زبور 1:146-10
زبور 1:146-10 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
یَاہوِہ کی سِتائش ہو۔ اَے میری جان، یَاہوِہ کی حَمد کر۔ میں عمر بھر یَاہوِہ کی سِتائش کروں گا؛ جَب تک میں زندہ ہُوں، اَپنے خُدا کی مدح سرائی کروں گا۔ اُمرا پر ہی بھروسا کرو، نہ فانی اِنسان پرجو بچا نہیں سکتے۔ جَب اُن کی رُوح پرواز کر جاتی ہے تو وہ خاک میں مِل جاتے ہیں؛ اُسی دِن اُن کے منصُوبے مِٹ جاتے ہیں۔ مُبارک ہے وہ شخص جِس کے مددگار یعقوب کے خُدا ہیں، جِس کی اُمّید یَاہوِہ اَپنے خُدا پر ہے۔ خُدا نے آسمانوں اَور زمین اَور سمُندر کو اَورجو کچھ اُن میں مَوجُود ہر چیز کو پیدا کیا ہے۔ یعنی یَاہوِہ جو ہمیشہ تک وفادار ہیں۔ وہ مظلوموں کی حمایت کرتے ہیں اَور بھُوکوں کو کھانا کھِلاتے ہیں۔ یَاہوِہ قَیدیوں کو آزاد کرتے ہیں، یَاہوِہ اَندھوں کو بینائی بخشتے ہیں، اَور یَاہوِہ جھُکے ہوؤں کو اُٹھا کھڑا کرتے ہیں، یَاہوِہ صادقوں کو عزیز رکھتے ہیں۔ یَاہوِہ پردیسیوں کی حِفاظت کرتے ہیں اَور یتیم اَور بِیوہ کو سنبھالتے ہیں، لیکن وہ بدکاروں کی راہوں کو کَج کر دیتے ہیں۔ اَے صِیّونؔ! یَاہوِہ آپ کے خُدا اَبد تک سلطنت کرتے رہیں گے، اُن کی سلطنت پُشت در پُشت قائِم رہے گی۔
زبور 1:146-10 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
رب کی حمد ہو! اے میری جان، رب کی حمد کر۔ جیتے جی مَیں رب کی ستائش کروں گا، عمر بھر اپنے خدا کی مدح سرائی کروں گا۔ شرفا پر بھروسا نہ رکھو، نہ آدم زاد پر جو نجات نہیں دے سکتا۔ جب اُس کی روح نکل جائے تو وہ دوبارہ خاک میں مل جاتا ہے، اُسی وقت اُس کے منصوبے ادھورے رہ جاتے ہیں۔ مبارک ہے وہ جس کا سہارا یعقوب کا خدا ہے، جو رب اپنے خدا کے انتظار میں رہتا ہے۔ کیونکہ اُس نے آسمان و زمین، سمندر اور جو کچھ اُن میں ہے بنایا ہے۔ وہ ہمیشہ تک وفادار ہے۔ وہ مظلوموں کا انصاف کرتا اور بھوکوں کو روٹی کھلاتا ہے۔ رب قیدیوں کو آزاد کرتا ہے۔ رب اندھوں کی آنکھیں بحال کرتا اور خاک میں دبے ہوؤں کو اُٹھا کھڑا کرتا ہے، رب راست باز کو پیار کرتا ہے۔ رب پردیسیوں کی دیکھ بھال کرتا، یتیموں اور بیواؤں کو قائم رکھتا ہے۔ لیکن وہ بےدینوں کی راہ کو ٹیڑھا بنا کر کامیاب ہونے نہیں دیتا۔ رب ابد تک حکومت کرے گا۔ اے صیون، تیرا خدا پشت در پشت بادشاہ رہے گا۔ رب کی حمد ہو۔
زبور 1:146-10 کِتابِ مُقادّس (URD)
خُداوند کی حمد کرو! اَے میری جان خُداوند کی حمد کر! مَیں عُمر بھر خُداوند کی حمد کرُوں گا۔ جب تک میرا وجُود ہے مَیں اپنے خُدا کی مدح سرائی کرُوں گا۔ نہ اُمرا پر بھروسا کرو نہ آدمؔ زاد پر۔ وہ بچا نہیں سکتا۔ اُس کا دَم نِکل جاتا ہے تو وہ مِٹّی میں مِل جاتا ہے۔ اُسی دِن اُس کے منصُوبے فنا ہو جاتے ہیں۔ خُوش نصِیب ہے وہ جِس کا مددگار یعقُوب کا خُدا ہے اور جِس کی اُمّید خُداوند اُس کے خُدا سے ہے جِس نے آسمان اور زمِین اور سمُندر کو اور جو کُچھ اُن میں ہے بنایا۔ جو سچّائی کو ہمیشہ قائِم رکھتا ہے۔ جو مظلُوموں کا اِنصاف کرتا ہے۔ جو بُھوکوں کو کھانا دیتا ہے۔ خُداوند قَیدِیوں کو آزاد کرتا ہے۔ خُداوند اندھوں کی آنکھیں کھولتا ہے۔ خُداوند جُھکے ہُوئے کو اُٹھا کھڑا کرتا ہے۔ خُداوند صادِقوں سے مُحبّت رکھتا ہے۔ خُداوند پردیسیوں کی حِفاظت کرتا ہے۔ وہ یتِیم اور بیوہ کو سنبھالتا ہے لیکن شرِیروں کی راہ ٹیڑھی کر دیتا ہے۔ خُداوند ابد تک سلطنت کرے گا۔ اَے صِیُّون! تیرا خُدا پُشت در پُشت۔ خُداوند کی حمد کرو۔