زبور 20:89-29
زبور 20:89-29 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
مَیں نے اَپنے خادِم داویؔد کو اُن کا بادشاہ مُقرّر کیا؛ اَور اَپنے مُقدّس تیل سے اُسے مَسح کیا۔ میرا ہاتھ اُسے سنبھالے گا؛ یقیناً میرا بازو اُسے تقویّت پہُنچائے گا۔ اَور داویؔد کا کویٔی دُشمن اُسے مطیع نہ کر پایٔےگا؛ اَور کویٔی بدکار آدمی اُس پر ظُلم نہ ڈھائے گا۔ میں اُس کے مُخالفوں کو اُس کے سامنے کُچل دُوں گا اَور اُس کے رقیبوں کو مار ڈالوں گا۔ میری وفاداری اَور شفقت و مَحَبّت اُس کے ساتھ ہوگی، اَور میرے نام کے ذریعہ اُس کا اِقبال بُلند ہوگا۔ میں اُس کا ہاتھ سمُندر تک، اَور اُس کے داہنے بازو کو دریاؤں تک بڑھاؤں گا۔ وہ مُجھے پُکار کر کہے گا: ’آپ میرے باپ ہیں، میرے خُدا اَور میری نَجات کی چٹّان ہیں۔‘ میں اُسے اَپنا پہلوٹھا، اَور دُنیا کا بادشاہ مُقرّر کروں گا۔ میں اُس کے لیٔے اَپنی شفقت و مَحَبّت اَبد تک قائِم رکھوں گا، اَور اُس کے ساتھ میرا عہد ہمیشہ اُستوار رہے گا۔ میں اُس کی نَسل کو ہمیشہ تک قائِم رکھوں گا، اَور اُس کے تخت کو اُس وقت تک، جَب تک آسمان قائِم ہے۔
زبور 20:89-29 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
مَیں نے اپنے خادم داؤد کو پا لیا اور اُسے اپنے مُقدّس تیل سے مسح کیا ہے۔ میرا ہاتھ اُسے قائم رکھے گا، میرا بازو اُسے تقویت دے گا۔ دشمن اُس پر غالب نہیں آئے گا، شریر اُسے خاک میں نہیں ملائیں گے۔ اُس کے آگے آگے مَیں اُس کے دشمنوں کو پاش پاش کروں گا۔ جو اُس سے نفرت رکھتے ہیں اُنہیں زمین پر پٹخ دوں گا۔ میری وفا اور میری شفقت اُس کے ساتھ رہیں گی، میرے نام سے وہ سرفراز ہو گا۔ مَیں اُس کے ہاتھ کو سمندر پر اور اُس کے دہنے ہاتھ کو دریاؤں پر حکومت کرنے دوں گا۔ وہ مجھے پکار کر کہے گا، ’تُو میرا باپ، میرا خدا اور میری نجات کی چٹان ہے۔‘ مَیں اُسے اپنا پہلوٹھا اور دنیا کا سب سے اعلیٰ بادشاہ بناؤں گا۔ مَیں اُسے ہمیشہ تک اپنی شفقت سے نوازتا رہوں گا، میرا اُس کے ساتھ عہد کبھی تمام نہیں ہو گا۔ مَیں اُس کی نسل ہمیشہ تک قائم رکھوں گا، جب تک آسمان قائم ہے اُس کا تخت قائم رکھوں گا۔
زبور 20:89-29 کِتابِ مُقادّس (URD)
میرا بندہ داؤُد مُجھے مِل گیا۔ اپنے مُقدّس تیل سے مَیں نے اُسے مَسح کِیا ہے۔ میرا ہاتھ اُس کے ساتھ رہے گا۔ میرا بازُو اُسے تقوِیت دے گا۔ دُشمن اُس پر جبر نہ کرنے پائے گا اور شرارت کا فرزند اُسے نہ ستائے گا مَیں اُس کے مُخالِفوں کو اُس کے سامنے مغلُوب کرُوں گا اور اُس سے عداوت رکھنے والوں کو مارُوں گا پر میری وفاداری اور شفقت اُس کے ساتھ رہیں گی اور میرے نام سے اُس کا سِینگ بُلند ہو گا۔ مَیں اُس کا ہاتھ سمُندر تک بڑھاؤُں گا اور اُس کے دہنے ہاتھ کو دریاؤں تک۔ وہ مُجھے پُکار کر کہے گا تُو میرا باپ میرا خُدا اور میری نجات کی چٹان ہے۔ اور مَیں اُس کو اپنا پہلوٹھا بناؤُں گا اور دُنیا کا شاہنشاہ۔ مَیں اپنی شفقت کو اُس کے لِئے ابد تک قائِم رکھُّوں گا اور میرا عہد اُس کے ساتھ لاتبدیل رہے گا۔ مَیں اُس کی نسل کو ہمیشہ تک قائِم رکھُّوں گا اور اُس کے تخت کو جب تک آسمان ہے۔