۲-سموئیل 26:22-51

۲-سموئیل 26:22-51 URD

رحم دِل کے ساتھ تُو رحِیم ہو گا اور کامِل آدمی کے ساتھ کامِل۔ نیکوکار کے ساتھ نیک ہو گا اور کَج رَو کے ساتھ ٹیڑھا۔ مُصِیبت زدہ لوگوں کو تُو بچائے گا۔ پر تیری آنکھیں مغرُوروں پر لگی ہیں تاکہ تُو اُنہیں نِیچا کرے۔ کیونکہ اَے خُداوند! تُو میرا چراغ ہے اور خُداوند میرے اندھیرے کو اُجالا کر دے گا۔ کیونکہ تیری بدَولت مَیں فَوج پر دھاوا کرتا ہُوں اور اپنے خُدا کی بدَولت دِیوار پھاند جاتا ہُوں۔ لیکن خُدا کی راہ کامِل ہے۔ خُداوند کا کلام تایا ہُؤا ہے۔ وہ اُن سب کی سِپر ہے جو اُس پر بھروسا رکھتے ہیں۔ کیونکہ خُداوند کے سِوا اَور کَون خُدا ہے؟ اور ہمارے خُدا کو چھوڑ کر اَور کَون چٹان ہے؟ خُدا میرا مضبُوط قلعہ ہے۔ وہ اپنی راہ میں کامِل شخص کی راہنُمائی کرتا ہے۔ وہ اُس کے پاؤں ہرنِیوں کے سے بنا دیتا ہے اور مُجھے میری اُونچی جگہوں میں قائِم کرتا ہے۔ وہ میرے ہاتھوں کو جنگ کرنا سِکھاتا ہے یہاں تک کہ میرے بازُو پِیتل کی کمان کو جُھکا دیتے ہیں۔ تُو نے مُجھ کو اپنی نجات کی سِپر بھی بخشی اور تیری نرمی نے مُجھے بزُرگ بنایا ہے۔ تُو نے میرے نِیچے میرے قدم کُشادہ کر دِئے اور میرے پاؤں نہیں پِھسلے۔ مَیں نے اپنے دُشمنوں کا پِیچھا کر کے اُن کو ہلاک کِیا اور جب تک وہ فنا نہ ہو گئے مَیں واپس نہیں آیا۔ مَیں نے اُن کو فنا کر دِیا اور اَیسا چھید ڈالا ہے کہ وہ اُٹھ نہیں سکتے بلکہ وہ تو میرے پاؤں کے نِیچے گِرے پڑے ہیں۔ کیونکہ تُو نے لڑائی کے لِئے مُجھے قُوّت سے کمربستہ کِیا اور میرے مُخالِفوں کو میرے سامنے زیر کِیا۔ تُو نے میرے دُشمنوں کی پُشت میری طرف پھیر دی تاکہ مَیں اپنے عداوت رکھنے والوں کو کاٹ ڈالُوں۔ اُنہوں نے اِنتظار کِیا پر کوئی نہ تھا جو بچائے بلکہ خُداوند کا بھی اِنتِظار کِیا پر اُس نے اُن کو جواب نہ دِیا تب مَیں نے اُن کو کُوٹ کُوٹ کر زمِین کی گرد کی مانِند کر دِیا۔ مَیں نے اُن کو گلی کُوچوں کی کِیچڑ کی طرح رَوند رَوند کر چاروں طرف پَھیلا دِیا۔ تُو نے مُجھے میری قَوم کے جھگڑوں سے بھی چُھڑایا۔ تُو نے مُجھے قَوموں کا سردار ہونے کے لِئے رکھ چھوڑا ہے۔ جِس قَوم سے مَیں واقِف بھی نہیں وہ میری مُطِیع ہو گی۔ پردیسی میرے تابِع ہو جائیں گے۔ وہ میرا نام سُنتے ہی میری فرمانبرداری کریں گے۔ پردیسی مُرجھا جائیں گے اور اپنے قلعوں سے تھرتھراتے ہُوئے نِکلیں گے۔ خُداوند زِندہ ہے۔ میری چٹان مُبارک ہو! اور خُدا میری نجات کی چٹان مُمتاز ہو! وُہی خُدا جو میرا اِنتِقام لیتا ہے اور اُمّتوں کو میرے تابِع کر دیتا ہے اور مُجھے میرے دُشمنوں کے بِیچ سے نِکالتا ہے۔ ہاں تُو مُجھے میرے مُخالِفوں پر سرفراز کرتا ہے۔ تُو مُجھے تُند خُو آدمی سے رہائی دیتا ہے۔ اِس لِئے اَے خُداوند! مَیں قَوموں کے درمِیان تیری شُکرگُذاری اور تیرے نام کی مدح سرائی کرُوں گا۔ وہ اپنے بادشاہ کو بڑی نجات عِنایت کرتا ہے اور اپنے ممسُوح داؤُد اور اُس کی نسل پر ہمیشہ شفقت کرتا ہے۔