زبور 1:145-7
زبور 1:145-7 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
میرے خُدا، آپ میرے بادشاہ ہیں۔ مَیں آپ کی تمجید کروں گا؛ میں ابدُالآباد آپ کے نام کی سِتائش کروں گا۔ میں ہر روز آپ کو مُبارک کہُوں گا اَور ابدُالآباد آپ کے نام کی تمجید کروں گا۔ یَاہوِہ عظیم ہیں اَور بڑی سِتائش کے لائق ہیں؛ اُن کی عظمت ادراک سے باہر ہے۔ آپ کے کاموں کی تعریف اَور آپ کی قُدرت کا بَیان؛ پُشت در پُشت ہوتا رہے گا۔ وہ آپ کی جلالی شان و شوکت کا تذکرہ کریں گے، اَور مَیں آپ کے عجِیب و غریب کاموں پر غور کروں گا۔ وہ آپ کے حیرت اَنگیز کاموں کی قُدرت کا ذِکر کریں گے، اَور مَیں آپ کے عظیم کاموں کا اعلان کروں گا۔ وہ آپ کی بڑی مہربانیوں کا جَشن منائیں گے اَور خُوشی سے آپ کی راستبازی کا نغمہ گائیں گے۔
زبور 1:145-7 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
داؤد کا زبور۔ حمد و ثنا کا گیت۔ اے میرے خدا، مَیں تیری تعظیم کروں گا۔ اے بادشاہ، مَیں ہمیشہ تک تیرے نام کی ستائش کروں گا۔ روزانہ مَیں تیری تمجید کروں گا، ہمیشہ تک تیرے نام کی حمد کروں گا۔ رب عظیم اور بڑی تعریف کے لائق ہے۔ اُس کی عظمت انسان کی سمجھ سے باہر ہے۔ ایک پشت اگلی پشت کے سامنے وہ کچھ سراہے جو تُو نے کیا ہے، وہ دوسروں کو تیرے زبردست کام سنائیں۔ مَیں تیرے شاندار جلال کی عظمت اور تیرے معجزوں میں محوِ خیال رہوں گا۔ لوگ تیرے ہیبت ناک کاموں کی قدرت پیش کریں، اور مَیں بھی تیری عظمت بیان کروں گا۔ وہ جوش سے تیری بڑی بھلائی کو سراہیں اور خوشی سے تیری راستی کی مدح سرائی کریں۔
زبور 1:145-7 کِتابِ مُقادّس (URD)
اَے میرے خُدا! اَے بادشاہ! مَیں تیری تمجِید کرُوں گا اور ابدُالآباد تیرے نام کو مُبارک کہُوں گا۔ مَیں ہر روز تُجھے مُبارک کہُوں گا اور ابدُالآباد تیرے نام کی سِتایش کرُوں گا۔ خُداوند بزُرگ اور بے حد سِتایش کے لائِق ہے۔ اُس کی بزُرگی اِدراک سے باہر ہے۔ ایک پُشت دُوسری پُشت سے تیرے کاموں کی تعرِیف اور تیری قُدرت کے کاموں کا بیان کرے گی۔ مَیں تیری عظمت کی جلالی شان پر اور تیرے عجائِب پر غَور کرُوں گا اور لوگ تیری قُدرت کے ہَولناک کاموں کا ذِکر کریں گے اور مَیں تیری بزُرگی بیان کرُوں گا۔ وہ تیرے بڑے اِحسان کی یادگار کا بیان کریں گے اور تیری صداقت کا گِیت گائیں گے۔