زبور 7:139-12
زبور 7:139-12 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
مَیں آپ کی رُوح سے بچ کر کہاں جاؤں؟ اَور آپ کی حُضُوری سے بچ کر کدھر بھاگوں؟ اگر آسمان پر چڑھ جاؤں، تو آپ وہاں ہیں؛ اَور اگر پاتال میں اَپنا بِستر بچھا لُوں، تو آپ وہاں بھی ہیں۔ اگر مَیں فجر کے پر لگا کر اُڑ جاؤں، اَور سمُندر کے اُس پار جا بسُوں، تو وہاں بھی آپ کا ہاتھ میری رہنمائی کرےگا، آپ کا داہنا ہاتھ مُجھے مضبُوطی سے سنبھالے رہے گا۔ اگر مَیں کہُوں: ”یقیناً آپ کی تاریکی مُجھے چھُپا لے گی اَور میرے چاروں طرف کی رَوشنی رات بَن جائے گی،“ تو تاریکی بھی آپ کے لیٔے تاریکی نہ ہوگی؛ اَور آپ کے لئے رات بھی دِن کی مانند چمکے گی، آپ کے سامنے تو تاریکی اَور رَوشنی ایک جَیسے ہی ہیں۔
زبور 7:139-12 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
مَیں تیرے روح سے کہاں بھاگ جاؤں، تیرے چہرے سے کہاں فرار ہو جاؤں؟ اگر آسمان پر چڑھ جاؤں تو تُو وہاں موجود ہے، اگر اُتر کر اپنا بستر پاتال میں بچھاؤں تو تُو وہاں بھی ہے۔ گو مَیں طلوعِ صبح کے پَروں پر اُڑ کر سمندر کی دُورترین حد پر جا بسوں، وہاں بھی تیرا ہاتھ میری قیادت کرے گا، وہاں بھی تیرا دہنا ہاتھ مجھے تھامے رکھے گا۔ اگر مَیں کہوں، ”تاریکی مجھے چھپا دے، اور میرے ارد گرد کی روشنی رات میں بدل جائے،“ توبھی کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ تیرے سامنے تاریکی بھی تاریک نہیں ہوتی، تیرے حضور رات دن کی طرح روشن ہوتی ہے بلکہ روشنی اور اندھیرا ایک جیسے ہوتے ہیں۔
زبور 7:139-12 کِتابِ مُقادّس (URD)
مَیں تیری رُوح سے بچ کر کہاں جاؤُں یا تیری حضُوری سے کِدھر بھاگُوں؟ اگر آسمان پر چڑھ جاؤُں تو تُو وہاں ہے۔ اگر مَیں پاتال میں بِستر بِچھاؤُں تو دیکھ! تُو وہاں بھی ہے۔ اگر مَیں صُبح کے پر لگا کر سمُندر کی اِنتہا میں جا بسُوں تو وہاں بھی تیرا ہاتھ میری راہنمائی کرے گا اور تیرا دہنا ہاتھ مُجھے سنبھالے گا۔ اگر مَیں کہُوں کہ یقِیناً تارِیکی مُجھے چِھپا لے گی اور میری چاروں طرف کا اُجالا رات بن جائے گا تو اندھیرا بھی تُجھ سے چِھپا نہیں سکتا۔ بلکہ رات بھی دِن کی مانِند رَوشن ہے۔ اندھیرا اور اُجالا دونوں یکساں ہیں۔