رومیوں 20:15-24 - Compare All Versions
رومیوں 20:15-24 URDGVU (ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن)
اور مَیں اِسے اپنی عزت کا باعث سمجھا کہ خوش خبری وہاں سناؤں جہاں مسیح کے بارے میں خبر نہیں پہنچی۔ کیونکہ مَیں ایسی بنیاد پر تعمیر نہیں کرنا چاہتا تھا جو کسی اَور نے ڈالی تھی۔ کلامِ مُقدّس یہی فرماتا ہے، ”جنہیں اُس کے بارے میں نہیں بتایا گیا وہ دیکھیں گے، اور جنہوں نے نہیں سنا اُنہیں سمجھ آئے گی۔“ یہی وجہ ہے کہ مجھے اِتنی دفعہ آپ کے پاس آنے سے روکا گیا ہے۔ لیکن اب میری اِن علاقوں میں خدمت پوری ہو چکی ہے۔ اور چونکہ مَیں اِتنے سالوں سے آپ کے پاس آنے کا آرزومند رہا ہوں اِس لئے اب یہ خواہش پوری کرنے کی اُمید رکھتا ہوں۔ کیونکہ مَیں نے سپین جانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اُمید ہے کہ راستے میں آپ سے ملوں گا اور آپ آگے کے سفر کے لئے میری مدد کر سکیں گے۔ لیکن پہلے مَیں کچھ دیر کے لئے آپ کی رفاقت سے لطف اندوز ہونا چاہتا ہوں۔
رومیوں 20:15-24 URD (کِتابِ مُقادّس)
اور مَیں نے یِہی حَوصلہ رکھّا کہ جہاں مسِیح کا نام نہیں لِیا گیا وہاں خُوشخبری سُناؤُں تاکہ دُوسرے کی بُنیاد پر عِمارت نہ اُٹھاؤُں۔ بلکہ جَیسا لِکھا ہے وَیسا ہی ہو کہ جِن کو اُس کی خبر نہیں پُہنچی وہ دیکھیں گے اور جِنہوں نے نہیں سُنا وہ سمجھیں گے۔ اِسی لِئے مَیں تُمہارے پاس آنے سے بار بار رُکا رہا۔ مگر چُونکہ مُجھ کو اب اِن مُلکوں میں جگہ باقی نہیں رہی اور بُہت برسوں سے تُمہارے پاس آنے کا مُشتاق بھی ہُوں۔ اِس لِئے جب اِسفانیہ کو جاؤُں گا تو تُمہارے پاس ہوتا ہُؤا جاؤُں گا کیونکہ مُجھے اُمّید ہے کہ اُس سفر میں تُم سے مِلُوں گا اور جب تُمہاری صُحبت سے کِسی قدر میرا جی بھر جائے گا تو تُم مُجھے اُس طرف روانہ کر دو گے۔
رومیوں 20:15-24 UCV (اُردو ہم عصر ترجُمہ)
میرے سامنے صِرف ایک ہی مقصد تھا کہ جہاں المسیح کا نام نہیں جانا گیا وہاں خُوشخبری سُناؤں کیونکہ مَیں کسی دُوسرے کی ڈالی ہویٔی بُنیاد پر عمارت نہیں اُٹھانا چاہتا تھا۔ بَلکہ چاہتا تھا کہ جَیسا کِتاب مُقدّس میں لِکھّا ہے: ”وَیسا ہی ہو، جنہیں اُس کی خبر تک نہیں پہُنچی وہ دیکھیں گے، اَور جنہوں نے سُنا تک نہیں وہ سمجھیں گے۔“ مَیں تمہارے پاس آنا چاہتا تھا لیکن اکثر کویٔی نہ کویٔی رُکاوٹ پیش آتی رہی۔ لیکن چونکہ اَب اِن علاقوں میں میری ضروُرت نہیں رہی اَور مَیں کیٔی بَرس سے تمہارے پاس آنے کا مُشتاق بھی ہُوں، اِس لیٔے مُجھے اُمّید ہے کہ مُلک اِسپینؔ جاتے وقت تمہارے پاس ہوتا ہُوا جاؤں گا۔ جَب تُم سے دِل بھر کر مُلاقات کرلُوں گا تو مُجھے اُمّید ہے کہ تُم آگے جانے میں میری مدد کروگے۔