طِطُس 1:1-4
طِطُس 1:1-4 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
پَولُسؔ کی جانِب سے جو خُدا کا خادِم اَور یِسوعؔ المسیح کا رسول ہے۔ خُدا نے مُجھے اَپنے برگُزیدہ لوگوں کے ایمان اَور حق کے عِرفان میں ترقّی کی خاطِر مُنتخب کیا تاکہ وہ دینداری کی طرف رُجُوع کریں۔ جو اَبدی زندگی کی اُمّید پر قائِم ہے جِس کا وعدہ خُود خُدا نے شروع زمانہ سے پیشتر ہی کر دیا تھا، جو کبھی جھُوٹ نہیں بولتا۔ اَور جسے اَب خُدا نے اَپنے مُقرّر وقت پر اَپنے کلام کو میرے اُس مُنادی کے ذریعہ ظاہر کیا جو ہمارے مُنجّی خُدا کے حُکم سے میرے سُپرد کیا گیا۔ طِطُسؔ کے نام خط جو ایمان کی شرکت کے لِحاظ سے میرا حقیقی بیٹا ہے: خُدا باپ اَور ہمارے مُنجّی خُداوؔند المسیح یِسوعؔ کی طرف سے تُمہیں فضل اَور اِطمینان حاصل ہوتا رہے۔
طِطُس 1:1-4 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
یہ خط پولس کی طرف سے ہے جو اللہ کا خادم اور عیسیٰ مسیح کا رسول ہے۔ مجھے چن کر بھیجا گیا تاکہ مَیں ایمان لانے اور خدا ترس زندگی کی سچائی جان لینے میں اللہ کے چنے ہوئے لوگوں کی مدد کروں۔ کیونکہ اِس سے اُنہیں ابدی زندگی کی اُمید دلائی جاتی ہے، ایسی زندگی کی جس کا وعدہ اللہ نے دنیا کے زمانوں سے پیشتر ہی کیا تھا۔ اور وہ جھوٹ نہیں بولتا۔ اپنے مقررہ وقت پر اللہ نے اپنے کلام کا اعلان کر کے اُسے ظاہر کر دیا۔ یہی اعلان میرے سپرد کیا گیا ہے اور مَیں اِسے ہمارے نجات دہندہ اللہ کے حکم کے مطابق سناتا ہوں۔ مَیں طِطُس کو لکھ رہا ہوں جو ہمارے مشترکہ ایمان کے مطابق میرا حقیقی بیٹا ہے۔ خدا باپ اور ہمارا نجات دہندہ مسیح عیسیٰ آپ کو فضل اور سلامتی عطا کریں۔
طِطُس 1:1-4 کِتابِ مُقادّس (URD)
پَولُس کی طرف سے جو خُدا کا بندہ اور یِسُوعؔ مسِیح کا رسُول ہے۔ خُدا کے برگُزِیدوں کے اِیمان اور اُس حق کی پہچان کے مُطابِق جو دِین داری کے مُوافِق ہے۔ اُس ہمیشہ کی زِندگی کی اُمّید پر جِس کا وعدہ ازل سے خُدا نے کِیا ہے جو جُھوٹ نہیں بول سکتا۔ اور اُس نے مُناسِب وقتوں پر اپنے کلام کو اُس پَیغام میں ظاہِر کِیا جو ہمارے مُنّجی خُدا کے حُکم کے مُطابِق میرے سپُرد ہُؤا۔ اِیمان کی شِرکت کے رُو سے سچّے فرزند طِطُس کے نام۔ فضل اور اِطمِینان خُدا باپ اور ہمارے مُنّجی مسِیح یِسُوعؔ کی طرف سے تُجھے حاصِل ہوتا رہے۔