پَیدائش 1:12-7

پَیدائش 1:12-7 URD

اور خُداوند نے ابرامؔ سے کہا کہ تُو اپنے وطن اور اپنے ناتے داروں کے بیچ سے اور اپنے باپ کے گھر سے نِکل کر اُس مُلک میں جا جو مَیں تجھے دِکھاؤں گا۔ اور مَیں تُجھے ایک بڑی قَوم بناؤں گا اور برکت دُوں گا اور تیرا نام سرفراز کرُوں گا۔ سو تُو باعِثِ برکت ہو! جو تُجھے مُبارک کہیں اُن کو مَیں برکت دُوں گا اور جو تُجھ پر لَعنت کرے اُس پر مَیں لَعنت کرُوں گا اور زمِین کے سب قبیِلے تیرے وسِیلہ سے برکت پائیں گے۔ سو ابرامؔ خُداوند کے کہنے کے مُطابِق چل پڑا اور لُوؔط اُس کے ساتھ گیا اور ابرامؔ پچھتّر برس کا تھا جب وہ حارانؔ سے روانہ ہُؤا۔ اور ابرامؔ نے اپنی بِیوی سارَیؔ اور اپنے بھتیجے لُوطؔ کو اور سب مال کو جو اُنہوں نے جمع کِیا تھا اور اُن آدمِیوں کو جو اُن کو حارانؔ میں مِل گئے تھے ساتھ لِیا اور وہ مُلکِ کنعانؔ کو روانہ ہُوئے۔ اور مُلکِ کنعانؔ میں آئے۔ اور ابرامؔ اُس مُلک میں سے گذرتا ہُؤا مقامِ سِکمؔ میں مورؔہ کے بلُوطؔ تک پُہنچا۔ اُس وقت مُلک میں کنعانی رہتے تھے۔ تب خُداوند نے ابرامؔ کو دِکھائی دے کر کہا کہ یِہی مُلک مَیں تیری نسل کو دُوں گا اور اُس نے وہاں خُداوند کے لِئے جو اُسے دِکھائی دِیا تھا ایک قُربان گاہ بنائی۔