زبور 1:126-6
زبور 1:126-6 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
جَب یَاہوِہ اسیروں کو واپس صِیّونؔ لے آئے، تَب ہم اَیسے تھے گویا خواب دیکھ رہے ہیں۔ تَب ہمارا مُنہ ہنسی سے بھرا تھا، اَور ہماری زبان پر خُوشی کے نغمے تھے۔ تَب قوموں کے درمیان یہ کہا جانے لگا، ”یَاہوِہ نے اُن کے لیٔے بڑے بڑے کام کئے ہیں۔“ یَاہوِہ نے ہمارے لیٔے عظیم کام کئے ہیں، اَور ہم خُوشی سے پھُولے نہیں سماتے۔ اَے یَاہوِہ، نِیگیوؔ کی دریاؤں کی مانند، ہمیں بحال کر دیں۔ جو آنسُوؤں کے ساتھ بوتے ہیں وہ خُوشی کے نغموں کے ساتھ کاٹیں گے۔ جو بونے کے لیٔے بیج اُٹھاکر روتا ہُوا جاتا ہے، وہ پُولے اُٹھاکر ہنستا ہُوا واپس ہوگا۔
زبور 1:126-6 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
زیارت کا گیت۔ جب رب نے صیون کو بحال کیا تو ایسا لگ رہا تھا کہ ہم خواب دیکھ رہے ہیں۔ تب ہمارا منہ ہنسی خوشی سے بھر گیا، اور ہماری زبان شادمانی کے نعرے لگانے سے رُک نہ سکی۔ تب دیگر قوموں میں کہا گیا، ”رب نے اُن کے لئے زبردست کام کیا ہے۔“ رب نے واقعی ہمارے لئے زبردست کام کیا ہے۔ ہم کتنے خوش تھے، کتنے خوش! اے رب، ہمیں بحال کر۔ جس طرح موسمِ برسات میں دشتِ نجب کے خشک نالے پانی سے بھر جاتے ہیں اُسی طرح ہمیں بحال کر۔ جو آنسو بہا بہا کر بیج بوئیں وہ خوشی کے نعرے لگا کر فصل کاٹیں گے۔ وہ روتے ہوئے بیج بونے کے لئے نکلیں گے، لیکن جب فصل پک جائے تو خوشی کے نعرے لگا کر پُولے اُٹھائے اپنے گھر لوٹیں گے۔
زبور 1:126-6 کِتابِ مُقادّس (URD)
جب خُداوند صِیُّون کے اسِیروں کو واپس لایا تو ہم خواب دیکھنے والوں کی مانِند تھے۔ اُس وقت ہمارے مُنہ میں ہنسی اور ہماری زُبان پر راگنی تھی۔ تب قَوموں میں یہ چرچا ہونے لگا کہ خُداوند نے اِن کے لِئے بڑے بڑے کام کِئے ہیں۔ خُداوند نے ہمارے لِئے بڑے بڑے کام کِئے ہیں اور ہم شادمان ہیں۔ اَے خُداوند! جنُوب کی ندیوں کی طرح ہمارے اسِیروں کو واپس لا۔ جو آنسُوؤں کے ساتھ بوتے ہیں وہ خُوشی کے ساتھ کاٹیں گے۔ جو روتا ہُؤا بِیج بونے جاتا ہے وہ اپنے پُولے لِئے ہُوئے شادمان لَوٹے گا۔