زکریاہ 7:13-9
زکریاہ 7:13-9 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
اَے تلوار میرے چرواہے کے خِلاف بیدار ہو! یعنی اُس شخص کے خِلاف جو میرا قریبی رفیق ہے! یہ قادرمُطلق یَاہوِہ کا فرمان ہے، چرواہے کو قتل کرو، تاکہ بھیڑیں مُنتشر ہو جایٔیں، اَور مَیں چُھوٹے بچّوں پر اَپنا ہاتھ اُٹھاؤں گا۔ یَاہوِہ کا فرمان ہے، سارے مُلک میں، دو تہائی لوگ قتل کئے جایٔیں گے اَور ہلاک ہوں گے؛ پھر بھی ایک تہائی لوگ مُلک میں بچے رہیں گے۔ اُس ایک تہائی لوگوں کو میں آگ میں ڈال کر چاندی کی طرح صَاف کروں گا اَور اُنہیں اَیسے جانچوں گا جَیسے سونے کو جانچا جاتا ہے۔ وہ میرے نام سے دعا کریں گے اَور مَیں اُنہیں جَواب دُوں گا۔ مَیں کہُوں گا، یہ میری اُمّت ہیں، اَور وہ کہیں گے، یَاہوِہ ہی ہمارے خُدا ہیں۔
زکریاہ 7:13-9 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
رب الافواج فرماتا ہے، ”اے تلوار، جاگ اُٹھ! میرے گلہ بان پر حملہ کر، اُس پر جو میرے قریب ہے۔ گلہ بان کو مار ڈال تاکہ بھیڑبکریاں تتر بتر ہو جائیں۔ مَیں خود اپنے ہاتھ کو چھوٹوں کے خلاف اُٹھاؤں گا۔“ رب فرماتا ہے، ”پورے ملک میں لوگوں کے تین حصوں میں سے دو حصوں کو مٹایا جائے گا۔ دو حصے ہلاک ہو جائیں گے اور صرف ایک ہی حصہ بچا رہے گا۔ اِس بچے ہوئے حصے کو مَیں آگ میں ڈال کر چاندی یا سونے کی طرح پاک صاف کروں گا۔ تب وہ میرا نام پکاریں گے، اور مَیں اُن کی سنوں گا۔ مَیں کہوں گا، ’یہ میری قوم ہے،‘ اور وہ کہیں گے، ’رب ہمارا خدا ہے‘۔“
زکریاہ 7:13-9 کِتابِ مُقادّس (URD)
ربُّ الافواج فرماتا ہے اَے تلوار تُو میرے چرواہے یعنی اُس اِنسان پر جو میرا رفِیق ہے بیدار ہو۔ چرواہے کو مار کہ گلّہ پراگندہ ہو جائے اور مَیں چھوٹوں پر ہاتھ چلاؤُں گا۔ اور خُداوند فرماتا ہے سارے مُلک میں دو تِہائی قتل کِئے جائیں گے اور مَریں گے لیکن ایک تِہائی بچ رہیں گے۔ اور مَیں اِس تِہائی کو آگ میں ڈال کر چاندی کی طرح صاف کرُوں گا اور سونے کی طرح تاؤُں گا۔ وہ مُجھ سے دُعا کریں گے اور مَیں اُن کی سنُوں گا۔ مَیں کہُوں گا یہ میرے لوگ ہیں اور وہ کہیں گے خُداوند ہی ہمارا خُدا ہے۔