زبور 15:71-18
زبور 15:71-18 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
میرا مُنہ آپ کی راستی، اَور نَجات کا تذکرہ دِن بھر کرتا رہے گا، لیکن کس حَد تک اُس کا مُجھے اَندازہ نہیں ہے۔ اَے یَاہوِہ قادر، مَیں آپ کے عظیم کارناموں کا ذِکر کروں گا؛ مَیں آپ کی اَور صِرف آپ کی ہی راستبازی کا اعلان کروں گا۔ اَے خُدا، لڑکپن ہی سے آپ مُجھے سِکھاتے آئے ہیں، اَور آج کے دِن تک مَیں آپ کے عجِیب کارناموں کا ذِکر کرتا آیا ہُوں۔ اِس لیٔے اَے خُدا، جَب مَیں ضعیف ہو جاؤں اَور میرے بال سفید ہو جایٔیں، مُجھے ترک نہ کردینا، جَب تک کہ مَیں آپ کی قُدرت آئندہ پُشت پر، اَور آپ کی عظمت ہر آنے والے پر ظاہر نہ کر دُوں۔
زبور 15:71-18 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
میرا منہ تیری راستی سناتا رہے گا، سارا دن تیرے نجات بخش کاموں کا ذکر کرتا رہے گا، گو مَیں اُن کی پوری تعداد گن بھی نہیں سکتا۔ مَیں رب قادرِ مطلق کے عظیم کام سناتے ہوئے آؤں گا، مَیں تیری، صرف تیری ہی راستی یاد کروں گا۔ اے اللہ، تُو میری جوانی سے مجھے تعلیم دیتا رہا ہے، اور آج تک مَیں تیرے معجزات کا اعلان کرتا آیا ہوں۔ اے اللہ، خواہ مَیں بوڑھا ہو جاؤں اور میرے بال سفید ہو جائیں مجھے ترک نہ کر جب تک مَیں آنے والی پشت کے تمام لوگوں کو تیری قوت اور قدرت کے بارے میں بتا نہ لوں۔
زبور 15:71-18 کِتابِ مُقادّس (URD)
میرا مُنہ تیری صداقت کا اور تیری نجات کا بیان دِن بھر کرے گا۔ کیونکہ مُجھے اُن کا شُمار معلُوم نہیں۔ مَیں خُداوند خُدا کی قُدرت کے کاموں کا اِظہار کرُوں گا۔ مَیں صِرف تیری ہی صداقت کا ذِکر کرُوں گا۔ اَے خُدا! تُو مُجھے بچپن سے سِکھاتا آیا ہے اور مَیں اب تک تیرے عجائِب کا بیان کرتا رہا ہُوں۔ اَے خُدا! جب مَیں بُڈھا اور سر سفید ہو جاؤُں تو مُجھے ترک نہ کرنا جب تک کہ مَیں تیری قُدرت آیندہ پُشت پر اور تیرا زور ہر آنے والے پر ظاہِر نہ کر دُوں۔