پہلے اُسی دِن داؤُد نے یہ ٹھہرایا کہ خُداوند کا شُکر آسف اور اُس کے بھائی بجا لایا کریں۔ خُداوند کی شُکرگُذاری کرو۔ اُس سے دُعا کرو۔ قَوموں کے درمیان اُس کے کاموں کا اِشتہار دو۔ اُس کے حضُور گاؤ۔ اُس کی مدح سرائی کرو۔ اُس کے سب عجِیب کاموں کا چرچا کرو۔ اُس کے پاک نام پر فخر کرو۔ جو خُداوند کے طالِب ہیں اُن کا دِل خُوش رہے۔ تُم خُداوند اور اُس کی قُوّت کے طالِب ہو۔ تُم سدا اُس کے دِیدار کے طالِب رہو۔ تُم اُس کے عجِیب کاموں کو جو اُس نے کِئے۔ اور اُس کے مُعجِزوں اور مُنہ کے آئِین کو یاد رکھّو۔ اَے اُس کے بندہ اِسرائیلؔ کی نسل! اَے بنی یعقُوب جو اُس کے برگُزِیدہ ہو! وہ خُداوند ہمارا خُدا ہے۔ تمام رُویِ زمِین پر اُس کے آئِین ہیں۔ سدا اُس کے عہد کو یاد رکھّو اور ہزار پُشتوں تک اُس کے کلام کو جو اُس نے فرمایا۔ اُسی عہد کو جو اُس نے ابرہامؔ سے باندھا اور اُس قَسم کو جو اُس نے اِضحاقؔ سے کھائی جِسے اُس نے یعقُوبؔ کے لِئے آئِین کے طَور پر اور اِسرائیلؔ کے لِئے ابدی عہد کے طَور پر قائِم کِیا۔ یہ کہہ کر کہ مَیں کنعاؔن کا مُلک تُجھ کو دُوں گا۔ وہ تُمہارا مَورُوثی حِصّہ ہو گا۔ اُس وقت تُم شُمار میں تھوڑے تھے بلکہ بُہت ہی تھوڑے اور مُلک میں پردیسی تھے۔ وہ ایک قَوم سے دُوسری قَوم میں اور ایک مُملکت سے دُوسری مُملکت میں پِھرتے رہے۔ اُس نے کِسی شخص کو اُن پر ظُلم کرنے نہ دِیا بلکہ اُن کی خاطِر بادشاہوں کو تنبِیہ کی کہ تُم میرے ممسُوحوں کو نہ چھُوؤ اور میرے نبِیوں کو نہ ستاؤ۔ اَے سب اہلِ زمِین! خُداوند کے حضُور گاؤ۔ روز بروز اُس کی نجات کی بشارت دو۔ قَوموں میں اُس کے جلال کا۔ سب لوگوں میں اُس کے عجائِب کا بیان کرو۔ کیونکہ خُداوند بزُرگ اور نِہایت سِتایش کے لائِق ہے۔ وہ سب معبُودوں سے زِیادہ مُہِیب ہے۔ اِس لِئے کہ اور قَوموں کے سب معبُود محض بُت ہیں لیکن خُداوند نے آسمانوں کو بنایا۔ عظمت اور جلال اُس کے حضُور میں ہیں اور اُس کے ہاں قُدرت اور شادمانی ہیں۔ اَے قَوموں کے قبِیلو! خُداوند کی خُداوند ہی کی تمجِید و تعظِیم کرو۔ خُداوند کی اَیسی تمجِید کرو جو اُس کے نام کے شایاں ہے۔ ہدیہ لاؤ اور اُس کے حضُور آؤ۔ پاک آرایش کے ساتھ خُداوند کو سِجدہ کرو۔ اَے سب اہلِ زمِین! اُس کے حضُور کانپتے رہو۔ جہان قائِم ہے اور اُسے جُنبِش نہیں۔ آسمان خُوشی منائے اور زمِین شادمان ہو۔ وہ قَوموں میں اِعلان کریں کہ خُداوند سلطنت کرتا ہے۔ سمُندر اور اُس کی معمُوری شور مچائے۔ مَیدان اور جو کُچھ اُس میں ہے باغ باغ ہو۔ تب جنگل کے درخت خُوشی سے خُداوند کے حضُور گانے لگیں گے۔ کیونکہ وہ زمِین کا اِنصاف کرنے کو آ رہا ہے۔ خُداوند کا شُکر کرو اِس لِئے کہ وہ نیک ہے۔ کیونکہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔ تُم کہو اَے ہماری نجات کے خُدا ہم کو بچا لے اور قَوموں میں سے ہم کو جمع کر اور اُن سے ہم کو رہائی دے تاکہ ہم تیرے قُدُّوس نام کا شُکر کریں اور للکارتے ہُوئے تیری سِتایش کریں۔ خُداوند اِسرائیلؔ کا خُدا ازل سے ابد تک مُبارک ہو! اور سب لوگ بول اُٹھے آمِین اور اُنہوں نے خُداوند کی سِتایش کی۔
پڑھیں ۱-توارِیخ 16
سنیں ۱-توارِیخ 16
شئیر
مختلف ترجموں سے موازنہ: ۱-توارِیخ 7:16-36
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos