تب لابنؔ اور بیتوایلؔ نے جواب دِیا کہ یہ بات خُداوند کی طرف سے ہُوئی ہے۔ ہم تُجھے کُچھ بُرا یا بھلا نہیں کہہ سکتے۔ دیکھ رِبقہؔ تیرے سامنے مَوجُود ہے۔ اُسے لے اور جا اور خُداوند کے قَول کے مُطابِق اپنے آقا کے بیٹے سے اُسے بیاہ دے۔ جب ابرہامؔ کے نوکر نے اُن کی باتیں سُنیں تو زمِین تک جُھک کر خُداوند کو سِجدہ کِیا۔ اور نوکر نے چاندی اور سونے کے زیور اور لِباس نِکال کر رِبقہؔ کو دِئے اور اُس کے بھائی اور اُس کی ماں کو بھی قیمتی چِیزیں دِیں۔ اور اُس نے اور اُس کے ساتھ کے آدمِیوں نے کھایا پِیا اور رات بھر وہِیں رہے۔ صُبح کو وہ اُٹھے اور اُس نے کہا کہ مُجھے میرے آقا کے پاس روانہ کر دو۔ رِبقہؔ کے بھائی اور ماں نے کہا کہ لڑکی کو کُچھ روز کم سے کم دس روز ہمارے پاس رہنے دے۔ اِس کے بعد وہ چلی جائے گی۔ اُس نے اُن سے کہا کہ مُجھے نہ روکو کیونکہ خُداوند نے میرا سفر مُبارک کِیا ہے۔ مُجھے رُخصت کر دو تاکہ مَیں اپنے آقا کے پاس جاؤں۔ اُنہوں نے کہا ہم لڑکی کو بُلا کر پُوچھتے ہیں کہ وہ کیا کہتی ہے۔ تب اُنہوں نے رِبقہؔ کو بُلا کر اُس سے پُوچھا کیا تُو اِس آدمی کے ساتھ جائے گی؟ اُس نے کہا جاؤں گی۔ تب اُنہوں نے اپنی بہن رِبقہؔ اور اُس کی دایہ اور ابرہامؔ کے نوکر اور اُس کے آدمِیوں کو رُخصت کِیا۔ اور اُنہوں نے رِبقہؔ کو دُعا دی اور اُس سے کہا اَے ہماری بہن تُو لاکھوں کی ماں ہو اور تیری نسل اپنے کِینہ رکھنے والوں کے پھاٹک کی مالِک ہو۔ اور رِبقہؔ اور اُس کی سہیلِیاں اُٹھ کر اُونٹوں پر سوار ہُوئِیں اور اُس آدمی کے پِیچھے ہو لِیں۔ سو وہ آدمی رِبقہؔ کو ساتھ لے کر روانہ ہُؤا۔ اور اِضحاقؔ بیر لَحیؔ روئی سے ہو کر چلا آ رہا تھا کیونکہ وہ جنُوب کے مُلک میں رہتا تھا۔ اور شام کے وقت اِضحاقؔ سوچنے کو مَیدان میں گیا اور اُس نے جو اپنی آنکھیں اُٹھائِیں اور نظر کی تو کیا دیکھتا ہے کہ اُونٹ چلے آ رہے ہیں۔ اور رِبقہؔ نے نِگاہ کی اور اِضحاقؔ کو دیکھ کر اُونٹ پر سے اُتر پڑی۔ اور اُس نے نوکر سے پُوچھا کہ یہ شخص کَون ہے جو ہم سے مِلنے کو مَیدان میں چلا آ رہا ہے؟ اُس نوکر نے کہا یہ میرا آقا ہے۔ تب اُس نے بُرقع لے کر اپنے اُوپر ڈال لِیا۔ نوکر نے جو جو کِیا تھا سب اِضحاقؔ کو بتایا۔ اور اِضحاقؔ رِبقہ کو اپنی ماں سارؔہ کے ڈیرے میں لے گیا۔ تب اُس نے رِبقہؔ سے بیاہ کر لِیا اور اُس سے مُحبّت کی اور اِضحاقؔ نے اپنی ماں کے مَرنے کے بعد تسلّی پائی۔
پڑھیں پَیدائش 24
سنیں پَیدائش 24
شئیر
مختلف ترجموں سے موازنہ: پَیدائش 50:24-67
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos