مکاشفہ 1:2-11

مکاشفہ 1:2-11 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

”اِفِسُسؔ کی جماعت کے فرشتہ کو لِکھ: جو اَپنے داہنے ہاتھ میں سات سِتارے لیٔے ہویٔے ہے اَورجو سونے کے سات چراغدانوں کے درمیان چلتا پھرتاہے، وہ یہ فرماتا ہے۔ مَیں تمہارے کاموں، تمہارے سخت محنت اَور تمہارے ثابت قدمی سے واقف ہُوں۔ اَور مَیں یہ بھی جانتا ہُوں کہ تُو بدکاروں کو برداشت نہیں کر سَکتا اَور تُم نے اُن کے دعووں کو جو خُود کو رسول کہتے ہیں مگر ہیں نہیں، اُنہیں تُم نے آزما کر جھُوٹا پایا۔ اَور تو صبر کرتے ہویٔے میرے نام کی خاطِر مُصیبت پر مُصیبت اُٹھانے کے باوُجُود نہیں تھکا بَلکہ ثابت قدم رہا۔ لیکن مُجھے تُجھ سے یہ شکایت ہے کہ تُو مُجھے اُس طرح مَحَبّت نہیں کرتا جِس طرح پہلے کرتا تھا۔ پس خیال کر کہ تُو کہاں سے گرا ہے اَور تَوبہ کرکے پہلے کی طرح کام کر۔ اَور اگر تُو تَوبہ نہ کرےگا تو مَیں تمہارے پاس آکر تمہارے چراغدان کو اُس کی جگہ سے ہٹا دُوں گا۔ البتّہ یہ بات تمہارے حق میں ہے کہ تُو نِیکُلیّوں کے کاموں سے نفرت کرتا ہے جِن سے میں بھی نفرت رکھتا ہُوں۔ جِس کے کان ہوں وہ سُنے کہ پاک رُوح جماعتوں سے کیا فرماتا ہے۔ جو غالب آئے گا میں اُسے اُس شجرِ حیات کا پھل کھانے کو دُوں گا جو خُدا کے فِردَوس میں ہے۔ ”سُمرنؔہ کی جماعت کے فرشتہ کو لِکھ: جو اوّل اَور آخِر ہے اَورجو مَر گیا تھا اَور پھر زندہ ہو گیا، وہ یہ فرماتا ہے۔ میں تیری مُصیبت اَور مفلسی سے واقف ہُوں لیکن تُو دولتمند ہے اَور اُن لوگوں کے لَعن طَعن سے بھی واقف ہے جو اَپنے آپ کو یہُودی کہتے ہیں مگر ہیں نہیں بَلکہ شیطان کی جماعت ہیں۔ جو دُکھ تُجھے سَہنے ہیں اُن سے خوفزدہ نہ ہو۔ میں تُمہیں آگاہ کرتا ہُوں کہ شیطان تُم میں سے بعض کو قَید میں ڈالنے والا ہے تاکہ تمہاری آزمائش ہو اَور تُم دس دِن تک مُصیبت اُٹھاؤگے۔ جان دینے تک وفادار رہ تو مَیں تُجھے زندگی کا تاج دُوں گا۔ جِس کے کان ہوں وہ سُنے کہ پاک رُوح جماعتوں سے کیا فرماتا ہے۔ جو غالب آئے گا اُسے دُوسری موت سے کویٔی نُقصان نہ پہُنچے گا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں مکاشفہ 2

مکاشفہ 1:2-11 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

اِفسس میں موجود جماعت کے فرشتے کو یہ لکھ دینا: یہ اُس کا فرمان ہے جو اپنے دہنے ہاتھ میں سات ستارے تھامے رکھتا اور سونے کے سات شمع دانوں کے درمیان چلتا پھرتا ہے۔ مَیں تیرے کاموں کو جانتا ہوں، تیری سخت محنت اور تیری ثابت قدمی کو۔ مَیں جانتا ہوں کہ تُو بُرے لوگوں کو برداشت نہیں کر سکتا، کہ تُو نے اُن کی پڑتال کی ہے جو رسول ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں، حالانکہ وہ رسول نہیں ہیں۔ تجھے تو پتا چل گیا ہے کہ وہ جھوٹے تھے۔ تُو میرے نام کی خاطر ثابت قدم رہا اور برداشت کرتے کرتے تھکا نہیں۔ لیکن مجھے تجھ سے یہ شکایت ہے، تُو مجھے اُس طرح پیار نہیں کرتا جس طرح پہلے کرتا تھا۔ اب خیال کر کہ تُو کہاں سے گر گیا ہے۔ توبہ کر کے وہ کچھ کر جو تُو پہلے کرتا تھا، ورنہ مَیں آ کر تیرے شمع دان کو اُس کی جگہ سے ہٹا دوں گا۔ لیکن یہ بات تیرے حق میں ہے، تُو میری طرح نیکلیوں کے کاموں سے نفرت کرتا ہے۔ جو سن سکتا ہے وہ سن لے کہ روح القدس جماعتوں کو کیا کچھ بتا رہا ہے۔ جو غالب آئے گا اُسے مَیں زندگی کے درخت کا پھل کھانے کو دوں گا، اُس درخت کا پھل جو اللہ کے فردوس میں ہے۔ سمرنہ میں موجود جماعت کے فرشتے کو یہ لکھ دینا: یہ اُس کا فرمان ہے جو اوّل اور آخر ہے، جو مر گیا تھا اور دوبارہ زندہ ہوا۔ مَیں تیری مصیبت اور غربت کو جانتا ہوں۔ لیکن حقیقت میں تُو دولت مند ہے۔ مَیں اُن لوگوں کے بہتان سے واقف ہوں جو کہتے ہیں کہ وہ یہودی ہیں حالانکہ ہیں نہیں۔ اصل میں وہ ابلیس کی جماعت ہیں۔ جو کچھ تجھے جھیلنا پڑے گا اُس سے مت ڈرنا۔ دیکھ، ابلیس تجھے آزمانے کے لئے تم میں سے بعض کو جیل میں ڈال دے گا، اور دس دن تک تجھے ایذا پہنچائی جائے گی۔ موت تک وفادار رہ تو مَیں تجھے زندگی کا تاج دوں گا۔ جو سن سکتا ہے وہ سن لے کہ روح القدس جماعتوں کو کیا کچھ بتا رہا ہے۔ جو غالب آئے گا اُسے دوسری موت سے نقصان نہیں پہنچے گا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں مکاشفہ 2

مکاشفہ 1:2-11 کِتابِ مُقادّس (URD)

اِفِسُس کی کلِیسیا کے فرِشتہ کو یہ لِکھ کہ جو اپنے دہنے ہاتھ میں سِتارے لِئے ہُوئے ہے اور سونے کے ساتوں چراغ دانوں میں پِھرتا ہے وہ یہ فرماتا ہے کہ مَیں تیرے کام اور تیری مشقّت اور تیرا صبر تو جانتا ہُوں اور یہ بھی کہ تُو بدوں کو دیکھ نہیں سکتا اور جو اپنے آپ کو رسُول کہتے ہیں اور ہیں نہیں تُو نے اُن کو آزما کر جُھوٹا پایا۔ اور تُو صبر کرتا ہے اور میرے نام کی خاطِر مُصِیبت اُٹھاتے اُٹھاتے تھکا نہیں۔ مگر مُجھ کو تُجھ سے یہ شِکایت ہے کہ تُو نے اپنی پہلی سی مُحبّت چھوڑ دی۔ پس خیال کر کہ تُو کہاں سے گِرا ہے اور تَوبہ کر کے پہلے کی طرح کام کر اور اگر تُو تَوبہ نہ کرے گا تو مَیں تیرے پاس آ کر تیرے چراغ دان کو اُس کی جگہ سے ہٹا دُوں گا۔ البتّہ تُجھ میں یہ بات تو ہے کہ تُو نِیکُلیوں کے کاموں سے نفرت رکھتا ہے جِن سے مَیں بھی نفرت رکھتا ہُوں۔ جِس کے کان ہوں وہ سُنے کہ رُوح کلِیسیاؤں سے کیا فرماتا ہے۔ جو غالِب آئے مَیں اُسے اُس زِندگی کے درخت میں سے جو خُدا کے فِردوس میں ہے پَھل کھانے کو دُوں گا۔ اور سمُرؔنہ کی کلِیسیا کے فرِشتہ کو یہ لِکھ کہ جو اَوّل و آخِر ہے اور جو مَر گیا تھا اور زِندہ ہُؤا وہ یہ فرماتا ہے کہ مَیں تیری مُصِیبت اور غرِیبی کو جانتا ہُوں (مگر تُو دَولت مند ہے) اور جو اپنے آپ کو یہُودی کہتے ہیں اور ہیں نہیں بلکہ شَیطان کی جماعت ہیں اُن کے لَعن طَعن کو بھی جانتا ہُوں۔ جو دُکھ تُجھے سہنے ہوں گے اُن سے خَوف نہ کر۔ دیکھو اِبلِیس تُم میں سے بعض کو قَید میں ڈالنے کو ہے تاکہ تُمہاری آزمایش ہو اور دس دِن تک مُصِیبت اُٹھاؤ گے۔ جان دینے تک بھی وفادار رہ تو مَیں تُجھے زِندگی کا تاج دُوں گا۔ جِس کے کان ہوں وہ سُنے کہ رُوح کلِیسیاؤں سے کیا فرماتا ہے۔ جو غالِب آئے اُس کو دُوسری مَوت سے نُقصان نہ پُہنچے گا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں مکاشفہ 2