زبور 12:144-15
زبور 12:144-15 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
تَب ہمارے بیٹے اَپنی جَوانی میں بڑھتے ہُوئے پَودوں کی مانند ہوں گے، اَور ہماری بیٹیاں اُن سُتونوں کی مانند ہوں گی جو کسی محل کی شان بڑھانے کے لیٔے تراشے گیٔے ہوں۔ ہمارے کھتّے، ہر قِسم کی جنس سے بھرے ہوں گے۔ ہماری بھیڑیں ہزاروں کی تعداد میں بڑھیں گی، بَلکہ ہمارے کھیتوں میں وہ کیٔی گُنا زِیادہ ہو جایٔیں گی؛ ہمارے بَیل خُوب لدے ہوں گے، دیواریں شگافوں سے محفوظ رہیں گی، نہ لوگوں کو اسیر ہوکر جانا پڑےگا، نہ ہی ہمارے گلی کوچوں میں چیخنے چِلّانے کی آواز سُنایٔی دے گی۔ مُبارک ہے وہ قوم جِس پر یہ حال صادق آتا ہے؛ مُبارک ہے وہ اُمّت جِن کے خُدا، یَاہوِہ ہیں۔
زبور 12:144-15 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
ہمارے بیٹے جوانی میں پھلنے پھولنے والے پودوں کی مانند ہوں، ہماری بیٹیاں محل کو سجانے کے لئے تراشے ہوئے کونے کے ستون کی مانند ہوں۔ ہمارے گودام بھرے رہیں اور ہر قسم کی خوراک مہیا کریں۔ ہماری بھیڑبکریاں ہمارے میدانوں میں ہزاروں بلکہ بےشمار بچے جنم دیں۔ ہمارے گائےبَیل موٹے تازے ہوں، اور نہ کوئی ضائع ہو جائے، نہ کسی کو نقصان پہنچے۔ ہمارے چوکوں میں آہ و زاری کی آواز سنائی نہ دے۔ مبارک ہے وہ قوم جس پر یہ سب کچھ صادق آتا ہے، مبارک ہے وہ قوم جس کا خدا رب ہے!
زبور 12:144-15 کِتابِ مُقادّس (URD)
جب ہمارے بیٹے جوانی میں قدآور پَودوں کی مانِند ہوں۔ اور ہماری بیٹیاں محلّ کے کونے کے لِئے تراشے ہُوئے پتھّروں کی مانِند ہوں۔ جب ہمارے کھتّے بھرے ہوں جِن سے ہر قِسم کی جِنس مِل سکے اور ہماری بھیڑ بکریاں ہمارے کُوچوں میں ہزاروں اور لاکھوں بچّے دیں۔ جب ہمارے بَیل خُوب لدے ہوں۔ جب نہ رخنہ ہو نہ خرُوج اور نہ ہمارے کُوچوں میں واوَیلا ہو۔ مُبارک ہے وہ قَوم جِس کا یہ حال ہے۔ مُبارک ہے وہ قَوم جِس کا خُدا خُداوند ہے۔