زبور 8:34-14
زبور 8:34-14 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
آزما کر دیکھو کہ یَاہوِہ کیسے مہربان ہیں؛ مُبارک ہے وہ آدمی جو اُن میں پناہ لیتا ہے۔ یَاہوِہ سے ڈرو، اَے اُن کے مُقدّسین، کیونکہ جو اُن سے ڈرتے ہیں اُنہیں کچھ کمی نہیں ہوتی۔ شیرببر کمزور اَور بھُوکے ہو سکتے ہیں، لیکن یَاہوِہ کے طالب کسی اَچھّی چیز کے مُحتاج نہ ہوں گے۔ اَے میرے بچّو! آؤ، میری سُنو؛ میں تُمہیں یَاہوِہ کا خوف ماَننا سِکھاؤں گا۔ تُم میں سے جو کویٔی زندگی سے مَحَبّت رکھتا ہے اَورجو بھلائی اَور عمر درازی کا خواہشمند ہے، وہ اَپنی زبان کو بدی سے اَور اَپنے لبوں کو جھُوٹ بولنے سے دُور رکھے۔ بدی سے دُور رہے اَور نیکی کرے؛ صُلح کا طالب ہو اَور اُس کی کوشش میں رہے۔
زبور 8:34-14 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
رب کی بھلائی کا تجربہ کرو۔ مبارک ہے وہ جو اُس میں پناہ لے۔ اے رب کے مُقدّسین، اُس کا خوف مانو، کیونکہ جو اُس کا خوف مانیں اُنہیں کمی نہیں۔ جوان شیرببر کبھی ضرورت مند اور بھوکے ہوتے ہیں، لیکن رب کے طالبوں کو کسی بھی اچھی چیز کی کمی نہیں ہو گی۔ اے بچو، آؤ، میری باتیں سنو! مَیں تمہیں رب کے خوف کی تعلیم دوں گا۔ کون مزے سے زندگی گزارنا اور اچھے دن دیکھنا چاہتا ہے؟ وہ اپنی زبان کو شریر باتیں کرنے سے روکے اور اپنے ہونٹوں کو جھوٹ بولنے سے۔ وہ بُرائی سے منہ پھیر کر نیک کام کرے، صلح سلامتی کا طالب ہو کر اُس کے پیچھے لگا رہے۔
زبور 8:34-14 کِتابِ مُقادّس (URD)
آزما کر دیکھو کہ خُداوند کَیسا مہربان ہے۔ مُبارک ہے وہ آدمی جو اُس پر توکُّل کرتا ہے خُداوند سے ڈرو اَے اُس کے مُقدّسو! کیونکہ جو اُس سے ڈرتے ہیں اُن کو کُچھ کمی نہیں۔ بَبر کے بچّے تو حاجتمند اور بُھوکے ہوتے ہیں پر خُداوند کے طالِب کِسی نِعمت کے مُحتاج نہ ہوں گے۔ اَے بچّو! آؤ میری سُنو۔ مَیں تُم کو خُدا ترسی سِکھاؤُں گا۔ وہ کَون آدمی ہے جو زِندگی کا مُشتاق ہے اور بڑی عُمر چاہتا ہے تاکہ بھلائی دیکھے؟ اپنی زُبان کو بدی سے باز رکھ اور اپنے ہونٹوں کو دغا کی بات سے۔ بدی کو چھوڑ اور نیکی کر۔ صُلح کا طالِب ہو اور اُسی کی پَیروی کر۔