Psalm 19:1-9

آسمان خُدا کا جلال ظاہِر کرتا ہے اور فضا اُس کی دست کاری دِکھاتی ہے۔ دِن سے دِن بات کرتا ہے اور رات کو رات حِکمت سِکھاتی ہے۔ نہ بولنا ہے نہ کلام۔ نہ اُن کی آواز سنائی دیتی ہے۔ اُن کا سُر ساری زمِین پر اور اُن کا کلام دُنیا کی اِنتہا تک پُہنچا ہے۔ اُس نے آفتاب کے لِئے اُن میں خَیمہ لگایا ہے جو دُلہے کی مانِند اپنے خلوت خانہ سے نِکلتا ہے اور پہلوان کی طرح اپنی دَوڑ میں دَوڑنے کو خُوش ہے۔ وہ آسمان کی اِنتہا سے نِکلتا ہے اور اُس کی گشت اُس کے کناروں تک ہوتی ہے اور اُس کی حرارت سے کوئی چِیز بے بہرہ نہیں۔ خُداوند کی شرِیعت کامِل ہے۔ وہ جان کو بحال کرتی ہے۔ خُداوند کی شہادت برحق ہے۔ نادان کو دانِش بخشتی ہے۔ خُداوند کے قوانِین راست ہیں۔ وہ دِل کو فرحت پُہنچاتے ہیں۔ خُداوند کا حُکم بے عَیب ہے۔ وہ آنکھوں کو رَوشن کرتا ہے۔ خُداوند کا خَوف پاک ہے۔ وہ ابد تک قائِم رہتا ہے۔ خُداوند کے احکام برحق اور بالکُل راست ہیں۔
زبُور 19:1-9