زبور 1:107-9
زبور 1:107-9 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
یَاہوِہ کا شُکر بجا لاؤ کیونکہ وہ بھلےہیں؛ اَور اُس کی شفقت اَبد تک ہے۔ یَاہوِہ کے چھُڑائے ہُوئے یہی کہیں۔ جنہیں اُس نے فدیہ دے کر مُخالف کے ہاتھ سے چھُڑا لیا، جنہیں اُس نے مُختلف مُلکوں سے، مشرق اَور مغرب سے اَور شمال اَور جُنوب سے جمع کیا۔ بعض لوگ بیابانوں اَور صحراؤں میں مارے مارے پھرے، لیکن بسنے کے لیٔے کسی شہر کی راہ نہ پائی۔ وہ بھُوک پیاس کی وجہ سے، مرنے کے قریب تھے۔ تَب اَپنی مُصیبت میں اُنہُوں نے یَاہوِہ سے فریاد کی، اَور یَاہوِہ نے اُنہیں اُن کی تکلیفوں سے رِہائی بخشی۔ اُس نے اُنہیں سیدھی راہ پر ڈال دیا تاکہ وہ کسی شہر میں جا کر بس جایٔیں۔ کاش یَاہوِہ کی لافانی مَحَبّت کی خاطِر اَور بنی آدمؔ کے کئے ہُوئے عجِیب کارناموں کے باعث لوگ اُن کا شُکر بجا لائیں، کیونکہ وہ پیاسوں کی پیاس بُجھاتے ہیں، اَور اَچھّی چیزوں سے بھُوکوں کا پیٹ بھرتے ہیں۔
زبور 1:107-9 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
رب کا شکر کرو، کیونکہ وہ بھلا ہے، اور اُس کی شفقت ابدی ہے۔ رب کے نجات یافتہ جن کو اُس نے عوضانہ دے کر دشمن کے قبضے سے چھڑایا ہے سب یہ کہیں۔ اُس نے اُنہیں مشرق سے مغرب تک اور شمال سے جنوب تک دیگر ممالک سے اکٹھا کیا ہے۔ بعض ریگستان میں صحیح راستہ بھول کر ویران راستے پر مارے مارے پھرے، اور کہیں بھی آبادی نہ ملی۔ بھوک اور پیاس کے مارے اُن کی جان نڈھال ہو گئی۔ تب اُنہوں نے اپنی مصیبت میں رب کو پکارا، اور اُس نے اُنہیں اُن کی تمام پریشانیوں سے چھٹکارا دیا۔ اُس نے اُنہیں صحیح راہ پر لا کر ایسی آبادی تک پہنچایا جہاں رہ سکتے تھے۔ وہ رب کا شکر کریں کہ اُس نے اپنی شفقت اور اپنے معجزے انسان پر ظاہر کئے ہیں۔ کیونکہ وہ پیاسی جان کو آسودہ کرتا اور بھوکی جان کو کثرت کی اچھی چیزوں سے سیر کرتا ہے۔
زبور 1:107-9 کِتابِ مُقادّس (URD)
خُداوند کا شُکر کرو کیونکہ وہ بھلا ہے اور اُس کی شفقت ابدی ہے۔ خُداوند کے چُھڑائے ہُوئے یہی کہیں۔ جِن کو اُس نے فِدیہ دے کر مُخالِف کے ہاتھ سے چُھڑا لِیا اور اُن کو مُلک مُلک سے جمع کِیا۔ پُورب سے اور پچھم سے۔ اُتّر سے اور دکھِّن سے۔ وہ بیابان میں صحرا کے راستہ پر بھٹکتے پِھرے۔ اُن کو بسنے کے لِئے کوئی شہر نہ مِلا۔ وہ بُھوکے اور پیاسے تھے اور اُن کا دِل بَیٹھا جاتا تھا۔ تب اپنی مُصِیبت میں اُنہوں نے خُداوند سے فریاد کی اور اُس نے اُن کو اُن کے دُکھوں سے رہائی بخشی۔ وہ اُن کو سیدھی راہ سے لے گیا تاکہ بسنے کے لِئے کِسی شہر میں جا پُہنچیں۔ کاش کہ لوگ خُداوند کی شفقت کی خاطِر اور بنی آدمؔ کے لِئے اُس کے عجائِب کی خاطِر اُس کی سِتایش کرتے! کیونکہ وہ ترستی جان کو سیر کرتا ہے اور بُھوکی جان کو نِعمتوں سے مالا مال کرتا ہے۔