۲-سموئیل 1:22-25

۲-سموئیل 1:22-25 URD

جب خُداوند نے داؤُد کو اُس کے سب دُشمنوں اور ساؤُل کے ہاتھ سے رہائی دی تو اُس نے خُداوند کے حضُور اِس مضمُون کا گِیت سُنایا۔ وہ کہنے لگا:- خُداوند میری چٹان اور میرا قلعہ اور میرا چُھڑانے والا ہے۔ خُدا میری چٹان ہے۔ مَیں اُسی پر بھروسا رکُھّوں گا۔ وُہی میری سِپر اور میری نجات کا سِینگ ہے۔ میرا اُونچا بُرج اور میری پناہ ہے۔ میرے نجات دینے والے! تُو ہی مُجھے ظُلم سے بچاتا ہے۔ مَیں خُداوند کو جو سِتایش کے لائِق ہے پُکارُوں گا۔ یُوں مَیں اپنے دُشمنوں سے بچایا جاؤُں گا۔ کیونکہ مَوت کی مَوجوں نے مُجھے گھیرا۔ بیدِینی کے سَیلابوں نے مُجھے ڈرایا۔ پاتال کی رسِّیاں میرے چَوگِرد تِھیں۔ مَوت کے پھندے مُجھ پر آ پڑے تھے۔ اپنی مُصِیبت میں مَیں نے خُداوند کو پُکارا۔ مَیں اپنے خُدا کے حضُور چِلاّیا۔ اُس نے اپنی ہَیکل میں سے میری آواز سُنی اور میری فریاد اُس کے کان میں پُہنچی۔ تب زمِین ہِل گئی اور کانپ اُٹھی اور آسمان کی بُنیادوں نے جُنبِش کھائی اور ہِل گئِیں۔ اِس لِئے کہ وہ غضب ناک ہُؤا۔ اُس کے نتھنوں سے دُھواں اُٹھا اور اُس کے مُنہ سے آگ نِکل کر بھسم کرنے لگی۔ کوئلے اُس سے دہک اُٹھے۔ اُس نے آسمانوں کو بھی جُھکا دِیا اور نِیچے اُتر آیا اور اُس کے پاؤں تلے گہری تارِیکی تھی۔ وہ کرُّوبی پر سوار ہو کر اُڑا اور ہوا کے بازُوؤں پر دِکھائی دیا اور اُس نے اپنے چَوگِرد تارِیکی کو اور پانی کے اِجتماع اور آسمان کے دَلدار بادلوں کو شامِیانے بنایا۔ اُس جھلک سے جو اُس کے آگے آگے تھی آگ کے کوئلے سُلگ گئے۔ خُداوند آسمان سے گرجا اور حق تعالیٰ نے اپنی آواز سُنائی۔ اُس نے تِیر چلا کر اُن کو پراگندہ کِیا۔ اور بِجلی سے اُن کو شِکست دی۔ تب خُداوند کی ڈانٹ سے۔ اُس کے نتھنوں کے دَم کے جھونکے سے۔ سمُندر کی تھاہ دِکھائی دینے لگی اور جہان کی بُنیادیں نمُودار ہُوئِیں۔ اُس نے اُوپر سے ہاتھ بڑھا کر مُجھے تھام لِیا اور مُجھے بُہت پانی میں سے کھینچ کر باہر نِکالا۔ اُس نے میرے زورآور دُشمن اور میرے عداوت رکھنے والوں سے مُجھے چُھڑا لِیا کیونکہ وہ میرے لِئے نِہایت زبردست تھے۔ وہ میری مُصِیبت کے دِن مُجھ پر آ پڑے پر خُداوند میرا سہارا تھا۔ وہ مُجھے کُشادہ جگہ میں نِکال بھی لایا۔ اُس نے مُجھے چُھڑایا۔ اِس لِئے کہ وہ مُجھ سے خُوش تھا۔ خُداوند نے میری راستی کے مُوافِق مُجھے جزا دی اور میرے ہاتھوں کی پاکِیزگی کے مُطابِق مُجھے بدلہ دِیا۔ کیونکہ مَیں خُداوند کی راہوں پر چلتا رہا اور شرارت سے اپنے خُدا سے الگ نہ ہُؤا کیونکہ اُس کے سارے فَیصلے میرے سامنے تھے اور مَیں اُس کے آئِین سے برگشتہ نہ ہُؤا۔ مَیں اُس کے حضُور کامِل بھی رہا اور اپنی بدکاری سے باز رہا۔ اِسی لِئے خُداوند نے مُجھے میری راستی کے مُوافِق بلکہ میری اُس پاکِیزگی کے مُطابِق جو اُس کی نظر کے سامنے تھی بدلہ دِیا۔