زبور 1:48-14 - Compare All Versions

زبور 1:48-14 UCV (اُردو ہم عصر ترجُمہ)

ہمارے خُدا کے شہر میں یعنی اُس کے مُقدّس پہاڑ پر، یَاہوِہ عظیم اَور بےحد قابل سِتائش ہے۔ ضِفونؔ کی چوٹیوں کی طرح، کوہِ صِیّونؔ، جو عظیم بادشاہ کا شہر ہے، اَپنی شان و شوکت کے لحاظ سے اعلیٰ ہے، اَور سارے جہان کے لیٔے باعثِ مسرّت ہے۔ خُدا اُس کے قلعوں میں پناہ لئے ہُوئے ہیں؛ اُنہُوں نے اَپنے آپ کو اُن کی پناہ گاہ ٹھہرایا ہے۔ جَب بادشاہوں نے اَپنی فَوجیں جمع کیں، اَور مِل کر آگے بڑھے، تو اُس شہر کو دیکھ کر دنگ رہ گیٔے؛ اَور ڈر کے مارے بھاگ نکلے۔ وہاں اُن پر کپکپی طاری ہو گئی، اَور وہ ایک زچّہ کی مانند سخت درد کی سِی تکلیف میں مُبتلا ہو گئے۔ آپ نے اُنہیں ترشیشؔ شہر کے جہازوں کی مانند تباہ کر ڈالا، اَیسی تباہی جو بادِ مشرق لاتی ہے۔ جَیسا ہم نے سُنا تھا، یعنی اَپنے لشکروں کے یَاہوِہ کے شہر میں، جَیسا ہم نے سُنا تھا، وَیسا ہی ہم نے دیکھا قادرمُطلق یَاہوِہ کے شہر میں، خُدا اُسے ہمیشہ محفوظ رکھےگا۔ اَے خُدا، ہم نے آپ کے ہیکل کے اَندر، آپ کی لافانی مَحَبّت پر غور کیا۔ اَے خُدا، جَیسا آپ کا نام ہے، وَیسی ہی آپ کی سِتائش زمین کی اِنتہا تک پہُنچتی ہے؛ آپ کا داہنا ہاتھ راستی سے معموُر ہے۔ آپ کے فیصلوں کے باعث کوہِ صِیّونؔ مسرُور ہے، اَور یہُوداہؔ کے دیہات خُوش ہیں۔ صِیّونؔ کے گِرد پھرو، اُس کا طواف کرو، اُس کے بُرجوں کا شُمار کرو، اُس کی شہرپناہ کو غور سے دیکھو، اُس کے قلعوں پر نظر ڈالو، تاکہ تُم آنے والی پُشتوں کو اُن کے متعلّق بتا سکو۔ کیونکہ یہ خُدا ابدُالآباد تک ہمارا خُدا ہے؛ وہ موت تک ہمارا ہادی بنا رہے گا۔

دوسروں تک پہنچائیں
زبور 48 UCV

زبور 1:48-14 URDGVU (ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن)

گیت۔ قورح کی اولاد کا زبور۔ رب عظیم اور بڑی تعریف کے لائق ہے۔ اُس کا مُقدّس پہاڑ ہمارے خدا کے شہر میں ہے۔ کوہِ صیون کی بلندی خوب صورت ہے، پوری دنیا اُس سے خوش ہوتی ہے۔ کوہِ صیون دُورترین شمال کا الٰہی پہاڑ ہی ہے، وہ عظیم بادشاہ کا شہر ہے۔ اللہ اُس کے محلوں میں ہے، وہ اُس کی پناہ گاہ ثابت ہوا ہے۔ کیونکہ دیکھو، بادشاہ جمع ہو کر یروشلم سے لڑنے آئے۔ لیکن اُسے دیکھتے ہی وہ حیران ہوئے، وہ دہشت کھا کر بھاگ گئے۔ وہاں اُن پر کپکپی طاری ہوئی، اور وہ دردِ زہ میں مبتلا عورت کی طرح پیچ و تاب کھانے لگے۔ جس طرح مشرقی آندھی ترسیس کے شاندار جہازوں کو ٹکڑے ٹکڑے کر دیتی ہے اُسی طرح تُو نے اُنہیں تباہ کر دیا۔ جو کچھ ہم نے سنا ہے وہ ہمارے دیکھتے دیکھتے رب الافواج ہمارے خدا کے شہر پر صادق آیا ہے، اللہ اُسے ابد تک قائم رکھے گا۔ (سِلاہ) اے اللہ، ہم نے تیری سکونت گاہ میں تیری شفقت پر غور و خوض کیا ہے۔ اے اللہ، تیرا نام اِس لائق ہے کہ تیری تعریف دنیا کی انتہا تک کی جائے۔ تیرا دہنا ہاتھ راستی سے بھرا رہتا ہے۔ کوہِ صیون شادمان ہو، یہوداہ کی بیٹیاں تیرے منصفانہ فیصلوں کے باعث خوشی منائیں۔ صیون کے ارد گرد گھومو پھرو، اُس کی فصیل کے ساتھ ساتھ چل کر اُس کے بُرج گن لو۔ اُس کی قلعہ بندی پر خوب دھیان دو، اُس کے محلوں کا معائنہ کرو تاکہ آنے والی نسل کو سب کچھ سنا سکو۔ یقیناً اللہ ہمارا خدا ہمیشہ تک ایسا ہی ہے۔ وہ ابد تک ہماری راہنمائی کرے گا۔

دوسروں تک پہنچائیں
زبور 48 URDGVU

زبور 1:48-14 URD (کِتابِ مُقادّس)

ہمارے خُدا کے شہر میں۔ اپنے کوہِ مُقدّس پر خُداوند بزُرگ اور بے حد سِتایش کے لائِق ہے۔ شِمال کی جانِب کوہِ صِیُّون جو بڑے بادشاہ کا شہر ہے وہ بُلندی میں خُوش نُما اور تمام زمِین کا فخر ہے۔ اُس کے محلّوں میں خُدا پناہ مانا جاتا ہے۔ کیونکہ دیکھو! بادشاہ اِکٹّھے ہُوئے۔ وہ مِل کر گُذرے۔ وہ دیکھ کر دنگ ہو گئے۔ وہ گھبرا کر بھاگے۔ وہاں کپکپی نے اُن کو آ دبایا اور اَیسے درد نے جَیسا دردِ زِہ۔ تُو پُوربی ہوا سے ترسِیس کے جہازوں کو توڑ ڈالتا ہے۔ لشکروں کے خُداوند کے شہر میں یعنی اپنے خُدا کے شہر میں جَیسا ہم نے سُنا تھا وَیسا ہی ہم نے دیکھا۔ خُدا اُسے ہمیشہ برقرار رکھّے گا۔ (سِلاہ) اَے خُدا! تیری ہَیکل کے اندر ہم نے تیری شفقت پر غَور کِیا ہے۔ اَے خُدا! جَیسا تیرا نام ہے وَیسی ہی تیری سِتایش زمِین کی اِنتہا تک ہے۔ تیرا دہنا ہاتھ صداقت سے معمُور ہے۔ تیرے احکام کے سبب سے کوہِ صِیُّون شادمان ہو یہُوداؔہ کی بیٹیاں خُوشی منائیں! صِیُّون کے گِرد پِھرو اور اُس کا طواف کرو۔ اُس کے بُرجوں کو گِنو اُس کی شہر پناہ کو خُوب دیکھ لو۔ اُس کے محلّوں پر غَور کرو تاکہ تُم آنے والی نسل کو اُس کی خبر دے سکو کیونکہ یہی خُدا ابدُالآباد ہمارا خُدا ہے۔ یہی مَوت تک ہمارا ہادی رہے گا۔

دوسروں تک پہنچائیں
زبور 48 URD