Isaiah 55:1-7

اَے سب پِیاسو پانی کے پاس آؤ اور وہ بھی جِس کے پاس پَیسہ نہ ہو۔ آؤ مول لو اور کھاؤ۔ ہاں آؤ! مَے اور دُودھ بے زر اور بے قِیمت خرِیدو۔ تُم کِس لِئے اپنا رُوپیہ اُس چِیز کے لِئے جو روٹی نہیں اور اپنی مِحنت اُس چِیز کے واسطے جو آسُودہ نہیں کرتی خرچ کرتے ہو؟ تُم غَور سے میری سُنو اور وہ چِیز جو اچّھی ہے کھاؤ اور تُمہاری جان فربَہی سے لذّت اُٹھائے۔ کان لگاؤ اور میرے پاس آؤ۔ سُنو اور تُمہاری جان زِندہ رہے گی اور مَیں تُم کو ابدی عہد یعنی داؤُد کی سچّی نِعمتیں بخشُوں گا۔ دیکھو مَیں نے اُسے اُمّتوں کے لِئے گواہ مُقرّر کِیا بلکہ اُمّتوں کا پیشوا اور فرماں روا۔ دیکھ تُو ایک اَیسی قَوم کو جِسے تُو نہیں جانتا بُلائے گا اور ایک اَیسی قَوم جو تُجھے نہیں جانتی تھی خُداوند تیرے خُدا اور اِسرائیل کے قُدُّوس کی خاطِر تیرے پاس دَوڑی آئے گی کیونکہ اُس نے تُجھے جلال بخشا ہے۔ جب تک خُداوند مِل سکتا ہے اُس کے طالِب ہو۔ جب تک وہ نزدِیک ہے اُسے پُکارو۔ شرِیر اپنی راہ کو ترک کرے اور بدکردار اپنے خیالوں کو اور وہ خُداوند کی طرف پِھرے اور وہ اُس پر رحم کرے گا اور ہمارے خُدا کی طرف کیونکہ وہ کثرت سے مُعاف کرے گا۔
یسعیاہ 55:1-7