امثال 1:9-18

امثال 1:9-18 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

حِکمت نے اَپنا گھر بنا لیا؛ اُس نے اَپنے ساتوں سُتون تراش لیٔے ہیں۔ اُس نے اَپنا قُربانی کا گوشت پکا لیا اَور اَپنے جام میں شراب اُنڈیل لی ہے؛ اَور اَپنا دسترخوان بھی آراستہ کر لیا ہے۔ وہ اَپنی سہیلیوں کو اُس خبر کے ساتھ روانہ کر چُکی ہے اَور خُود بھی شہر کے بالا ترین مقام سے پُکار رہی ہے۔ ”جو کوئی سادہ دِل ہے وہ یہاں آ جائے!“ نادان لوگوں سے وہ یہ کہتی ہے: ”آؤ، میرے ساتھ کھانے میں شریک ہو جاؤ۔ اَور میرے تیّار کئے ہُوئے جامِ شراب میں سے شراب لے کر پیو۔ سادہ پن چھوڑ دو تاکہ زندہ رہو؛ اَور فہم کی راہ پر چلو۔“ جو کسی ٹھٹّھےباز کو سمجھانے کی کوشش کرتا ہے وہ ذِلّت کا مُنہ دیکھتا ہے؛ اَورجو بدکار کو تنبیہ کرتا ہے گالِیاں کھاتا ہے۔ ٹھٹّھےباز کو مت ڈانٹو، اَیسا نہ ہو وہ تُم سے نفرت کرنے لگے؛ لیکن دانشمند کو ڈانٹ تو وہ تُم سے مَحَبّت رکھےگا۔ اَور تُم سے تربّیت پا کر اَور بھی دانا ہو جائے گا؛ صادق کو تعلیم دو، تو اُس کے علم میں اِضافہ ہوگا۔ یَاہوِہ کا خوف حِکمت کی اِبتدا ہے، اَور اُس قُدُّوس خُدا کا عِرفان ہی دانش ہے۔ کیونکہ میری بدولت تمہارے ایّام بڑھ جایٔیں گے، اَور تمہاری زندگی کے بَرس زِیادہ ہو جایٔیں گے۔ اگر تُم دانشمند ہو تو تمہاری دانشمندی تمہارا اجر ہے؛ اَور اگر تُم دانش کا مذاق اُڑاتے ہو، تُم خُود ہی بھگتوگے۔ بےوقُوف عورت شور مچاتی ہے؛ وہ نادان ہے اَور کچھ نہیں جانتی۔ وہ اَپنے گھر کے دروازہ پر، اَور شہر کے کسی اُونچے مقام پر بیٹھ جاتی ہے، اَور اُن راہ گیروں کو، جو اَپنے اَپنے راستہ پر سیدھے چلے جا رہے ہیں، یہ کہہ کر پُکارتی ہے کہ ”جو کوئی سادہ دِل ہے، وہ یہاں آ جائے!“ نادان لوگوں سے وہ یہ کہتی ہے، ”چوری کا پانی میٹھا ہوتاہے؛ اَور پوشیدگی کی روٹی لذیذ ہوتی ہے!“ لیکن اَیسے جاہل لوگ شاید ہی جانتے ہیں کہ وہاں جانے والے دَم توڑ چُکے ہیں، اَور اُس عورت کے مہمان پاتال کی گہرائی میں پہُنچ چُکے ہیں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں امثال 9

امثال 1:9-18 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

حکمت نے اپنا گھر تعمیر کر کے اپنے لئے سات ستون تراش لئے ہیں۔ اپنے جانوروں کو ذبح کرنے اور اپنی مَے تیار کرنے کے بعد اُس نے اپنی میز بچھائی ہے۔ اب اُس نے اپنی نوکرانیوں کو بھیجا ہے، اور خود بھی لوگوں کو شہر کی بلندیوں سے ضیافت کرنے کی دعوت دیتی ہے، ”جو سادہ لوح ہے، وہ میرے پاس آئے۔“ ناسمجھ لوگوں سے وہ کہتی ہے، ”آؤ، میری روٹی کھاؤ، وہ مَے پیو جو مَیں نے تیار کر رکھی ہے۔ اپنی سادہ لوح راہوں سے باز آؤ تو جیتے رہو گے، سمجھ کی راہ پر چل پڑو۔“ جو لعن طعن کرنے والے کو تعلیم دے اُس کی اپنی رُسوائی ہو جائے گی، اور جو بےدین کو ڈانٹے اُسے نقصان پہنچے گا۔ لعن طعن کرنے والے کی ملامت نہ کر ورنہ وہ تجھ سے نفرت کرے گا۔ دانش مند کی ملامت کر تو وہ تجھ سے محبت کرے گا۔ دانش مند کو ہدایت دے تو اُس کی حکمت مزید بڑھے گی، راست باز کو تعلیم دے تو وہ اپنے علم میں اضافہ کرے گا۔ رب کا خوف ماننے سے ہی حکمت شروع ہوتی ہے، قدوس خدا کو جاننے سے ہی سمجھ حاصل ہوتی ہے۔ مجھ سے ہی تیری عمر کے دنوں اور سالوں میں اضافہ ہو گا۔ اگر تُو دانش مند ہو تو خود اِس سے فائدہ اُٹھائے گا، اگر لعن طعن کرنے والا ہو تو تجھے ہی اِس کا نقصان جھیلنا پڑے گا۔ حماقت بی بی بےلگام اور ناسمجھ ہے، وہ کچھ نہیں جانتی۔ اُس کا گھر شہر کی بلندی پر واقع ہے۔ دروازے کے پاس کرسی پر بیٹھی وہ گزرنے والوں کو جو سیدھی راہ پر چلتے ہیں اونچی آواز سے دعوت دیتی ہے، ”جو سادہ لوح ہے وہ میرے پاس آئے۔“ جو ناسمجھ ہیں اُن سے وہ کہتی ہے، ”چوری کا پانی میٹھا اور پوشیدگی میں کھائی گئی روٹی لذیذ ہوتی ہے۔“ لیکن اُنہیں معلوم نہیں کہ حماقت بی بی کے گھر میں صرف مُردوں کی روحیں بستی ہیں، کہ اُس کے مہمان پاتال کی گہرائیوں میں رہتے ہیں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں امثال 9

امثال 1:9-18 کِتابِ مُقادّس (URD)

حِکمت نے اپنا گھر بنا لِیا۔ اُس نے اپنے ساتوں سُتُون تراش لِئے ہیں۔ اُس نے اپنے جانوروں کو ذبح کر لِیا اور اپنی مَے مِلا کر تیّار کر لی۔ اُس نے اپنا دسترخوان بھی چُن لِیا۔ اُس نے اپنی سہیلیوں کو روانہ کِیا ہے۔ وہ خُود شہر کی اُونچی جگہوں پر پُکارتی ہے۔ جو سادہ دِل ہے اِدھر آ جائے۔ اور بے عقل سے وہ یہ کہتی ہے آؤ! میری روٹی میں سے کھاؤ اور میری مِلائی ہُوئی مَے میں سے پِیو۔ اَے سادہ دِلو! باز آؤ اور زِندہ رہو اور فہم کی راہ پر چلو۔ ٹھٹھّاباز کو تنبِیہ کرنے والا لَعن طعن اُٹھائے گا اور شرِیر کو ملامت کرنے والے پر دھبّا لگے گا۔ ٹھٹّھاباز کو ملامت نہ کر۔ نہ ہو کہ وہ تُجھ سے عداوت رکھنے لگے۔ دانا کو ملامت کر اور وہ تُجھ سے مُحبّت رکھّے گا۔ دانا کو تربِیّت کر اور وہ اَور بھی دانا بن جائے گا۔ صادِق کو سِکھا اور وہ عِلم میں ترقّی کرے گا۔ خُداوند کا خَوف حِکمت کا شرُوع ہے اور اُس قُدُّوس کی پہچان فہم ہے۔ کیونکہ میری بدَولت تیرے ایّام بڑھ جائیں گے اور تیری زِندگی کے سال زِیادہ ہوں گے۔ اگر تُو دانا ہے تو اپنے لِئے اور اگر تُو ٹھٹّھاباز ہے تو خُود ہی بُھگتے گا۔ احمق عَورت غَوغائی ہے۔ وہ نادان ہے اور کُچھ نہیں جانتی۔ وہ اپنے گھر کے دروازہ پر شہر کی اُونچی جگہوں میں بَیٹھ جاتی ہے تاکہ آنے جانے والوں کو بُلائے جو اپنے اپنے راستہ پر سِیدھے جا رہے ہیں۔ سادہ دِل اِدھر آ جائیں اور بے عقل سے وہ یہ کہتی ہے چوری کا پانی مِیٹھا ہے اور پوشِیدگی کی روٹی لذِیذ پر وہ نہیں جانتا کہ وہاں مُردے پڑے ہیں اور اُس عَورت کے مِہمان پاتال کی تہہ میں ہیں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں امثال 9