زبور 10:31-15 - Compare All Versions
زبور 10:31-15 UCV (اُردو ہم عصر ترجُمہ)
میری زندگی سخت تکلیف میں ہے؛ میری عمر کراہتے کراہتے فنا ہو گئی؛ میری بدکاریوں کے باعث میری قُوّت گھٹ گئی، اَور میری ہڈّیاں کمزور ہو گئیں۔ میرے سارے دُشمنوں کے سبب سے، میں اَپنے ہمسایوں کے لیٔے حقارت کا؛ اَور اَپنے دوستوں کے لیٔے خوف کا باعث بَن گیا ہُوں۔ یہاں تک کہ جو مُجھے باہر دیکھتے ہیں وہ مُجھ سے دُور بھاگتے ہیں۔ اُنہُوں نے مُجھے اَیسا بھُلا دیا ہے گویا میں مَر چُکا ہُوں؛ میں ٹوٹے ہُوئے مٹّی کے برتن کی مانند ہو چُکا ہُوں۔ کیونکہ مَیں کیٔی لوگوں کی طرف سے بدنام کیا جا رہا ہُوں؛ ”ہر طرف خوف ہی خوف ہے!“ وہ میرے خِلاف سازش کرتے ہیں، اَور میری جان لینے کے منصُوبے باندھتے ہیں۔ لیکن اَے یَاہوِہ، میرا توکّل آپ پر ہے؛ میں کہتا ہُوں، ”آپ میرے خُدا ہیں۔“ میرے ایّام آپ کے ہاتھ میں ہیں؛ مُجھے میرے دُشمنوں سے اَور میرا تعاقب کرنے والوں سے چھُڑا لیں۔
زبور 10:31-15 URDGVU (ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن)
میری زندگی دُکھ کی چکّی میں پِس رہی ہے، میرے سال آہیں بھرتے بھرتے ضائع ہو رہے ہیں۔ میرے قصور کی وجہ سے میری طاقت جواب دے گئی، میری ہڈیاں گلنے سڑنے لگی ہیں۔ مَیں اپنے دشمنوں کے لئے مذاق کا نشانہ بن گیا ہوں بلکہ میرے ہم سائے بھی مجھے لعن طعن کرتے، میرے جاننے والے مجھ سے دہشت کھاتے ہیں۔ گلی میں جو بھی مجھے دیکھے مجھ سے بھاگ جاتا ہے۔ مَیں مُردوں کی مانند اُن کی یادداشت سے مٹ گیا ہوں، مجھے ٹھیکرے کی طرح پھینک دیا گیا ہے۔ بہتوں کی افواہیں مجھ تک پہنچ گئی ہیں، چاروں طرف سے ہول ناک خبریں مل رہی ہیں۔ وہ مل کر میرے خلاف سازشیں کر رہے، مجھے قتل کرنے کے منصوبے باندھ رہے ہیں۔ لیکن مَیں اے رب، تجھ پر بھروسا رکھتا ہوں۔ مَیں کہتا ہوں، ”تُو میرا خدا ہے!“ میری تقدیر تیرے ہاتھ میں ہے۔ مجھے میرے دشمنوں کے ہاتھ سے بچا، اُن سے جو میرے پیچھے پڑ گئے ہیں۔
زبور 10:31-15 URD (کِتابِ مُقادّس)
کیونکہ میری جان غم میں اور میری عُمر کراہنے میں فنا ہُوئی۔ میرا زور میری بدکاری کے باعِث سے جاتا رہا اور میری ہڈّیاں گُھل گئِیں۔ مَیں اپنے سب مُخالِفوں کے سبب سے اپنے ہمسایوں کے لِئے از بس انگُشت نُما اور اپنے جان پہچانوں کے لِئے خَوف کا باعِث ہُوں۔ جِنہوں نے مُجھ کو باہر دیکھا مُجھ سے دُور بھاگے۔ مَیں مُردہ کی مانِند دِل سے بُھلا دِیا گیا ہُوں۔ مَیں ٹُوٹے برتن کی مانِند ہُوں۔ کیونکہ مَیں نے بہتوں سے اپنی بدنامی سُنی ہے۔ ہر طرف خَوف ہی خَوف ہے۔ جب اُنہوں نے مِل کر میرے خِلاف مشوَرہ کِیا تُو میری جان لینے کا منصُوبہ باندھا۔ لیکن اَے خُداوند! میرا توکُّل تُجھ پر ہے۔ مَیں نے کہا تُو میرا خُدا ہے۔ میرے ایّام تیرے ہاتھ میں ہیں۔ مُجھے میرے دُشمنوں اور ستانے والوں کے ہاتھ سے چُھڑا۔