُجھے ایک عہد ٹھہراؤُں گا تاکہ مُلک کو بحال کرے اور وِیران مِیراث وارِثوں کو دے۔ تاکہ تُو قَیدیوں کو کہے کہ نِکل چلو اور اُن کو جو اندھیرے میں ہیں کہ اپنے آپ کو دِکھلاؤ۔ وہ راستوں میں چریں گے اور سب ننگے ٹِیلے اُن کی چراگاہیں ہوں گے۔ وہ نہ بُھوکے ہوں گے نہ پِیاسے اور نہ گرمی اور دُھوپ سے اُن کو ضرر پُہنچے گا کیونکہ وہ جِس کی رحمت اُن پر ہے اُن کا رہنُما ہو گا اور پانی کے سوتوں کی طرف اُن کی رہبری کرے گا۔ اور مَیں اپنے سارے کوہِستان کو ایک راستہ بنا دُوں گا اور میری شاہراہیں اُونچی کی جائیں گی۔ دیکھ یہ دُور سے اور یہ شِمال اور مغرِب سے اور یہ سِینِیم کے مُلک سے آئیں گے۔ اَے آسمانو گاؤ! اَے زمِین شادمان ہو! اَے پہاڑو نغمہ پردازی کرو! کیونکہ خُداوند نے اپنے لوگوں کو تسلّی بخشی ہے اور اپنے رنجُوروں پر رحم فرمائے گا۔