امثال 4:8-36

امثال 4:8-36 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

”اَے لوگو! میں تُمہیں پُکارتی ہُوں؛ مَیں تمام بنی آدمؔ کو آواز دیتی ہُوں۔ تُم جو سادہ دِل ہو، ہوشیاری سیکھو؛ تُم جو احمق ہو، دانائی حاصل کرو۔ سُنو، کیونکہ میرے پاس کہنے کو قابلِ اِعتماد باتیں ہیں؛ میں راستی کی بات کہنے کے لیٔے اَپنے لب کھولتی ہُوں۔ میرا مُنہ صِرف سچ کہتاہے، کیونکہ میرے لبوں کو بدی سے نفرت ہے۔ میرے مُنہ کی سَب باتیں صداقت ہیں؛ اُن میں سے ایک بھی ٹیڑھی ترچھی نہیں ہے۔ صاحبِ فہم کے لیٔے وہ سَب صحیح ہیں؛ اَور صاحبِ علم کے لیٔے وہ راست ہیں۔ چاندی کے عوض میری تربّیت اِختیار کر لو، اَور خالص سونے کی بجائے علم، کیونکہ حِکمت لعل سے زِیادہ بیش قیمتی ہے، تمہاری کسی بھی دِل پسند چیز کا اُس سے موازنہ نہیں کیا جا سَکتا۔ ”میں جو حِکمت ہُوں، میرا اَور ہوشیاری کا مَسکن ایک ہی ہے؛ میں علم اَور شعور رکھتی ہُوں۔ یَاہوِہ کا خوف ماَننا، بدی سے عداوت رکھناہے، مُجھے غُرور، شیخی، بُرے چال چلن اَور کجگو مُنہ سے نفرت ہے۔ مشورت اَور نصیحت میرے پاس ہیں؛ میں فہم اَور قُدرت کی مالک ہُوں۔ میری بدولت بادشاہ حُکومت کرتے ہیں اَور حُکمراں عادلانہ قوانین نافذ کرتے ہیں؛ میری بدولت اُمرا، اَور تمام حاکم جو زمین پر راستی سے حُکمرانی کرتے ہیں۔ جو مُجھ سے مَحَبّت رکھتے ہیں، میں اُن سے مَحَبّت رکھتی ہُوں، اَورجو مُجھے ڈھونڈتے ہیں، وہ مُجھے پا لیتے ہیں۔ دولت اَور عزّت میرے پاس ہے، بَلکہ پائدار سرمایہ اَور خُوشحالی بھی۔ میرا پھل خالص سونے سے بھی بہتر ہے؛ اَور میری پیداوار خالص چاندی سے افضل ہے۔ میں راستبازی کی راہ پر؛ اِنصاف کے راستوں کے ساتھ ساتھ چلتی ہُوں۔ اَورجو مُجھ سے مَحَبّت رکھتے میں اُن کو مالا مال کرتی اَور اُن کے خزانے بھر دیتی ہُوں۔ ”اَپنی قدیم صنعتیں قائِم کرنے سے پہلے، یَاہوِہ نے مُجھے اَپنی اَوّلین صنعت کے طور پر پیدا کیا؛ اَیسا اَزل ہی سے مُقرّر تھا، یعنی اِبتدا سے جَب کہ دُنیا وُجُود میں نہ آئی تھی۔ جَب سمُندر بھی نہ تھے، اَور نہ پانی سے بھرے ہُوئے چشمے تھے؛ مُجھے پیدا کیا گیا۔ اِس سے قبل کہ پہاڑ اَور ٹیلے اَپنی اَپنی جگہ پر قائِم کئے جاتے، مُجھے پیدا کیا گیا، بَلکہ اِس سے بھی قبل کہ خُدا زمین کو یا اُس کے میدانوں کو بناتا یا زمین کی خاک کو وُجُود میں لاتا۔ جَب خُدا نے آسمان کو قائِم کیا، تَب میں وہیں تھی، جَب اُنہُوں نے گہراؤ کی سطح پر اُفق کا دائرہ کھینچا، جَب اُنہُوں نے اُوپر بادل بنائے اَور گہراؤ میں مضبُوطی سے چشمے قائِم کئے، جَب اُنہُوں نے سمُندر کی حدیں باندھیں تاکہ پانی حُکم سے باہر نہ جائے، اَور جَب اُنہُوں نے زمین کی بُنیادوں کے نِشان لگائے۔ تَب میں ہی ماہر کاریگر کے طور پر خُدا کے پاس تھی، میری خُوشی میں روز بروز اِضافہ ہوتا تھا، اَور مَیں اُن کی حُضُوری میں ہمیشہ شادمان رہتی تھی، مَیں اُن کی ساری دُنیا سے خُوش تھی اَور بنی آدمؔ کی صحبت میں مُجھے خُوشی ملتی تھی۔ ”اِس لیٔے اَب اَے میرے بیٹو، میری سُنو؛ مُبارک ہیں وہ جو میری راہوں پر چلتے ہیں۔ میری ہدایت کو سُنو اَور دانشمند بنو، اُسے نظرانداز نہ کرو۔ مُبارک ہے وہ آدمی جو میری سُنتا ہے، اَور ہر روز میرے پھاٹکوں پر ہوشیار کھڑا رہتاہے، اَور میرے دروازہ پر میرا اِنتظار کرتا ہے۔ کیونکہ جو مُجھے پاتاہے، زندگی پاتاہے اَور اُس پر یَاہوِہ کی نظرِ عنایت ہوتی ہے۔ لیکن جو مُجھے نہیں پاتا، وہ اَپنا ہی نُقصان کرتا ہے؛ اَورجو مُجھ سے عداوت رکھتے ہیں، وہ سَب موت سے مَحَبّت رکھتے ہیں۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں امثال 8

امثال 4:8-36 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

”اے مردو، مَیں تم ہی کو پکارتی ہوں، تمام انسانوں کو آواز دیتی ہوں۔ اے سادہ لوحو، ہوشیاری سیکھ لو! اے احمقو، سمجھ اپنا لو! سنو، کیونکہ مَیں شرافت کی باتیں کرتی ہوں، اور میرے ہونٹ سچائی پیش کرتے ہیں۔ میرا منہ سچ بولتا ہے، کیونکہ میرے ہونٹ بےدینی سے گھن کھاتے ہیں۔ جو بھی بات میرے منہ سے نکلے وہ راست ہے، ایک بھی پیچ دار یا ٹیڑھی نہیں ہے۔ سمجھ دار جانتا ہے کہ میری باتیں سب درست ہیں، علم رکھنے والے کو معلوم ہے کہ وہ صحیح ہیں۔ چاندی کی جگہ میری تربیت اور خالص سونے کے بجائے علم و عرفان اپنا لو۔ کیونکہ حکمت موتیوں سے کہیں بہتر ہے، کوئی بھی خزانہ اُس کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔ مَیں جو حکمت ہوں ہوشیاری کے ساتھ بستی ہوں، اور مَیں تمیز کا علم رکھتی ہوں۔ جو رب کا خوف مانتا ہے وہ بُرائی سے نفرت کرتا ہے۔ مجھے غرور، تکبر، غلط چال چلن اور ٹیڑھی باتوں سے نفرت ہے۔ میرے پاس اچھا مشورہ اور کامیابی ہے۔ میرا دوسرا نام سمجھ ہے، اور مجھے قوت حاصل ہے۔ میرے وسیلے سے بادشاہ سلطنت اور حکمران راست فیصلے کرتے ہیں۔ میرے ذریعے رئیس اور شرفا بلکہ تمام عادل منصف حکومت کرتے ہیں۔ جو مجھے پیار کرتے ہیں اُنہیں مَیں پیار کرتی ہوں، اور جو مجھے ڈھونڈتے ہیں وہ مجھے پا لیتے ہیں۔ میرے پاس عزت و دولت، شاندار مال اور راستی ہے۔ میرا پھل سونے بلکہ خالص سونے سے کہیں بہتر ہے، میری پیداوار خالص چاندی پر سبقت رکھتی ہے۔ مَیں راستی کی راہ پر ہی چلتی ہوں، وہیں جہاں انصاف ہے۔ جو مجھ سے محبت رکھتے ہیں اُنہیں مَیں میراث میں دولت مہیا کرتی ہوں۔ اُن کے گودام بھرے رہتے ہیں۔ جب رب تخلیق کا سلسلہ عمل میں لایا تو پہلے اُس نے مجھے ہی بنایا۔ قدیم زمانے میں مَیں اُس کے دیگر کاموں سے پہلے ہی وجود میں آئی۔ مجھے ازل سے مقرر کیا گیا، ابتدا ہی سے جب دنیا ابھی پیدا نہیں ہوئی تھی۔ نہ سمندر کی گہرائیاں، نہ کثرت سے پھوٹنے والے چشمے تھے جب مَیں نے جنم لیا۔ نہ پہاڑ اپنی اپنی جگہ پر قائم ہوئے تھے، نہ پہاڑیاں تھیں جب مَیں پیدا ہوئی۔ اُس وقت اللہ نے نہ زمین، نہ اُس کے میدان، اور نہ دنیا کے پہلے ڈھیلے بنائے تھے۔ جب اُس نے آسمان کو اُس کی جگہ پر لگایا اور سمندر کی گہرائیوں پر زمین کا علاقہ مقرر کیا تو مَیں ساتھ تھی۔ جب اُس نے آسمان پر بادلوں اور گہرائیوں میں سرچشموں کا انتظام مضبوط کیا تو مَیں ساتھ تھی۔ جب اُس نے سمندر کی حدیں مقرر کیں اور حکم دیا کہ پانی اُن سے تجاوز نہ کرے، جب اُس نے زمین کی بنیادیں اپنی اپنی جگہ پر رکھیں تو مَیں ماہر کاری گر کی حیثیت سے اُس کے ساتھ تھی۔ روز بہ روز مَیں لطف کا باعث تھی، ہر وقت اُس کے حضور رنگ رلیاں مناتی رہی۔ مَیں اُس کی زمین کی سطح پر رنگ رلیاں مناتی اور انسان سے لطف اندوز ہوتی رہی۔ چنانچہ میرے بیٹو، میری سنو، کیونکہ مبارک ہیں وہ جو میری راہوں پر چلتے ہیں۔ میری تربیت مان کر دانش مند بن جاؤ، اُسے نظرانداز مت کرنا۔ مبارک ہے وہ جو میری سنے، جو روز بہ روز میرے دروازے پر چوکس کھڑا رہے، روزانہ میری چوکھٹ پر حاضر رہے۔ کیونکہ جو مجھے پائے وہ زندگی اور رب کی منظوری پاتا ہے۔ لیکن جو مجھے پانے سے قاصر رہے وہ اپنی جان پر ظلم کرتا ہے، جو بھی مجھ سے نفرت کرے اُسے موت پیاری ہے۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں امثال 8

امثال 4:8-36 کِتابِ مُقادّس (URD)

اَے آدمِیو! مَیں تُم کو پُکارتی ہُوں اور بنی آدمؔ کو آواز دیتی ہُوں۔ اَے سادہ دِلو! ہوشیاری سِیکھو اور اَے احمقو! دانا دِل بنو۔ سُنو! کیونکہ مَیں لطِیف باتیں کہُوں گی اور میرے لبوں سے راستی کی باتیں نِکلیں گی۔ اِس لِئے کہ میرا مُنہ سچّائی کو بیان کرے گا اور میرے ہونٹوں کو شرارت سے نفرت ہے۔ میرے مُنہ کی سب باتیں صداقت کی ہیں۔ اُن میں کُچھ ٹیڑھا تِرچھا نہیں ہے۔ سمجھنے والے کے لِئے وہ سب صاف ہیں اور عِلم حاصِل کرنے والوں کے لِئے راست ہیں۔ چاندی کو نہیں بلکہ میری تربِیّت کو قبُول کرو اور کُندن سے بڑھ کر عِلم کو۔ کیونکہ حِکمت مرجان سے افضل ہے اور سب مرغُوب چِیزوں میں بے نظِیر۔ مُجھ حِکمت نے ہوشیاری کو اپنا مسکن بنایا ہے اور عِلم اور تمِیز کو پا لیتی ہُوں۔ خُداوند کا خَوف بدی سے عداوت ہے۔ غرُور اور گھمنڈ اور بُری راہ اور کج گو مُنہ سے مُجھے نفرت ہے۔ مشوَرت اور حِمایت میری ہیں۔ فہم مَیں ہی ہُوں۔ مُجھ میں قُدرت ہے۔ میری بدَولت بادشاہ سلطنت کرتے اور اُمرا اِنصاف کا فتویٰ دیتے ہیں۔ میری ہی بدَولت حاکِم حُکُومت کرتے ہیں اور سردار یعنی دُنیا کے سب قاضی بھی۔ جو مُجھ سے مُحبّت رکھتے ہیں مَیں اُن سے مُحبّت رکھتی ہُوں اور جو مُجھے دِل سے ڈُھونڈتے ہیں وہ مُجھے پا لیں گے۔ دَولت و عِزّت میرے ساتھ ہیں۔ بلکہ دائمِی دَولت اور صداقت بھی۔ میرا پَھل سونے سے بلکہ کُندن سے بھی بِہتر ہے اور میرا حاصِل خالِص چاندی سے۔ مَیں صداقت کی راہ پر اِنصاف کے راستوں میں چلتی ہُوں۔ تاکہ مَیں اُن کو جو مُجھ سے مُحبّت رکھتے ہیں مال کے وارِث بناؤُں اور اُن کے خزانوں کو بھر دُوں۔ خُداوند نے اِنتظامِ عالَم کے شرُوع میں اپنی قدِیمی صنعتوں سے پہلے مُجھے پَیدا کِیا۔ مَیں ازل سے یعنی اِبتدا ہی سے مُقرّر ہُوئی۔ اِس سے پہلے کہ زمِین تھی۔ مَیں اُس وقت پَیدا ہُوئی جب گہراؤ نہ تھے۔ جب پانی سے بھرے ہُوئے چشمے بھی نہ تھے۔ مَیں پہاڑوں کے قائِم کِئے جانے سے پہلے اور ٹِیلوں سے پہلے خلق ہُوئی۔ جب کہ اُس نے ابھی نہ زمِین کو بنایا تھا نہ مَیدانوں کو اور نہ زمِین کی خاک کی اِبتدا تھی۔ جب اُس نے آسمان کو قائِم کِیا مَیں وہِیں تھی۔ جب اُس نے سمُندر کی سطح پر دائِرہ کھینچا۔ جب اُس نے اُوپر افلاک کو اُستوار کِیا اور گہراؤ کے سوتے مضبُوط ہو گئے۔ جب اُس نے سمُندر کی حد ٹھہرائی تاکہ پانی اُس کے حُکم کو نہ توڑے۔ جب اُس نے زمِین کی بُنیاد کے نِشان لگائے اُس وقت ماہِر کارِیگر کی مانِند مَیں اُس کے پاس تھی اور مَیں ہر روز اُس کی خُوشنُودی تھی اور ہمیشہ اُس کے حضُور شادمان رہتی تھی۔ آبادی کے لائِق زمِین سے شادمان تھی اور میری خُوشنُودی بنی آدمؔ کی صُحبت میں تھی۔ اِس لِئے اَے بیٹو! میری سنُو کیونکہ مُبارک ہیں وہ جو میری راہوں پر چلتے ہیں۔ تربِیّت کی بات سُنو اور دانا بنو اور اِس کو ردّ نہ کرو۔ مُبارک ہے وہ آدمی جو میری سُنتا ہے اور ہر روز میرے پھاٹکوں پر اِنتظار کرتا ہے اور میرے دروازوں کی چَوکھٹوں پر ٹھہرا رہتا ہے۔ کیونکہ جو مُجھ کو پاتا ہے زِندگی پاتا ہے اور وہ خُداوند کا مقبُول ہو گا۔ لیکن جو مُجھ سے بھٹک جاتا ہے اپنی ہی جان کو نُقصان پُہنچاتا ہے۔ مُجھ سے عداوت رکھنے والے سب مَوت سے مُحبّت رکھتے ہیں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں امثال 8