۲-سلاطِین 15:14-27

۲-سلاطِین 15:14-27 URD

اور یہُوآؔس کے باقی کام جو اُس نے کِئے اور اُس کی قُوّت اور جَیسے شاہِ یہُوداؔہ امصِیاؔہ سے لڑا سو کیا وہ اِسرائیلؔ کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں قلم بند نہیں؟ اور یہُوآؔس اپنے باپ دادا کے ساتھ سو گیا اور اِسرائیلؔ کے بادشاہوں کے ساتھ سامرِؔیہ میں دفن ہُؤا اور اُس کا بیٹا یرُبعاؔم اُس کی جگہ بادشاہ ہُؤا۔ اور شاہِ یہُوداؔہ یُوآؔس کا بیٹا امصِیاؔہ شاہِ اِسرائیلؔ یہُوآؔخز کے بیٹے یہُوآؔس کے مَرنے کے بعد پندرہ برس جِیتا رہا۔ اور امصِیاؔہ کے باقی کام سو کیا وہ یہُوداؔہ کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں قلم بند نہیں؟ اور اُنہوں نے یروشلیِم میں اُس کے خِلاف سازِش کی سو وہ لکِیس کو بھاگا لیکن اُنہوں نے لکِیس تک اُس کا پِیچھا کر کے وہِیں اُسے قتل کِیا۔ اور وہ اُسے گھوڑوں پر لے آئے اور وہ یروشلیِم میں اپنے باپ دادا کے ساتھ داؤُد کے شہر میں دفن ہُؤا۔ اور یہُوداؔہ کے سب لوگوں نے عزرؔیاہ کو جو سولہ برس کا تھا اُس کے باپ امصِیاؔہ کی جگہ بادشاہ بنایا۔ اور بادشاہ کے اپنے باپ دادا کے ساتھ سو جانے کے بعد اُس نے ایلاؔت کو بنایا اور اُسے پِھر یہُوداؔہ کی مُملکت میں داخِل کر لِیا۔ اور شاہِ یہُوداؔہ یُوآؔس کے بیٹے امصِیاؔہ کے پندرھویں برس سے شاہِ اِسرائیلؔ یہُوآؔس کا بیٹا یرُبعاؔم سامرِیہ میں بادشاہی کرنے لگا۔ اُس نے اِکتالِیس برس بادشاہی کی۔ اور اُس نے خُداوند کی نظر میں بدی کی۔ وہ نباط کے بیٹے یرُبعاؔم کے اُن سب گُناہوں سے جِن سے اُس نے اِسرائیلؔ سے گُناہ کرایا باز نہ آیا۔ اور اُس نے خُداوند اِسرائیلؔ کے خُدا کے اُس سُخن کے مُطابِق جو اُس نے اپنے بندہ اور نبی یُوؔناہ بِن امِتَّی کی معرفت جو جات حِفر کا تھا فرمایا تھا اِسرائیلؔ کی حدّ کو حَمات کے مدخل سے مَیدان کے دریا تک پِھر پُہنچا دِیا۔ اِس لِئے کہ خُداوند نے اِسرائیلؔ کے دُکھ کو دیکھا کہ وہ بُہت سخت ہے کیونکہ نہ تو کوئی بند کِیا ہُؤا نہ آزاد چُھوٹا ہُؤا رہا اور نہ کوئی اِسرائیلؔ کا مددگار تھا۔ اور خُداوند نے یہ تو نہیں فرمایا تھا کہ مَیں رُویِ زمِین پر سے اِسرائیلؔ کا نام مِٹا دُوں گا۔ سو اُس نے اُن کو یہُوآؔس کے بیٹے یرُبعاؔم کے وسِیلہ سے رہائی دی۔