یسعیاہ 1:28-13

یسعیاہ 1:28-13 URD

افسوس اِفرائِیم کے متوالوں کے گھمنڈ کے تاج پر اور اُس کی شان دار شَوکت کے مُرجھائے ہُوئے پُھول پر جو اُن لوگوں کی شاداب وادی کے سِرے پر ہے جو مَے کے مغلُوب ہیں! دیکھو خُداوند کے پاس ایک زبردست اور زورآور شخص ہے جو اُس آندھی کی مانِند جِس کے ساتھ اولے ہوں اور بادِ سمُوم کی مانِند اور سَیلابِ شدِید کی مانِند زمِین پر ہاتھ سے پٹک دے گا۔ اِفرائِیم کے متوالوں کے گھمنڈ کا تاج پامال کِیا جائے گا۔ اور اُس شان دار شَوکت کا مُرجھایا ہُؤا پُھول جو اُس شاداب وادی کے سِرے پر ہے پہلے پکّے انجِیر کی مانِند ہو گا جو گرمی کے ایّام سے پیشتر لگے جِس پر کِسی کی نِگاہ پڑے اور وہ اُسے دیکھتے ہی اور ہاتھ میں لیتے ہی نِگل جائے۔ اُس وقت ربُّ الافواج اپنے لوگوں کے بقِیّہ کے لِئے شَوکت کا افسر اور حُسن کا تاج ہو گا۔ اور عدالت کی کُرسی پر بَیٹھنے والے کے لِئے اِنصاف کی رُوح اور پھاٹکوں سے لڑائی کو دفع کرنے والوں کے لِئے توانائی ہو گا۔ لیکن یہ بھی مَے خواری سے ڈگمگاتے اور نشہ میں لڑکھڑاتے ہیں۔ کاہِن اور نبی بھی نشہ میں چُور اور مَے میں غرق ہیں۔ وہ نشہ میں جُھومتے ہیں۔ وہ رویا میں خطا کرتے اور عدالت میں لغزِش کھاتے ہیں۔ کیونکہ سب دسترخوان قَے اور گندگی سے بھرے ہیں۔ کوئی جگہ باقی نہیں۔ وہ کِس کو دانِش سِکھائے گا؟ کِس کو وعظ کر کے سمجھائے گا؟ کیا اُن کو جِن کا دُودھ چُھڑایا گیا جو چھاتِیوں سے جُدا کِئے گئے؟ کیونکہ حُکم پر حُکم۔ حُکم پر حُکم۔ قانُون پر قانُون۔ قانُون پر قانُون ہے۔ تھوڑا یہاں تھوڑا وہاں۔ لیکن وہ بے گانہ لبوں اور اجنبی زُبان سے اِن لوگوں سے کلام کرے گا۔ جِن کو اُس نے فرمایا یہ آرام ہے۔ تُم تھکے ماندوں کو آرام دو اور یہ تازگی ہے پر وہ شِنوا نہ ہُوئے۔ پس خُداوند کا کلام اُن کے لِئے حُکم پر حُکم۔ حُکم پر حُکم۔ قانُون پر قانُون۔ قانُون پر قانُون۔ تھوڑا یہاں تھوڑا وہاں ہو گا تاکہ وہ چلے جائیں اور پِیچھے گِریں اور شِکست کھائیں اور دام میں پھنسیں اور گرِفتار ہوں۔