زبور 1:2-12

زبور 1:2-12 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

قومیں طیش میں کیوں ہیں؟ اَور اُمّتوں نے فُضول منصُوبے باندھے؟ یَاہوِہ کے خِلاف اَور اُن کے ممسوح کی مُخالفت کی زمین کے بادشاہ اُٹھ کھڑے ہویٔے اَور حُکمراں جمع ہوکر کہنے لگے: ”آؤ، ہم اُن کے بندھن توڑ ڈالیں، اَور اُن کی بیڑیاں اُتار کر پھینک دیں۔“ وہ جو آسمان پر تخت نشین ہیں اُن پر ہنستے ہیں، اَور خُداوؔند اُن کا مضحکہ اُڑاتے ہیں۔ تَب وہ اَپنے غُصّہ میں اُنہیں تنبیہ کریں گے اَور اَپنے غضب میں اُن کو یہ کہتے ہُوئے ڈرایئں گے، ”میں تو اَپنے بادشاہ کو اَپنے مُقدّس کوہِ صِیّونؔ پر بِٹھا چُکا ہُوں۔“ میں یَاہوِہ کے قوانین کا اعلان کروں گا: اُنہُوں نے مُجھ سے فرمایا، ”تُم میرے بیٹے ہو؛ آج سے میں تمہارا باپ بَن گیا ہُوں۔ مُجھ سے مانگ، اَور مَیں قوموں کو تمہاری مِیراث، اَور ساری زمین کو تمہاری مِلکیّت بنا دُوں گا۔ تُم لوہے کے شاہی عصا کی مدد سے اُن پر حُکومت کروگے؛ اَور اُنہیں کُمہار کے مٹّی کے برتنوں کی مانند چکنا چُور کر دوگے۔“ اِس لیٔے اَب اَے بادشاہو، دانشمند بنو؛ اَور اَے زمین کے حُکمرانو، خبردار ہو جاؤ۔ خوف کے ساتھ یَاہوِہ کی پرستش کرو؛ اَور کانپتے ہُوئے خُوشی مناؤ۔ اُن کے بیٹے کو چُومو۔ کہیں اَیسا نہ ہو کہ وہ خفا ہو جایئں اَور تُم اَپنی راہ ہی میں فنا ہو جاؤ، کیونکہ خُدا کا غضب پل بھر میں بھڑک سَکتا ہے۔ مُبارک ہیں وہ سَب جو اُن میں پناہ لیتے ہیں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 2

زبور 1:2-12 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

اقوام کیوں طیش میں آ گئی ہیں؟ اُمّتیں کیوں بےکار سازشیں کر رہی ہیں؟ دنیا کے بادشاہ اُٹھ کھڑے ہوئے، حکمران رب اور اُس کے مسیح کے خلاف جمع ہو گئے ہیں۔ وہ کہتے ہیں، ”آؤ، ہم اُن کی زنجیروں کو توڑ کر آزاد ہو جائیں، اُن کے رسّوں کو دُور تک پھینک دیں۔“ لیکن جو آسمان پر تخت نشین ہے وہ ہنستا ہے، رب اُن کا مذاق اُڑاتا ہے۔ پھر وہ غصے سے اُنہیں ڈانٹتا، اپنا شدید غضب اُن پر نازل کر کے اُنہیں ڈراتا ہے۔ وہ فرماتا ہے، ”مَیں نے خود اپنے بادشاہ کو اپنے مُقدّس پہاڑ صیون پر مقرر کیا ہے!“ آؤ، مَیں رب کا فرمان سناؤں۔ اُس نے مجھ سے کہا، ”تُو میرا بیٹا ہے، آج مَیں تیرا باپ بن گیا ہوں۔ مجھ سے مانگ تو مَیں تجھے میراث میں تمام اقوام عطا کروں گا، دنیا کی انتہا تک سب کچھ بخش دوں گا۔ تُو اُنہیں لوہے کے شاہی عصا سے پاش پاش کرے گا، اُنہیں مٹی کے برتنوں کی طرح چِکنا چُور کرے گا۔“ چنانچہ اے بادشاہو، سمجھ سے کام لو! اے دنیا کے حکمرانو، تربیت قبول کرو! خوف کرتے ہوئے رب کی خدمت کرو، لرزتے ہوئے خوشی مناؤ۔ بیٹے کو بوسہ دو، ایسا نہ ہو کہ وہ غصے ہو جائے اور تم راستے میں ہی ہلاک ہو جاؤ۔ کیونکہ وہ ایک دم طیش میں آ جاتا ہے۔ مبارک ہیں وہ سب جو اُس میں پناہ لیتے ہیں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 2

زبور 1:2-12 کِتابِ مُقادّس (URD)

قَومیں کِس لِئے طَیش میں ہیں اور لوگ کیوں باطِل خیال باندھتے ہیں؟ خُداوند اور اُس کے مسِیح کے خِلاف زمِین کے بادشاہ صف آرائی کر کے اور حاکِم آپس میں مشوَرہ کر کے کہتے ہیں آؤ ہم اُن کے بندھن توڑ ڈالیں اور اُن کی رسِّیاں اپنے اُوپر سے اُتار پھینکیں۔ وہ جو آسمان پر تخت نشِین ہے ہنسے گا۔ خُداوند اُن کا مضحکہ اُڑائے گا۔ تب وہ اپنے غضب میں اُن سے کلام کرے گا اور اپنے قہرِ شدِید میں اُن کو پریشان کر دے گا۔ مَیں تو اپنے بادشاہ کو اپنے کوہِ مُقدّس صِیُّون پر بِٹھا چُکا ہُوں۔ مَیں اُس فرمان کو بیان کرُوں گا۔ خُداوند نے مُجھ سے کہا تُو میرا بیٹا ہے۔ آج تُو مُجھ سے پَیدا ہُؤا۔ مُجھ سے مانگ اور مَیں قَوموں کو تیری مِیراث کے لِئے اور زمِین کے اِنتِہائی حِصّے تیری مِلکِیّت کے لِئے تُجھے بخشُوں گا۔ تُو اُن کو لوہے کے عصا سے توڑے گا۔ کُمہار کے برتن کی طرح تُو اُن کو چکنا چُور کر ڈالے گا۔ پس اب اَے بادشاہو! دانِش مند بنو۔ اَے زمِین کے عدالت کرنے والو تربِیّت پاؤ۔ ڈرتے ہُوئے خُداوند کی عِبادت کرو۔ کانپتے ہُوئے خُوشی مناؤ۔ بیٹے کو چُومو۔ اَیسا نہ ہو کہ وہ قہر میں آئے اور تُم راستہ میں ہلاک ہو جاؤ کیونکہ اُس کا غضب جلد بھڑکنے کو ہے۔ مُبارک ہیں وہ سب جِن کا توکُّل اُس پر ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 2