زبور 12:74-23
زبور 12:74-23 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
لیکن اَے خُدا، آپ عہدِ قدیم سے میرے بادشاہ ہیں؛ آپ زمین پر نَجات کا کام کرتے ہیں۔ وہ آپ ہی تھے جِس نے اَپنی قُدرت سے سمُندر کے دو حِصّے کر دئیے؛ آپ نے پانی میں اَژدہوں کے سَر کُچل دئیے۔ آپ ہی نے لِویاتان کے سَر کو پاش پاش کر دیا، اَور اُسے بیابان کی مخلُوقات کو خُوراک کے طور پر دے دیا۔ یہ آپ ہی تھے جِس نے چشمے اَور نالے کھول دئیے؛ اَور سدا بہنے والی دریاؤں کو خشک کر دیا۔ دِن آپ کا ہے اَور رات بھی آپ کی ہے؛ آپ ہی نے سُورج اَور چاند کو قائِم کیا۔ زمین کی تمام حُدوُد آپ ہی نے ٹھہرائیں؛ آپ ہی نے گرمی اَور سردی کے موسم بنائے۔ اَے یَاہوِہ، یاد رکھیں کہ کس طرح دُشمن نے آپ کا مضحکہ اُڑایا، اَور کس طرح ایک جاہل قوم نے آپ کے نام کی بےحُرمتی کی۔ اَپنی فاختہ کی جان جنگلی درندوں کے حوالہ نہ کریں؛ اَور اَپنے دکھیاروں کی جان کو ہمیشہ کے لیٔے فراموش نہ کریں۔ اَپنے عہد کا لحاظ رکھیں، کیونکہ مُلک کے تاریک مقامات ظُلم و تشدّد کے اڈّے بَن چُکے ہیں۔ مظلوم کو شرمندہ ہوکر لوٹنے نہ دیں؛ مسکین اَور مُحتاج آپ کے نام کی سِتائش کریں۔ اَے خُدا، اُٹھیں اَور اَپنا مُقدّمہ آپ ہی لڑیں؛ یاد کریں کہ احمق دِن بھر کس طرح آپ کا مضحکہ اُڑاتے ہیں۔ اَپنے مُخالفوں کا شوروغل، اَور اَپنے دُشمنوں کا غُلغُلہ جو ہمیشہ بُلند ہوتا رہتاہے نہ بھُولیں۔
زبور 12:74-23 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اللہ قدیم زمانے سے میرا بادشاہ ہے، وہی دنیا میں نجات بخش کام انجام دیتا ہے۔ تُو ہی نے اپنی قدرت سے سمندر کو چیر کر پانی میں اژدہاؤں کے سروں کو توڑ ڈالا۔ تُو ہی نے لِویاتان کے سروں کو چُور چُور کر کے اُسے جنگلی جانوروں کو کھلا دیا۔ ایک جگہ تُو نے چشمے اور ندیاں پھوٹنے دیں، دوسری جگہ کبھی نہ سوکھنے والے دریا سوکھنے دیئے۔ دن بھی تیرا ہے، رات بھی تیری ہی ہے۔ چاند اور سورج تیرے ہی ہاتھ سے قائم ہوئے۔ تُو ہی نے زمین کی حدود مقرر کیں، تُو ہی نے گرمیوں اور سردیوں کے موسم بنائے۔ اے رب، دشمن کی لعن طعن یاد کر۔ خیال کر کہ احمق قوم تیرے نام پر کفر بکتی ہے۔ اپنے کبوتر کی جان کو وحشی جانوروں کے حوالے نہ کر، ہمیشہ تک اپنے مصیبت زدوں کی زندگی کو نہ بھول۔ اپنے عہد کا لحاظ کر، کیونکہ ملک کے تاریک کونے ظلم کے میدانوں سے بھر گئے ہیں۔ ہونے نہ دے کہ مظلوموں کو شرمندہ ہو کر پیچھے ہٹنا پڑے بلکہ بخش دے کہ مصیبت زدہ اور غریب تیرے نام پر فخر کر سکیں۔ اے اللہ، اُٹھ کر عدالت میں اپنے معاملے کا دفاع کر۔ یاد رہے کہ احمق دن بھر تجھے لعن طعن کرتا ہے۔ اپنے دشمنوں کے نعرے نہ بھول بلکہ اپنے مخالفوں کا مسلسل بڑھتا ہوا شور شرابہ یاد کر۔
زبور 12:74-23 کِتابِ مُقادّس (URD)
خُدا قدِیم سے میرا بادشاہ ہے جو زمِین پر نجات بخشتا ہے۔ تُو نے اپنی قُدرت سے سمُندر کے دو حِصّے کر دِئے۔ تُو پانی میں اژدہاؤں کے سرکُچلتا ہے۔ تُو نے لوِیاتان کے سر کے ٹُکڑے کِئے اور اُسے بیابان کے رہنے والوں کی خُوراک بنایا۔ تُو نے چشمے اور سَیلاب جاری کِئے۔ تُو نے بڑے بڑے دریاؤں کو خُشک کر ڈالا۔ دِن تیرا ہے۔ رات بھی تیری ہی ہے۔ نُور اور آفتاب کو تُو ہی نے تیّار کِیا۔ زمِین کی تمام حدُود تُو ہی نے ٹھہرائی ہیں۔ گرمی اور سردی کے مَوسم تُو ہی نے بنائے۔ اَے خُداوند! اِسے یاد رکھ کہ دُشمن نے طَعنہ زنی کی ہے اور بیوقُوف قَوم نے تیرے نام کی تکفِیر کی ہے۔ اپنی فاختہ کی جان کو جنگلی جانور کے حوالہ نہ کر۔ اپنے غرِیبوں کی جان کو ہمیشہ کے لِئے بُھول نہ جا۔ اپنے عہد کا خیال فرما کیونکہ زمِین کے تارِیک مقام ظُلم کے مسکنوں سے بھرے ہیں مظلُوم شرمِندہ ہو کر نہ لَوٹے۔ غرِیب اور مُحتاج تیرے نام کی تعرِیف کریں۔ اُٹھ اَے خُدا! آپ ہی اپنی وکالت کر۔ یاد کر کہ احمق دِن بھر تُجھ پر کَیسی طَعنہ زنی کرتا ہے۔ اپنے دُشمنوں کی آواز کو بُھول نہ جا۔ تیرے مُخالِفوں کا ہنگامہ برپا ہوتا رہتا ہے