زبور 1:13-6
زبور 1:13-6 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
اَے یَاہوِہ، کب تک؟ کیا آپ ہمیشہ مُجھے بھُولے رہیں گے؟ آپ کب تک اَپنا چہرہ مُجھ سے چُھپائے رکھیں گے؟ میں کب تک اَپنے خیالات سے اُلجھتا رہُوں؟ اَور کب تک ہر روز اَپنے دِل میں غم کرتا رہُوں؟ کب تک میرا دُشمن مُجھ پر غالب رہے گا؟ اَے یَاہوِہ، میرے خُدا! میری طرف توجّہ فرمائیں اَور مُجھے جَواب دیں، میری آنکھیں رَوشن کر دیں، ورنہ میں موت کی نیند سو جاؤں گا، اَیسا نہ ہو کہ میرا دُشمن کہے، ”میں اُس پر غالب آ گیا،“ اَور جَب مَیں ڈگمگانے لگوں تو میرے بد خواہ خُوش ہُوں۔ لیکن مُجھے آپ کی لافانی مَحَبّت پر توکّل ہے، میرا دِل آپ کی نَجات سے مسرُور ہوتاہے۔ میں یَاہوِہ کے لیٔے نغمہ گاؤں گا، کیونکہ اُنہُوں نے مُجھ پر بہت اِحسَان کئے ہیں۔
زبور 1:13-6 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
داؤد کا زبور۔ موسیقی کے راہنما کے لئے۔ اے رب، کب تک؟ کیا تُو مجھے ابد تک بھولا رہے گا؟ تُو کب تک اپنا چہرہ مجھ سے چھپائے رکھے گا؟ میری جان کب تک پریشانیوں میں مبتلا رہے، میرا دل کب تک روز بہ روز دُکھ اُٹھاتا رہے؟ میرا دشمن کب تک مجھ پر غالب رہے گا؟ اے رب میرے خدا، مجھ پر نظر ڈال کر میری سن! میری آنکھوں کو روشن کر، ورنہ مَیں موت کی نیند سو جاؤں گا۔ تب میرا دشمن کہے گا، ”مَیں اُس پر غالب آ گیا ہوں!“ اور میرے مخالف شادیانہ بجائیں گے کہ مَیں ہل گیا ہوں۔ لیکن مَیں تیری شفقت پر بھروسا رکھتا ہوں، میرا دل تیری نجات دیکھ کر خوشی منائے گا۔ مَیں رب کی تمجید میں گیت گاؤں گا، کیونکہ اُس نے مجھ پر احسان کیا ہے۔
زبور 1:13-6 کِتابِ مُقادّس (URD)
اَے خُداوند کب تک؟ کیا تُو ہمیشہ مُجھے بُھولا رہے گا؟ تُو کب تک اپنا چہرہ مُجھ سے چِھپائے رکھّے گا؟ کب تک مَیں جی ہی جی میں منصُوبہ باندھتا رہُوں اور سارے دِن اپنے دِل میں غَم کِیا کرُوں؟ کب تک میرا دُشمن مُجھ پر سربُلند رہے گا؟ اَے خُداوند میرے خُدا! میری طرف توجُّہ کر اور مُجھے جواب دے۔ میری آنکھیں روشن کر۔ اَیسا نہ ہو کہ مُجھے مَوت کی نِیند آ جائے۔ اَیسا نہ ہو کہ میرا دُشمن کہے کہ مَیں اِس پر غالِب آ گیا۔ نہ ہو کہ جب مَیں جُنبِش کھاؤُں تو میرے مخالِف خُوش ہوں۔ لیکن مَیں نے تُو تیری رحمت پر توکُّل کِیا ہے۔ میرا دِل تیری نجات سے خُوش ہو گا۔ مَیں خُداوند کا گِیت گاؤُں گا کیونکہ اُس نے مُجھ پر اِحسان کِیا ہے۔