زبور 1:11-7
زبور 1:11-7 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
میں یَاہوِہ میں پناہ لیتا ہُوں۔ پھر تُم مُجھ سے کیونکر کہتے ہو: ”چڑیا کی مانند اَپنے پہاڑ پر اُڑ جا۔ خبردار! کیونکہ بدکار لوگ اَپنی کمان کھینچتے ہیں؛ وہ اَپنے تیر کمان کی ڈوریوں پر رکھتے ہیں، تاکہ چھاؤں میں بیٹھے ہُوئے سیدھے لوگوں کے دِلوں پر تیر چلائیں۔ جَب بُنیادیں ہی ڈھا دی جایٔیں، تو راستباز کیا کر سَکتا ہے؟“ یَاہوِہ اَپنے مُقدّس ہیکل میں ہیں؛ اُن کا تخت آسمان پر نشین ہے۔ وہ بنی آدمؔ پر نگاہ رکھے ہُوئے ہیں؛ اَور اُن کی آنکھیں اُنہیں جانچتی ہیں۔ یَاہوِہ راستباز اَور بدکار دونوں کو پرکھتے ہیں، یَاہوِہ کی رُوح تشدّد پسندوں سے نفرت کرتی ہے۔ بدکار لوگوں پر وہ پھندے برسائیں گے، آگ کے اَنگارے اَور جلتی ہُوئی گندھک برسائیں گے؛ اَور اُن کے پیالہ کا حِصّہ جھُلسا دینے والی لُو ہوگی۔ کیونکہ یَاہوِہ راستباز ہیں؛ وہ عدل پسند کرتے ہیں؛ راستباز اُن کا دیدار حاصل کریں گے۔
زبور 1:11-7 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
داؤد کا زبور۔ موسیقی کے راہنما کے لئے۔ مَیں نے رب میں پناہ لی ہے۔ تو پھر تم کس طرح مجھ سے کہتے ہو، ”چل، پرندے کی طرح پھڑپھڑا کر پہاڑوں میں بھاگ جا“؟ کیونکہ دیکھو، بےدین کمان تان کر تیر کو تانت پر لگا چکے ہیں۔ اب وہ اندھیرے میں بیٹھ کر اِس انتظار میں ہیں کہ دل سے سیدھی راہ پر چلنے والوں پر چلائیں۔ راست باز کیا کرے؟ اُنہوں نے تو بنیاد کو ہی تباہ کر دیا ہے۔ لیکن رب اپنی مُقدّس سکونت گاہ میں ہے، رب کا تخت آسمان پر ہے۔ وہاں سے وہ دیکھتا ہے، وہاں سے اُس کی آنکھیں آدم زادوں کو پرکھتی ہیں۔ رب راست باز کو پرکھتا تو ہے، لیکن بےدین اور ظالم سے نفرت ہی کرتا ہے۔ بےدینوں پر وہ جلتے ہوئے کوئلے اور شعلہ زن گندھک برسا دے گا۔ جُھلسنے والی آندھی اُن کا حصہ ہو گی۔ کیونکہ رب راست ہے، اور اُسے انصاف پیارا ہے۔ صرف سیدھی راہ پر چلنے والے اُس کا چہرہ دیکھیں گے۔
زبور 1:11-7 کِتابِ مُقادّس (URD)
میرا توکُّل خُداوند پر ہے۔ تُم کیونکر میری جان سے کہتے ہو کہ چڑیا کی طرح اپنے پہاڑ پر اُڑ جا؟ کیونکہ دیکھو! شرِیر کمان کھینچتے ہیں۔ وہ تِیر کو چِلّے پر رکھتے ہیں تاکہ اندھیرے میں راست دِلوں پر چلائیں۔ اگر بُنیاد ہی اُکھاڑ دی جائے تو صادِق کیا کر سکتا ہے؟ خُداوند اپنی مُقدّس ہَیکل میں ہے۔ خُداوند کا تخت آسمان پر ہے۔ اُس کی آنکھیں بنی آدمؔ کو دیکھتی اور اُس کی پلکیں اُن کو جانچتی ہیں۔ خُداوند صادِق کو پرکھتا ہے پر شرِیر اور ظُلم دوست سے اُس کی رُوح کو نفرت ہے۔ وہ شرِیروں پر پھندے برسائے گا۔ آگ اور گندھک اور لُو اُن کے پِیالے کا حِصّہ ہو گا۔ کیونکہ خُداوند صادِق ہے۔ وہ صداقت کو پسند کرتا ہے۔ راست باز اُس کا دِیدار حاصِل کریں گے۔